ڈرون حملوں کا خفیہ اڈہ بنانے کی تیاریاں

امریکہ کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے یمن میں القاعدہ کے مشتبہ افراد کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون حملے کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ سی آئی اے ڈرون امریکہ فوج کے بغیر پائلٹ طیاروں کے ساتھ شامل کیے جائیں گے۔
یمن میں حالیہ بدامنی کی وجہ سے امریکی فوج کے پاس بغیر پائلٹ والے طیاروں کو دائرہ کار محدود ہو گیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سی آئی اے یمن کے قریب خطے میں ایک خفیہ اڈہ تعمیر کر رہی ہے تاکہ ڈرون طیاروں کی پروازوں کو ممکن بنایا جا سکے۔
خبررساں ادارے کے مطابق امریکی حکومت یمن میں سیاسی تبدیلی کے بعد امریکہ کو حاصل تعاون میں کمی کے امکان کے پیش نظر نئی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں امریکہ نے افغانستان اور عراق میں جاری کارروائیوں کے علاوہ خاموشی سے یمن میں القاعدہ کے خلاف تیسرا محاذ بھی کھول لیا ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سابق اعلیٰ حکام کے حوالے سے کہا تھا کہ سی آئی اے نے ایک سال قبل بہت سے چوٹی کے خفیہ اہلکاروں کو جنہیں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے یمن بھیجا تھا۔

















