’سانپ کو کاٹنے پر ایک شخص گرفتار‘

مادہ سانپ کی جانوروں کے طبی مرکز میں سرجری کی گئی اور اس کی متعدد پسلیاں ضائع ہو گئی ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنمادہ سانپ کی جانوروں کے طبی مرکز میں سرجری کی گئی اور اس کی متعدد پسلیاں ضائع ہو گئی ہیں

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پولیس حکام کے مطابق ایک شخص پر پالتو سانپ کو دو بار کاٹنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ایک مادہ پالتو سانپ پتھن بری طرح زخمی ہو گیا ہے۔

جمعرات کو کیلیفورنیا کے جنوبی حصے میں پولیس کو بلایا گیا تو اسے امید تھی کہ وہاں کسی حملے کی کارروائی سے نمٹنا ہو گا۔

تاہم پولیس جب پہنچی تو چون سالہ ڈیوڈ سینک سڑک پر لیٹا ہوا تھا اور ایک عینی شاید نے اس پر الزام لگایا کہ اس نے پالتو سانپ کو دو بار کاٹا ہے۔

شہر میں جانوروں کے طبی مرکز میں مادہ سانپ کی ہنگامی سرجری کی گئی ہے اور اب اس کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔

طبی مرکز کی مینیجر کے مطابق کاٹنے کے واقعے میں سانپ کی چند پسلیاں ضائع ہو گئی ہیں۔

مینیجر کا کہنا ہے کہ’مادہ سانپ کی رات کو سرجری کے بعد جان بچا لی گئی اور اب اس کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔‘

ڈیوڈ سینک کو جانوروں کو غیر قانونی طور پر کاٹنے یا ان کے جسم کے کسی حصے کو نقصان پہنچانے کے الزام کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈیوڈ سینک نے جیل میں مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ شراب نوشی کے عادی ہیں اور انھیں اس واقعے کے بارے میں کچھ یاد نہیں ہے۔

’میں نے کیا کیا؟ اگر آپ کو سانپ کا مالک ملے تو میری طرف سے افسوس کا اظہار کیجیےگا اور میں سانپ کے علاج پر اٹھنے والے اخراجات ادا کرنے پر بھی تیار ہوں۔ابھی تک سانپ کا مالک منظرعام پر نہیں آیا ہے۔