بالی وڈ فلم کا ہالی وڈ سکرپٹ

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
شاہ رخ خان نے اپنی ہوم پروڈکشن فلم کے لیے اب ہالی وڈ سکرپٹ رائٹر ڈیوڈ بینیلو کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ شاہ رخ ریڈ چلی کے بینر تلے Ra.1 نامی فلم بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس میں بہت سے سپیشل افیکٹ ہیں اور اس لیے خان چاہتے ہیں کہ ان کی فلم کا سکرپٹ بہترین ہو۔ خان کو بھی شاید اس بات کا اندازہ ہو گیا ہے کہ بالی وڈ میں اچھے سکرپٹ رائٹرز نہیں ہیں۔ ہمیں تو لگتا ہے کہ سلم ڈاگ ملینیئر کی کامیابی کے بعد اب بالی وڈ فلمسازوں نے یہ سوچ لیا ہے کہ اگر ان کی فلم کا سکرپٹ سلم ڈاگ کی طرح بہترین ہو گا تو فلم اتنی ہی کامیاب ہو سکتی ہے۔۔۔شاید یہی وجہ ہو! آپ کو کیا لگتا ہے؟
بالی وڈ کی نقل
ہالی وڈ بالی وڈ فلم کی نقل کرے گا۔۔۔۔۔نہیں یہ کیسے ہو سکتا ہے۔ ہالی وڈ فلمساز نقل نہیں کرتے بلکہ اگر انہیں کوئی فلم پسند آجاتی ہے تو وہ اسے بنانے کے لیے اس فلم کے حقوق خریدتے ہیں۔ ہالی وڈ فلمسازوں کو حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم 13 B سسپنس فلم اتنی پسند آئی کہ انہوں نے اس فلم کو اپنے طور پر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہے ناں خوشی کی بات کہ کم سے کم ایک بالی وڈ فلم تو ایسی ہے جس کی نقل ہالی وڈ فلساز کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن رکیے۔۔۔۔ہالی وڈ فلم ' وینسٹین کمپنی' کو فلم پسند آئی ہے لیکن اس کے باجود وہ اس فلم کا سکرپٹ پڑھنا چاہتے ہیں تاکہ فلم کو اپنے طور پر اپنے سانچے میں ڈھال سکیں۔۔۔ ریلائنس بگ پکچرز کی اس فلم کی ہدایت وکرم کمار نے دی تھی وہ خود کو آج ساتویں آسمان پر محسوس کر رہے ہیں۔
قطرینہ کی تقریر

قطرینہ کیف آج کل ایک منجھے ہوئے سیاسی رہنما کی طرح تقریریں کر رہی ہیں۔۔۔نا ! نا! وہ کسی سیاسی ریلی میں شریک نہیں تھیں بلکہ اب وہ اپنی فلم ' راج نیتی' کے لیے ہندی بولنے کی مشق کر رہی ہیں اور اب وہ ایک مشاق اور منجھے ہوئے سیاسی رہنما کی طرح تقریر کرتی ہیں اور اس سے ان کے ساتھی اداکار اور ہدایت کار بہت حیران ہیں۔ خبریں ہیں کہ قطرینہ کی مدد شاید ان کے قریبی دوست سلمان خان نے کی لیکن بے بی ہمیں نہیں لگتا کہ یہ خبریں سچ ہوں گی کیونکہ آپ کے ساتھ دوستی کے بعد سے تو سلمان خان نے آپ کا لب و لہجہ سیکھ لیا تھا۔ ہمیں لگتا ہے یہ سلمان کے والد سلیم اختر اور خاندان کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔
سنسر کی قینچی
سنسر بورڈ نے دیپا مہتہ اور پریتی زنٹا کی فلم ' ودیش' کے پچاس فیصد مناظر پر قینچی چلانے کا حکم دیا ہے۔ فلم نمائش کے لیے پیش ہونے والی ہے۔ فلم میں دراصل گھریلو تشدد کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ اور فلم کی ہیروئین پریتی اس تشدد کا شکار ہوتی ہے۔ فلم میں پریتی کی اداکاری اتنی لاجواب تھی کہ انہیں چوالیسویں شکاگو انٹرنیشل فلم فیسٹیول میں بہترین اداکارہ کے سلور ہیگو ایوارڈ سے نوازا گیا لیکن ہندستان میں سینسر بورڈ اسے منظور کرنے کے لیے تیار ہی نہیں ہیں۔ ٹھیک ہی ہے جس طرح فلم سلم ڈاگ پر تنقید ہوئی اسی طرح گھریلو تشدد پر بنی فلم پر ہو رہی ہے۔ دراصل ہم سچائی کا سامنا کرنا ہی نہیں چاہتے اور اس سے نظریں چراتے رہتے ہیں۔
امرسنگھ نئے وزیر داخلہ
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

یہ خبر اتنی ہی حیرت انگیز ہمارے لیے تھی جتنی آپ کے لیے۔ لیکن کیا ہوا اس میں ایک حقیقت تو ہے کہ امر سنگھ سدا بہار ہیرو اور فلمساز دیو آنند کی فلم ' چارج شیٹ ' میں ایک ایسے لیڈر کا کردار نبھائیں گے جس کے پاس وزارت داخلہ کا قلمدان ہے۔ ویسے ایک بات تو ماننی ہو گی کہ فلم ایسا ذریعہ ہے جہاں آپ کی وہ تمام خواہشات پوری ہو سکتی ہیں جو حقیقی زندگی میں نہیں ملتیں۔ ویسے ایک بات امر سنگھ کے حق میں جاتی ہے وہ یہ کہ سنگھ کے لیے یہ دنیا کوئی نئی نہیں ہے کیونکہ وہ ویسے بھی فلمی دنیا کو اپنے دوست امیتابھ بچن فیملی اور اب سنجے دت کی وجہ سے اچھی طرح سے جانتے ہیں۔
دوستانہ کا سیکوئیل
آپ کو یاد ہے جان ابراہم، ابھیشیک بچن اور پرینکا چوپڑہ کی ہم جنس پرستی پر مبنی کامیڈی فلم دوستانہ؟ جی ہاں فلم کافی کامیاب ہوئی تھی اور اس لیے اب فلمساز کرن جوہر اس فلم کا سیکوئیل بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ فلم پہلے لندن میں فلمائی گئی تھی اب فلم برطانیہ سے پنجاب پہنچے گی یعنی اب سارے کردار پنجاب آئیں گے۔ لیکن اس فلم میں اس مرتبہ پرینکا نہیں ہوں گی ان کی جگہ نئی ہیروئین لی جائے گی جس کا فیصلہ ابھی نہیں ہو سکا ہے۔ لیکن یہ طے ہے کہ اب ایسے موضوعات پر بے دھڑک فلمیں بننے لگی ہیں جیسے ابھی اس ہفتہ فلم ' سٹریٹ ( straight ) ریلیز ہوئی تھی۔۔۔۔۔
ایشا کی تلاش

کیا آپ جانتے ہیں ایشا دیول کہاں ہیں؟ نہیں! ہم بھی نہیں جانتے ہیں کہ گزشتہ چھ ماہ سے ایشا دیول کہاں ہیں۔ ان کی نہ تو کوئی فلم ریلیز ہو رہی ہے، نہ ہی وہ کسی فلم میں کام کر رہی ہیں۔۔۔۔سننے میں آیا ہے کہ وہ امریکہ میں ہے۔ کوئی کہتا ہے وہ ممبئی میں ہی ہیں لیکن وہ میڈیا کا سامنا نہیں کرنا چاہتی ہیں اس لیے اپنی ماں کے ساتھ بھی انہوں نے پروگراموں میں جانا بند کر دیا ہے۔ ویسے آپ کو نہیں لگتا کہ اکثر فلمی فیملی سے فلمی دنیا میں آئے اداکار بچے فلاپ ہوتے ہیں۔ اب دیکھئے نا ایشا اپنی ماں ہیما مالنی کی طرح مشہور نہیں ہو سکیں۔ ان کے ساتھ ان کے بھائی سنی دیول بابی دیول اپنے پاپا دھرمیندر کی طرح کامیاب نہیں ہوئے۔ تشار کپور اپنے والد جتیندر کی طرح نام نہیں کما سکے۔ انوپم اور کرن کے بیٹے سکندر کھیر اور ممو چکرورتی اپنے باپ متھن چکرورتی کی طرح فلموں میں اپنا وہ مقام نہیں بنا سکے جو ان کے والدین نے بنایا تھا بلکہ یہ دونوں تو اپنی ایک ہی فلم سے فلاپ ثابت ہو گئے۔
ایشوریہ کی ڈانس کلاس
ایشوریہ رائے آج کل اداکاری چھوڑ کر ماہر رقاصہ شوبھنا سے رقص سیکھ رہی ہیں۔ ان کی آنے والی فلم 'راون' کے ہدایت کار منی رتنم نے ایش سے کہہ دیا ہے کہ فلم میں رقص کی بہت اہمیت ہے اس لیے وہ اپنا زیادہ وقت رقص کی باریکیوں کو سیکھنے میں صرف کریں۔ اس فلم میں ایش اپنے شوہر ابھیشیک کے سامنے ہیروئین ہیں۔
شاہد کی ضد
شاہد کپور کی ضد کے سامنے آخر آدتیہ چوپڑہ کو جھکنا ہی پڑا۔ شاہد چاہتے تھے کہ ان کی فلم 'ہڑیپا' کا کلائمکس اس طرح سے فلمایا جائے جیسا وہ چاہتے ہیں لیکن ہدایت کار انوراگ سنگھ اسے کیسے قبول کرتے۔ شاہد غصے میں اپنے وین میں جا کر بیٹھ گئے۔ آخر کار آدتیہ چوپڑہ کو بلایا گیا اور انہوں نے شاہد کی بات مان لی۔ ہمیں بیچارے ہدایت کار سنگھ پر ترس آرہا ہے کیونکہ جب سے یہ فلم بن رہی ہے تب سے رانی نے اپنے مناظر کی فلم بندی اپنی ہدایت میں کی۔ بیشتر مناظر رانی کی شکایت پر آدتیہ چوپڑہ نے فلمائے اور اب شاہد کے کہنے پر پورا کلائمکس ہی بدل دیا گیا۔۔۔۔۔
سونم کی قسم

اداکارہ سونم نے قسم کھا لی ہے۔۔۔۔وہ اب کسی بھی فلمی ساتھی یعنی فلم اداکار کے ساتھ رومانس نہیں کریں گی۔۔۔۔۔ہم زیادہ تو نہیں بول گئے؟ لیکن کیا کریں سونم نے ہی کہا ہے کہ وہ اب کسی بھی ہیرو کے ساتھ ڈیٹنگ نہیں کریں گی۔۔۔۔۔آپ جانتے ہیں اس قسم کی وجہ؟ اگر بھول گئے ہوں تو ہم یاد دلا دیں کہ سونم کی کبھی رنبیر کپور کے ساتھ دوستی ہوا کرتی تھی۔جب دونوں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ' بلیک ' میں انہیں ہدایت کاری میں مدد کیا کرتے تھے۔لیکن رنبیر نے جب سے دیپکا کو دیکھا انہیں دل دے دیا اور ۔۔۔۔باقی ساری کہانی سے آپ واقف ہیں لیکن ایک بات ہے بے بی آپ اتنی جلد اتنی بڑی قسم کیسے کھا سکتی ہیں اگر واقعی آپ کا دل کسے ہیرو پر آگیا تب ۔۔۔۔۔!
نیہا دھوپیا امریکی ٹی وی شو میں
نیہا دھوپیا کی قسمت ہی چمک گئی۔وہ ایسے امریکی ٹی وی شو کا حصہ بننے جا رہی ہیں جس میں ہالی وڈ ہیرو کے سامنے بالی وڈ ہیروئین کا رول کریں گی۔ان کے سامنے ہالی وڈ اداکار کرس کیٹن ہوں گے۔نیہا کو توقع ہے کہ یہ کامیڈی سیرئیل ان کے لیے ہالی وڈ کے دروازے کھول سکتا ہے۔بے بی یہ اچھا موقع ہے لیکن اتنی جلدی بھی کیا آج تک بالی وڈ ہیروئین کو ہالی وڈ کی اے گریڈ فلمیں کہاں ملی ہیں۔حتی کہ ایش بھی اس میں کامیاب نہیں ہو سکی ہیں۔





















