بالی وڈ ڈائری

    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

کرینہ کا دکھ

کرینہ بہت دکھی ہیں
،تصویر کا کیپشنکرینہ بہت دکھی ہیں

کرینہ اور اکشے کے ساتھ فلمساز ساجد نڈیاڈوالا بھی بہت دکھی ہیں اور کیسے نہ ہوں جبکہ انہیں پہلی مرتبہ کانز فلم فیسٹیول میں سلویسٹر سٹالون اور دیگر ہالی وڈ ستاروں کے ساتھ ریڈ کارپیٹ پر چلنے کا موقع ملنے والا تھا لیکن وہ ملٹی پلیکس کی ہڑتال کی وجہ سے ان کے ہاتھوں سے نکل گیا ہے۔ اب آپ پوچھیں گے کہ ملٹی پلیکس کی ہڑتال اور کانز کا کیا رشتہ ہے؟ کانز فلم فیسٹیول میں انہی فلموں کی جھلک دکھائی جاتی ہے جو فلمیں نمائش کے لیے پیش ہوں گی اب جبکہ ساجد کی فلم ' کم بخت عشق‘ نمائش کے لیے پیش ہی نہیں ہو رہی ہے تو وہ اصول کے مطابق اس فلم کی جھلک کانز میں نہیں دکھا سکیں گے جس کی وجہ سے اعزازی سرخ قالین پر چلنے کے لیے ان کا خواب پورا نہیں ہو سکا۔ چچ۔۔چچ۔۔۔

قطرینہ پھر سرفہرست

’سب سے پرکشش زندہ خاتون‘
،تصویر کا کیپشن’سب سے پرکشش زندہ خاتون‘

بالی وڈ ہیروئینوں کے لیے اگر کوئی ہیروئین سب سے بڑا خطرہ ہے تو وہ ہے قطرینہ کیف۔اس وقت سب سے زیادہ فلمیں بھی کیٹ کے پاس ہیں اور اب انہیں دنیا بھر میں 'سب سے پرکشش زندہ خاتون‘ کا ایک بار پھر خطاب مل گیا ہے۔ کیٹ نے بالی وڈ کی خوبصورت ہیروئین کرینہ کپور اور دیپکا پادوکون کو بھی مات دے دی ہے۔ نیٹ پر سب سے زیادہ لوگ انہیں دیکھنا پسند کرتے ہیں اور بالی وڈ فلمساز کیٹ بے بی ڈول کو معصوم چہرہ کے ساتھ خوبصورتی سے تعبیر کرتے ہیں۔

سلمان کا دم

سلمان خان ایک مرتبہ پھر سونی ٹیلی ویژن شو 'دس کا دم‘ کے میزبان بنیں گے۔ اس سے ان افواہوں نے تو دم توڑ ہی دیا کہ شو فلاپ تھا لیکن مندی کا اثر یہاں بھی نظر آتا ہے۔ سننے میں آیا ہے کہ گزشتہ برس اس شو کے لیے سلو کو 89 کروڑ روپے دیے گئے تھے لیکن اس مرتبہ انہیں محض چوالیس کروڑ روپیوں پر ہی اکتفا کرنا ہو گا اس میں کتنی سچائی ہے یہ تو نہیں پتہ لیکن یہ تو طے ہے کہ اب لندن میں اپنی فلم 'ویر‘ کی شوٹنگ ختم کرنے کے بعد سلو ممبئی پہنچ کر اس شو کی شوٹنگ شروع کریں گے۔

مہدی اور لتا کا خواب

غزل گلوکاری کے شہنشاہ مہدی حسن اور بلبل ہند لتا منگیشکر کا ایک ساتھ نغمہ گانے کا خواب پورا ہو سکے گا۔ لتا جو مہدی حسن کی آواز کو 'خدا کی آواز ‘ مانتی ہیں ایک عرصہ سے ان کے ساتھ گیت گانے کی خواہش رکھتی تھیں لیکن اب جبکہ مہدی حسن طویل عرصہ سے بیمار ہیں اس وقت لتا اپنی یہ خواہش پوری کر رہی ہیں۔ مہدی حسن نے بیماری کی اس حالت میں اپنا کمپوز کیا اور گایا ایک نغمہ 'تیرا ملنا بہت اچھا لگتا ہے‘ جسے فرحت شہزاد نے لکھا ہے، ای میل کے ذریعہ لتا کے پاس بھیج دیا ہے اور لتا نے یہاں اپنی آواز میں نغمہ ریکارڈ کرایا ہے۔ بہت جلد دو عظیم گلوکاروں کا یہ تاریخی البم منظر عام پر آئے گا۔

ایک ہی برانڈ

 رام گوپال ورما برانڈ
،تصویر کا کیپشن رام گوپال ورما برانڈ

جس طرح لوگ برانڈ کے کپڑے اور دوسرا سامان پسند کرتے ہیں اسی طرح لگتا ہے بچن فیملی خاص برانڈ کی فلمیں کرنا پسند کرتے ہیں۔ امیتابھ بچن یعنی بگ بی رام گوپال ورما کی تقریباً ہر بڑی فلم کرتے ہیں۔ چلیے مانا ان کی فلم سرکار بہت مقبول ہوئی لیکن کیا ضروری تھا کہ وہ بالی وڈ کی سب سے بڑی فلاپ فلم 'رامو کے شعلے‘ بھی کرتے لیکن انہوں نے فلم میں کام کیا۔ اس فلاپ فلم کے بعد بھی انہوں نے رامو کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ 'رن‘ فلم میں کام کیا۔ ویسے یہ فلم ابھی ریلیز نہیں ہوئی ہے لیکن اب ہم بات کریں گے ایشوریہ رائے اور ابھیشیک کی تو دونوں کے لیے منی رتنم برانڈ بن گئے ہیں فلم 'گرو‘ کرنے کے بعد دونوں رتنم کی 'رامائن‘ کر رہے ہیں اور ابھی فلم مکمل بھی نہیں ہوئی ہے کہ رتنم نے دونوں کے ساتھ تیسری فلم کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔

ملکہ 'پاک روح'

لوگوں کا ایمان ڈانواڈول کرنے کے لیے مشہور بالی وڈ کی سیکسی ملکہ شیراوت کو پاک روح کا خطاب مل گیا اور آپ جانتے ہیں کہ انہیں یہ خطاب کس نے دیا؟ آپ کے لیے یقین کرنا مشکل ہو گیا۔ چلیے بتا دیتے ہیں ۔۔ملکہ کو یہ خطاب کرناٹک میں شری رام چندر پور مٹھ کے چھتیسویں آچاریہ شری راگھیشورا بھارتی سوامی جی نے دیا ہے۔ انہوں نے ملکہ کو اپنے مٹھ میں مدعو کیا۔ ملکہ اس وقت امریکہ میں اپنی فلم 'دی ہس‘ کے لیے کام کر رہی تھیں لیکن آچاریہ کے بلانے پر کرناٹک پہنچیں جہاں ملکہ کے لیے بڑے پیمانے پر پوجا ہوئی۔ اب آپ پوچھیں گے کہ آخر سوامی جی نے ملکہ کو کہاں دیکھا تو بتا دیں کہ ملکہ جیکی چین کی فلم 'دی متھ‘ کی شوٹنگ کے لیے کرناٹک گئی تھیں۔۔۔

سنجے واپس لوٹے

پھر فلموں کی شوٹنگ میں مصروف
،تصویر کا کیپشنپھر فلموں کی شوٹنگ میں مصروف

ہر کوئی سیاست میں کامیاب نہیں ہوتا یہ بات ثابت ہو چکی ہے سنجے دت کے لیے، انہوں نے بڑے زور شور کے ساتھ سیاست میں قدم رکھا۔اس دوران فلموں کی شوٹنگ بھی روک دی گئی تھی۔ سنجے نے الیکشن ریلیاں کیں لیکن اب انہیں شاید احساس ہو چکا ہے کہ سیاست ان کے لیے نہیں ہے اسی لیے تو وہ ایک بار پھر سب کچھ چھوڑ کر فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہو چکے ہیں اور بیوی مانیتا نے بھی اپنا کام کاج سنبھال لیا ہے۔۔۔ وہ یہ چاہتی ہیں کہ سنجے اب فلموں میں 'بھائی ‘ کا رول نہ کریں بلکہ بامقصد سنیما کی طرف رخ کریں۔ بامقصد سنیما؟ مانیتا بے بی کیا ایسا سنیما باقی ہے اور اگر کہیں کوئی بنا بھی لیتا ہے تو کیا سنجو بابا کے لیے ایسی فلموں میں کوئی رول مل سکے گا؟

اکشے کی دھمکی

کرکٹ نہیں تو میں بھی نہیں رہتا
،تصویر کا کیپشنکرکٹ نہیں تو میں بھی نہیں رہتا

اکشے کمار جب فلم 'دے دھنا دھن‘ کی شوٹنگ کرنے سنگاپور پہنچے تو وہاں کے شاندار ہوٹل کے کمرے میں ان کے ٹیلی ویژن چینل پر سیٹ میکس چینل نہیں ملا جس پر وہ آئی پی ایل میچ دیکھ سکیں۔ اکشے نے اس پر ہوٹل چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔

کنگ سائز وین

شاہ رخ خان نام کے ہی کنگ خان نہیں ہیں ان کی زندگی بھی کنگ سائز ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے بالی وڈ کی سب سے بڑی چودہ میٹر لمبی وین تیار کروائی ہے۔ اس میں ڈرائنگ روم بیڈ روم اور جدید سہولیات کے ساتھ ہی بار اور ساتھ ہی ورزش کے لیے جم بھی ہے۔ دراصل بالی وڈ میں شاندار وینٹی وین بھی سٹیٹس سمبل ہے اور خان نے سب سے بڑی سب سے مہنگی وین بنوا کر اپنا قد اونچا کر لیا ہے۔

سلمان کا گھروندہ

اب آپ کو بہت جلد گیلیکسی اپارٹمنٹ نہیں بلکہ 'ایکوامیرین‘ نامی اپارٹمنٹ کے باہر لوگوں کی بھیڑ دکھائی دے گی کیونکہ سلمان خان نے بیس کروڑ روپیوں میں باندرہ کی اسی عمارت میں دو منزلیں خرید لی ہیں اور ان کی زیبائش کا کام جاری ہے۔ سلو کے خوابوں کا یہ گھروندہ آباد کب ہو گا اس کا سب کو انتظار ہے۔