مائیکل جیکسن کے سب شو ’ہاؤس فل‘

منتظمین کے مطابق رواں برس لندن کے O2 ایرینا میں ہونے والے مائیکل جیکسن کے پچاس میوزک کانسرٹس کے تمام ساڑھے سات لاکھ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔
عام شائقین کے لیے ٹکٹوں کی فروخت جمعہ کی صبح شروع ہوئی تھی اور اس فروخت کے آغاز سے قبل ہی تین لاکھ ساٹھ ہزار رجسٹرڈ شائقین پہلے ہی یہ ٹکٹ خرید چکے تھے۔
ٹکٹوں کی آس میں جہاں سینکڑوں افراد نے رات او ٹو ایرینا میں ٹکٹ کے لیے لگائی گئی قطار میں گزاری وہاں قریباً ڈھائی لاکھ افراد آن لائن قطار میں موجود رہے۔ ٹکٹ خریدنے والے افراد میں پورے برطانیہ کے علاوہ جاپان، بیلجیئم اور دبئی جیسے مقامات سے آنے والے افراد بھی شامل تھے۔
تیرہ گریمی ایوارڈ جیتنے والے امریکی پاپ گلوکار مائیکل جیکسن نے اعلان کیا ہے کہ یہ ان کی لندن میں آخری پرفارمنس ہو گی اور اس اعلان کے بعد مائیکل جیکسن کو لندن میں آخری بار سٹیج پر دیکھنے کے لیے ساڑھے سات لاکھ افراد نے ٹکٹ خریدے ہیں۔
شو منتظمین کے مطابق ٹکٹ فروخت ہونے کی رفتار گیارہ ٹکٹ فی سیکنڈ رہی اور سٹیج شو کی تاریخ میں آج تک اتنی جلدی کسی شو کے ٹکٹ نہیں بکے۔
جیکسن کے شوز کا انتظام کرنے والی کمپنی کے عہدیدار رینڈی فلپس نے بی بی سی ریڈیو ون کو بتایا کہ شائقین کی’پری رجسٹریشن سکیم‘ اتنی کامیاب رہی کہ انہوں نے خود مائیکل جیکسن کو مزید شو کرنے کے لیے کہا۔ فلپس کا کہنا تھا کہ ’ ہمیں اتنی مقبولیت کا اندازہ نہیں تھا۔ ہم نے کبھی پچاس شوز کے بارے میں نہیں سوچا تھا اور اگر آن لائن خریداروں کور تین لاکھ رجسرڈ شائقین کود یکھا جائے توہم یہاں دو برس تک شو کر سکتے ہیں‘۔
ادھر باقاعدہ فروخت مکمل ہوتے ہی خریداری میں ناکام رہنے والے شائقین نے ٹکٹوں کے لیے آن لائن سائٹ ای بے کا رخ کرلیا ہے جہاں پچھہتر پاؤنڈ مالیت کا ٹکٹ ایک سو ستّر سے دس ہزار پاؤنڈ کی قیمت تک میں دستیاب ہے۔
















