افغانستان: دو برطانوی فوجی ہلاک

افغانستان میں برطانوی فوجی
،تصویر کا کیپشنسنہ 2001 سے اب تک افغانستان میں تین سو چوبیس برطانوی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں

افغانستان میں دو برطانوی فوجی اپنے ’ایک ساتھی کو بچاتے ہوئے‘ گولیاں لگنے کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

برطانوی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ فوجی ضلع ہیلمند کے علاقے لشکر گاہ میں بدھ کے روز ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہلاکتیں اس وقت ہوئی جب یہ فوجی اپنے ایک زخمی ساتھی کی جان بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔

افغانستان میں سنہ 2001 میں فوجی آپریشن شروع ہوا تھا اور تب سے لے کر اب تک وہاں 324 برطانوی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس برس اب تک جو فوجی ہلاک ہوئے ہیں ان کی تعداد دوہزار نو میں اتنے وقت میں ہونے والی ہلاکتوں سے دوگنی ہے۔

فوج کے ترجمان لیفٹینٹ کرنل جیمس کار سمتھ نے بتایا کہ ’یہ فوجی ایک ڈیوٹی پر حسب معمول فوجیوں کی تبدیلی کے وقت انہیں سیکورٹی فراہم کررہے تھے کہ تبھی ان پر حملہ ہوا۔‘

یہ ہلاکتیں ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب برطانیہ کے وزیر اعظم نے امریکہ کے اس موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ برس سے افغانستان سے برطانوی فوجیوں کا انخلاء ممکن ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ 2014 تک وہاں سے فوج کا انخلاء ہوجائے گا۔

لیکن انہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ فوج کا انخلاء اس بات پر منحصر ہوگا کہ اس وقت افغانستان میں زمینی حقائق کیا ہیں۔