موم کی قطرینہ اور ایش کو ملی سزا
- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
موم کی قطرینہ

قطرینہ کیف نے ایک بار پھر بازی ماری ۔اس مرتبہ انہوں نے ایشوریہ یا کرینہ کو ٹکر نہیں دی بلکہ بالی وڈ کے بڑے سٹارز کو مات دے دی۔ کیسے ؟ نیویارک کے مادام تساد میوزیم میں وہ ہالی وڈ فنکاروں بیونسے ناولس اور ڈائنا روز کے مقابل باربی گڑیا کے پیراہن میں جلد ہی نظر آئیں گی۔ اب تک لندن کے مادام تساد میوزیم میں بگ بی یعنی امیتابھ بچن شاہ رخ خان ، سلمان خان ،ایشیوریہ رائے، ایک ساتھ کھڑے ہیں انہیں ہالی وڈ فنکاروں کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعزاز حاصل نہیں ہو سکا ہے۔
جان زخمی

جان ابراہام بیچارے اپنی ٹانگ فریکچر کر بیٹھے۔ فلم ' ہک یا کروک ' میں وہ ایک کرکٹر کے کردار میں دکھائی دیں گے۔ اس لیے انہیں کرکٹ سکھانے کے لیے کرکٹر لکشمی پتی بالاجی کو بلایا گیا۔ کرکٹ کی کلاس چل رہی تھی جان کے ہاتھ میں بلا تھا اور لکشمی نے باؤلنگ کی۔ تیز رفتار گیند اچھلی اور جان کے سیدھے پیر پر جا لگی۔ درد سے بلبلائے جان کو جب ہسپتال لے جایا گیا تو پتہ چلا کہ ان کے ٹانگ میں فریکچر ہوگیا۔ پلسٹر بندھ گیا اور اب وہ تین ہفتوں تک کام نہیں کر سکتے۔ جان نے اب اصلی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے سے توبہ کر لی ہے۔
سب سے قریبی ڈرائیور

کیا آپ جانتے ہیں کہ فلمی ستاروں کے سب سے قریب کون ہوتا ہے؟ ان کا بزنس مینجر ! بالکل نہیں بلکہ ان کا ڈرائیور۔ آپ کہیں گے کہ وہ اس لیے کہ وہ ان کے سارے راز جانتا ہے کون گاڑی میں بیٹھا، سٹار کس کے ساتھ کہاں گیا۔۔۔۔وغیرہ وغیرہ۔۔۔ہاں بھئی یہ سب تو ٹھیک ہے اسی لیے تو اکثر سٹارز جب گھر سے روپیہ ساتھ لانا بھول جاتے ہیں یا راستے میں کوئی ایسی چیز خریدنی ہو جہاں کریڈٹ کارڈ نہیں چلتا تو وہ اپنے ڈرائیورز سے رقم ادھار لیتے ہیں۔ اس کا اعتراف قطرینہ کیف اور پرینکا چوپڑہ نے کیا۔
ابھی تو میں جوان ہوں آپ نے اکثر فلم یا ٹی وی سیرئیل میں یہ جملہ ضرور سنا ہو گا کہ آنٹی مت کہو نا!۔۔۔ ویسے بھی کوئی عورت اپنی عمر نہیں بتاتی۔۔۔ وہ ہمیشہ جوان دکھائی دینا چاہتی ہے۔۔۔یہ سب باتیں بھی عورتیں سے متعلق کہی جاتی ہیں۔ اتنی لمبی تمہید اس لیے کہ سدا جوان نظر آنے والی ریکھا کو جب ریاستی حکومت نے ' لائف ٹائم اچیومینٹ ایورڈ دینے کے لیے نامزد کیا تو انہوں نے اپنی ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ ابھی انہیں بہت کام کرنا ہے دوسرے لفظوں میں ان کی عمر اتنی نہیں ہوئی ہے کہ وہ لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ حاصل کریں۔۔۔۔ آپ کیا سوچتے ہیں؟ فیصلہ آپ پر چھوڑ دیا۔
تنہا پریتی
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خوبصورت پریتی زنٹا تنہا ہیں یہ تو آپ سب جانتے ہیں۔ اپنے بزنس ساتھی نیس واڈیا سے علیحدگی کے بعد سے پریتی آئی پی ایل میں بے حد مصروف ہو گئی تھیں لیکن اب اس تھکان کو دور کرنے اور غم بھلانے کے لیے پریتی تنہا ہی چھٹیاں منانے امریکہ پہنچ گئی ہیں۔ پریتی کے قریبی ذرائع کا ماننا ہے کہ پریتی ایک زندہ دل خاتون ہیں اور وہ زندگی میں پیچھے مڑ کر دیکھنا پسند نہیں کرتی ہیں۔ ہم بھی دل سے چاہتے ہیں کہ پریتی کی زندگی کا یہ خالی پن جلد ہی کوئی بھر دے ۔
شنی کی پوجا
رانی مکھرجی کے گھر میں آج کل شنی کی پوجا روز ہو رہی ہے۔ ہندؤں میں شنی کی پوجا برے وقت کو ٹالنے اور منحوسیت کو دور کرنے کے لیے کی جاتی ہے۔ اب آپ سمجھ گئے کہ رانی کے گھر یہ پوجا کیوں ہو رہی ہے؟ اس کے باوجود رانی کے برے دن دور نہیں ہو رہے ہیں نہ تو ان کی کوئی فلم ریلیز ہو رہی ہے اور نہ ہی انہیں کوئی فلم مل رہی ہے۔ لے دے کے ایک آدتیہ چوپڑہ کی فلم ہے جس میں شاہد کپور ساتھ ہیں جو ابھی تک مکمل ہی نہیں ہو سکی ہے۔۔۔ بیچاری رانی کے لیے آپ کوئی مشورہ دے سکتے ہیں؟
خانوں کی اداکاری

اداکار کسے کہتے ہیں یہ جاننا ہو تو آپ دلیپ کمار ، راجکپور، نصیرالدین شاہ ۔۔۔۔(طویل فہرست ہے ) ان کی فلمیں دیکھنے کی ضرورت نہیں بلکہ آپ کو شاہ رخ خان اور عامر خان کو فلم پروڈیوسرز کی میٹنگ میں ایک ساتھ دیکھنا چاہئے۔ ایک عرصہ تک ایک دوسرے کے خلاف بیان بازیاں کرنے والے یہ دونوں اداکار جب ملٹی پلیکس اور پروڈیوسرز کی میٹنگ میں ایک ساتھ شریک ہوتے ہیں تو ایسا لگتا ہے مانو دونوں بچپن کے جگری دوست ہوں۔
سیف اور وی ویک کی پریشانی
دہشت گردی پر بننے والی کرن جوہر کی فلم جس کا نام اب جہاد کے بجائے قربان ہے، نیویارک میں شوٹنگ کے دوران سیف علی خان اور وویک کو پولیس نے ریش ڈرائیونگ کے الزام میں تقریبا گرفتار کر ہی لیا تھا۔ واقعہ یوں ہے کہ فلم میں سیف اور وویک کو تیز رفتار کے ساتھ گاڑی دوڑانی تھی۔ فلم میں چونکہ اس منظر کو لانگ شاٹ میں فلمانا تھا اس لیے فلم کے کیمرے کافی دوری پر تھے۔ مقامی لوگوں نے دیکھا کہ دی ایشیائی باشندے بڑی دیر سے ایک ہی جگہ سے کئی مرتبہ ریش ڈرائیونگ کرتے گزر رہے ہیں تو انہوں نے پولیس کو فون کر دیا۔ اب وہ ہندستانی پولیس تو تھی نہیں کہ گھنٹوں بعد پہنچتی۔ اب لاکھ سیف اور وویک کہتے کہ وہ فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں پولیس نے ان کی ایک نہ سنی، اس سے پہلے کہ انہیں حوالات کی سیر کرنی پڑتی کیمرہ مین اور فلم کا یونٹ جگہ پر پہنچ گیا۔
ایش کو ملی سزا

وپل شاہ اور فلم ' ایکشن ری پلے ' کا پورا یونٹ ایشوریہ رائے کے دیر سے آنے کی عادت سے پریشان تھا۔ خبروں کے مطابق ایش میڈم دیر سے پہنچتیں اور پھر کافی دیر تیار ہونے میں لگا دیتیں۔ فلم کا سارا یونٹ جس میں ہیرو اکشے بھی شامل ہیں، انتظار کرتے رہتے۔ شاہ نے ایک روز ایش کو سبق سکھانے کی ٹھان لی۔ ایش اسی طرح تاخیر سے پہنچیں پورا میک اپ کیا اور پھر جب وہ سیٹ پر پہنچیں تو شاہ نے پیک اپ کہہ دیا۔ ایش بے بی کچھ بولنے کی پوزیشن میں ہی نہیں تھیں اور چپ چاپ واپس چلی گئیں۔ ریتو عورت کے روپ میں نامور ہدایت کار ریتو پورنو گھوش پردے کے پیچھے نہیں بلکہ پردے پر نظر آئیں گے اور اپنی پہلی فلم میں وہ اپنے اصلی روپ میں نہیں بلکہ عورت کے روپ میں اداکاری کریں گے۔ ہدایت کار کوشک بنگالی کی فلم ' چھایا چوبی ' میں اداکاری کے لیے گھوش نے عورت کے انداز میں خود کو سنوارا اور دنیا نے اسے دیکھا بھی۔ وہ حالیہ الیکشن میں اپنے والد کے ساتھ ووٹ ڈالنے عورت کے لباس میں باہر نکلے تو لوگوں نے انہیں پہچانا ہی نہیں۔ گھوش دراصل یہ تجربہ کرنا چاہتے تھے جو کامیاب ہوا۔
اڈلی اور ابھیشیک ابھیشیک بچن آج کل ایک فرمابردار شوہر کی طرح بیوی ایشوریہ رائے کے احکامات پر عمل کر رہے ہیں۔ ساؤتھ انڈین بیوی نے ابھیشیک کو وزن کم کرنے کے لیے اڈلی کھانے کی ہدایت دی ہے۔ اس لیے ابھیشیک نے آج کل نان ویج کھانوں کی طرف دیکھنا بھی بند کر دیا اور اڈلی کھا رہے ہیں۔






















