جین فونڈا کی براڈ وے پر واپسی

آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی وڈ اداکارہ چھیالیس سال بعد نیو یارک کے براڈ وے پر ہونے والی کسی سٹیج ڈرامے میں حصہ لے رہی ہیں۔
اکہتر سالہ اداکارہ موئزیز کوفمین کے لکھے ہوئے ڈرامے’ 33 ویریشنز‘ میں ایک ایسی قریب المرگ محقق کا کردار ادا کررہی ہیں جو موسیقار بِیتھوون کی دھنوں پر تحقیق کر رہی ہیں۔ اس ڈرامے کی ہدایات بھی کوفمین نے ہی دی ہیں۔
ڈرامے کے افتتاحی شو میں جب جین فونڈا سٹیج پرنمودار ہوئیں تو رینے زیلویگر، ڈولی پارٹن، جیفری رش اور روزی اوڈونل سمیت وہاں موجود ان کے مداحوں نے کھڑے ہو کر ان کو داد دی۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے جین فونڈا کی ’شاندار‘ پرفارمنس کی تعریف کی۔
اس ڈرامے میں جین فونڈا کے ساتھ دیگر اداکاروں میں سمانتھا ماتھیز اور ہالی وڈ اداکار ٹام ہینکس کے صاحبزادے کولن ہینکس شامل ہیں اور اسے براڈ وے کے یوجین اونیل تھیٹر میں پیش کیا جا رہا ہے۔
ڈرامے میں جین فونڈا یونیورسٹی مائیکرو بیالوجسٹ کیتھرین کا کردار ادا کر رہی ہیں جو میوزک کی اس گتھی کو سلجھانے کی کوشش کر رہی ہیں جو موسیقار بیتھوون کے آخری دور سے متعلق ہے۔
جین فونڈا نے اپنے براڈ وے کیریئر کا آغاز سن انیس سو ساٹھ میں ڈرامے ’دیئر واز اے لِٹل گرل‘ سے کیا تھا اور انہیں اس کردار کے لیے بیسٹ فیچرڈ ایکٹریس کی کیٹیگری میں ٹونی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
انہوں نے سن انیس سو تریسٹھ میں ڈرامہ ’سٹرینج انٹرلیوڈ‘ میں براڈ وے پر آخری مرتبہ اداکاری کے جوہر دکھائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جین فونڈا نے ’کلُوٹ‘ اور ’کمنگ ہوم‘ میں اداکاری کے لیے آسکر ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ فلم ’باربریلا‘ میں ان کی اداکاری کو بہت سراہا گیا تھا۔





















