امریکہ کے سب سے چھوٹے قصبے کی نیلامی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
امریکہ کا سب سے چھوٹا قصبہ ویتنام کے ایک شخص کو نیلامی میں نو لاکھ امریکی ڈالر میں بیچ دیا گیا ہے۔
امریکی ریاست وائومِنگ کے بفرڈ نامی اس قصبے کی آبادی صرف ایک شخص پر مشتمل ہے۔
ڈان سیمنز واحد شخص ہیں جو اس قصبے میں رہتے ہیں سو انہیں امریکی حکومت نے میئر کے اعزازی عہدے سے بھی نواز رکھا ہے۔
تاہم اب ڈان میئر کا کہنا ہے کہ وہ اس عہدے کو چھوڑ کر امریکہ کی ریاست کولراڈو میں اپنے بیٹے کے پاس جا رہے ہیں۔
اگرچہ اس قصبے کے خریدار کا نام تو نہیں بتایا گیا لیکن کہا گیا ہے کہ نئے خریدار کو ایک تین کمرے کا گھر، ایک سکول، پٹرول سٹیشن اور تھوڑی سی زمین ملی ہے۔
ساٹھ سالہ ڈان سیمنز اس قصبے میں سنہ انیس سو اسی سے مقیم ہیں اور گزستہ سال ان کے بیٹے کے بفرڈ چھوڑنے کے بعد وہ اس قصبے کے واحد رہائشی بن گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا ’میں ایک ساتھ خوش اور اداس ہوں۔ لیکن میں اداس ہونے سے زیادہ خوش ہوں کیونکہ میں ہمیشہ سے یہی چاہتا تھا۔‘
انہوں نے کہا ’اب میں اپنی زندگی کا ایک نیا باب شروع کر سکتا ہوں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس نیلامی میں پچیس افراد نے حصہ لیا تھا اور ڈان سیمنز کے بقول جیتنے والے شخص کا مقابلہ جن افراد کے ساتھ تھا ان میں سے چند نے اس قصبے سے بہت دور ہونے کے باعث اپنی بولیاں ٹیلی فون کے ذریعے دیں۔







