اردن: کابینہ تحلیل،نئے وزیر اعظم کا تقرر

اردن کے حکمران شاہ عبداللہ نے وزیراعظم کو برطرف اور کابینہ کو تحلیل کر دیا ہے۔
شاہ عبداللہ نے وزیر اعظم سمیر رفاعی کو برطرف کرکے نئے وزیر اعظم معروف بخت کا تقرر کیا ہے۔
شاھ عبداللہ نے نئے وزیر اعظم کو سیاسی اصلاحات لانے کے فرائض سونپے ہیں۔
اردن کے حکمران نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب پچھلے ماہ اردن میں غربت، بے روز گاری اور سیاسی آزادی کی کمی کے خلاف مظاہرے کیے گئے تھے۔
اردن کے دارالحکومت عمان میں ہزاروں افراد نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف مظاہرے کیے اور حکومت سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔
پانچ ہزار افراد نے دارالحکومت عمان اور ملک کے دوسرے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے اور حکومت کی معاشی پالیسیوں پر غم ہو غصے کا اظہار کیا۔
اردن کی حکومت نے ملک میں اشیائے خورد نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے ایک سو پچیس ملین ڈالر کے ایک پیکج کا بھی اعلان کیا تھا لیکن حزب مخالف نے حکومتی اعلان ناکافی قرار دیا۔
مظاہرین میں دائیں بائیں کے سیاستدان، مذہبی گروہ اور ٹریڈ یونین کے ممبران شامل تھے۔ عمان میں مظاہرین نعرے بلند کر رہے تھے کہ ملک میں ’بہت جلد تبدیلی آنے والی ہے‘۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سیاسی اصلاحات لانے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا ہے جب مصر میں حکومت مخالف مظاہروں کا آٹھواں روز ہے اور مظاہرین دارالحکومت قاہرہ میں احتجاج کر رہے ہیں۔





















