سارانش، سیکس اپیل اور شاہ رخ ویلن

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
انوپم کا سارانش
انوپم کھیر کو آخر پچیس برس بعد ان کی زندگی کا سارانش مل گیا۔ ہالی وڈ فلمساز ووڈی ایلن نے کھیر کو اپنی نئی فلم کے لیے سائن کر لیا ہے۔ کھیر اس فلم میں فریڈا پنٹو کے والد کا رول کریں گے لیکن ان کے لیے سب سے زیادہ خوشگوار بات یہ ہے کہ اس فلم کے ذریعہ وہ ہالی وڈ کے صف اوّل کی فلموں میں نکول کڈمین اور سر انتھونی ہافکنس کے ساتھ قدم رکھ رہے ہیں۔
کھیر نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز اپنی پہلی فلم سارانش کے ساتھ کیا تھا جس میں انہوں نے ساٹھ سالہ بوڑھے کا کردار نبھایا تھا۔ تھیئٹر آرٹسٹ کھیر کے کام کی بہت تعریف ہوئی تھی اور کھیر نے اپنے فلمی کرئیر کے پچیس سال پورے ہونے پر اس فلم کا پریمیئر اسی تھیئٹر میں رکھا جہاں اس فلم کی نمائش پچیس برس پہلے ہوئی تھی۔ کھیر کو ہالی وڈ فلم کی پیشکش فلم سارانش کے رول کو دیکھ کر ملی اس لیے کھیر مانتے ہیں کہ انہیں ان کی زندگی کا سارانش مل گیا۔
سیکس اپیل
اب تک آپ نے فلموں میں ہیروئینوں کو اپنے پرکشش جسم کی نمائش کرتے دیکھا۔ فلمساز بھی یہ بھر پور کوشش کرتے ہیں کہ اگر ہیروئین نہ سہی فلم میں کسی آئٹم گرل کا رقص ہی رکھ لیا جائے تاکہ فلم ’اچھا بزنس‘ کر سکے۔ لیکن اب نیا چلن چلا ہے۔ مردوں کے جسم کی نمائش؟ جی ہاں! ہم جنس پرستی کو فلم کا موضوع بنانے کے بعد سے اب فلمساز کو ایک نیا انداز ملا ہے۔ اتنی لمبی تمہید کے بعد ہم بتا دیں کہ اکشے کمار اور جان ابراہم اپنی آنے والی فلم میں سٹرپ کلب کے ’پول ڈانسر‘ بنے ہیں۔ جان ویسے بھی پہلے فلم دوستانہ میں اپنے جسم کی نمائش کر چکے ہیں۔ رنبیر کپور نے سانوریا میں تولیہ گرایا تھا۔ نیل نتن مکیش کی آنے والے فلم جیل میں وہ برہنہ کھڑے ہیں اور فلم پنکھ کے ذریعہ پہلی فلم کرنے والے نئے اداکار میراڈونا ریبیلو نے بھی برہنہ سین دیا ہے۔ ہر فلمساز یہ دعوٰی کرتا ہے کہ اس کی فلم کا ہر منظر ’انتہائی ضروری‘ ہے۔۔۔ خیر چلیے تیار ہو جائیے اب مردوں کے جسم کی نمائش کے لیے۔۔۔۔۔
قطرینہ کی جے ہو
آئی پی ایل کے عظیم الشان اختتام پر جب بالی وڈ کی نمبر ون ہیروئین قطرینہ جے ہو کی دھن پر رقص کے لیے اتریں تو ساری قیاس آرائیاں ختم ہو گئیں۔ عرصہ سے کہا جارہا تھا کہ یہ موقع شاید کرینہ یا پرینکا کو ملے لیکن یہ بازی بھی کیٹ نےمار لی۔ اگر کیٹ کے لفظوں میں کہا جائے تو ایڈی گرانٹ اور ہپ ہاپ سنگر ایکون کے ساتھ سٹیج شیئر کرنا ’خوابوں کی وادی کا سفر‘ تھا۔
کنگنا کا کانز
کنگنا رناوت راکیش روشن سے بہت ناراض تھیں کیونکہ روشن کی فلم کائٹس میں ہونے کے باوجود شروع سے آخر تک ایک تو رتیک کے ساتھ صرف میکسیکن اداکارہ باربرا موری کی پبلسٹی ہو رہی ہے۔ کانز فلم فیسٹیول میں بھی ریڈ کارپیٹ پر رتیک کے ساتھ باربرا ہی چلی تھیں۔ بے بی کیا آپ جانتی نہیں ہیں کہ یہ شو بزنس ہے۔ روشن ایک منجھے ہوئے بزنس مین ہیں وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ کانز میں کس کا سکہ چلے گا؟۔۔۔ چلیے ناراض مت ہوئیے روشن نے آپ کو آئیفا ایوارڈ فنکشن میں سرخ۔۔۔۔ سبز۔۔۔۔ چاہرے جو رنگ اس پر چلنے کے لیے مدعو کیا ہے۔۔۔۔ آپ کے لیے اس وقت یہی کافی ہے۔۔۔ ہے ناں۔۔۔۔
ویلن شاہ رخ
شاہ رخ خان اگر ویلن بنیں تو یہ کوئی نئی بات نہیں ہو گی۔ انہوں نے اپنے فلمی کریئر کی شروعات ہی منفی رول سے کی تھی اور لوگوں نے انہیں بےحد پسند کیا تھا۔ فلم ڈان میں بھی وہ ویلن ہی تو بنے تھے لیکن اگر یہ خبر جو گشت کر رہی ہے صحیح ہے تو خان صاحب ایک بار پھر ویلن بننے کی تیاری میں ہیں اور اس مرتبہ وہ دھوم پارٹ تھری میں ویلن کا رول کریں گے۔ اس سے پہلے جان اس کے بعد رتیک اور اب شاہ رخ۔
راہول کا ’چکر‘
راہول ڈھولکیا اپنی فلم لمحہ کے سیٹ پر چکرا کر گر گئے۔ ڈاکٹر طلب کیا گیا اور انہوں نے راہول کو آرام کا مشورہ دیا۔ بیچارے راہول کے دل دماغ پر فلم چھائی ہوئی ہے اس روز راہول اور فلم کا یونٹ کھنڈالا کے گھاٹ پر فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھا۔ تیز چلچلاتی دھوپ نے راہول کا بلڈ پریشر بڑھا دیا۔ اب یہ بڑھنا ہی تھا ویسے بھی راہول کا ماننا ہے ایک تو فلم کا موضوع اتنا حساس اس پر تنازعات۔ راہول نے پہلے گجرات میں گلبرگ سوسائٹی قتل عام پر فلم پرزانیہ بنائی تھی۔ فلم کو کئی ایوارڈ ملے۔ راہول کہتے ہیں کہ پرزانیہ بنانے کے دوران انہیں اتنا ٹینشن تھا کہ وہ ذیابطیس کے مریض بن گئے اور اب لمحہ نے انہیں بلڈ پریشر عنایت کیا ہے۔۔۔۔ راہول ویسے اچھی فلمیں دیکھنے کے متمنی چاہتے ہیں کہ آپ تندرست رہیں تاکہ اس بے معنی کمرشل فلموں کے دور میں کچھ تو اچھی فلمیں دیکھنے کو ملیں۔۔۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ملکہ کا شیک
کون کافر ملکہ شیراوت کا ملک شیک پینا نہیں چاہے گا۔ آں۔۔۔ آں۔۔۔ ہم وہی کہہ رہے۔ ملکہ شیراوت کے نام کا ملک شیک۔۔۔۔ ہالی وڈ پرسنالٹی ملی سائرس، لیونارڈو ڈی کیپریو، کم کیڈرشیان اور پیرس ہلٹن کے بعد ملکہ ایسی پہلی بالی وڈ اداکارہ ہیں جن کے نام کا ملک شیک بنا ہے۔ بلیو بیریز، راس بیریز، بلیک بیریز، سٹرا بیریز، چاکلیٹ اور کریم سے بنے اس ملک شیک کو ملکہ کے دیوانے ضرور پیئیں گے۔ لیکن اس ایک اشتہار نے یہ ثابت کر دیا کہ ملکہ آج بھی بالی وڈ کی دیگر حسیناؤں کو ٹکر دینے کی پوزیشن میں ہیں۔
سلمان کے دوست
ایک ایسا سٹار جس کے لاکھوں نہیں کروڑوں پرستار ہیں اگر یہ کہے کہ اس کے اپنے دوست نہیں کے برابر ہیں تو کچھ عجیب نہیں لگتا۔ لیکن حال ہی میں سلمان خان نے اپنے ٹی وی شو ’دس کا دم‘ کے دوسرے سیزن کی تشہیری پارٹی میں یہ اعتراف کیا کہ ان کے دوست بہت کم ہیں۔ سنجے دت، سنی دیول ان کے ایسے حقیقی دوست ہیں جو ان کی کامیابی پر دل سے خوش ہوتے ہیں۔۔۔۔۔ سچ ہے سلو، ویسے بھی شوبز کی اس دنیا میں سب کچھ تو دکھاوا ہی ہوتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔
کیٹ فائٹ
آپ تیار رہیے کیٹ فائٹ کے لیے۔ بالی وڈ گلیاروں میں اس وقت کرینہ کپور اور پرینکا چوپڑہ کے درمیان اخبارات کے ذریعہ لفظی جھڑپیں گشت کر رہی ہیں۔ کہیں کسی نے لکھ دیا کہ کرینہ کو شاہد اور پرینکا کا اس طرح ساتھ رہنا پسند نہیں ہے۔ بس کیا تھا کرینہ نے جواب دیا کہ یہ سب پرینکا چوپڑہ اپنی آنے والی فلم کی پبلسٹی کے لیے کر رہی ہیں۔ پرینکا کہاں چپ رہنے والی تھیں کہہ دیا کہ ان کی فلم کمینے جسے وشال بھردواج نے بنایا ہے اسے کسی طرح کی سستی شہرت کی ضرورت نہیں ہے۔۔۔۔۔۔ اب ہمیں کرینہ کے جواب کا انتظار ہے۔۔۔۔۔ ویسے یہ بتادیں کہ کرینہ کی فلم ’کم بخت عشق‘ اور پرینکا شاہد کپور کی فلم ’کمینے‘ ایک ہفتے کے وقفے سے ریلیز ہوں گی۔
فرحان کی لاٹری
فرحان اختر کو یقین نہیں آرہا تھا جب انہیں کسی نے فون پر کہا کہ وہ اے آر رحمان بول رہے ہیں اور انہیں ان کے ساتھ ایک گیت گانا ہے۔ فرحان کو لگا کسی نے مذاق کیا ہے۔ لیکن جب خود رحمان نے انہیں فون کر کے سٹوڈیو بلایا تو پھر ان کی خوشی کی انتہا نہیں رہی۔ رحمان نے فرحان کو ان کی فلم ’راک آن‘ میں گاتے سنا تھا اور انہیں فرحان کی آواز بہت پسند آئی اس لیے اب وہ فلم ’بلیو‘ میں فرحان کی آواز میں گیت ریکارڈ کرنا چاہتے ہیں۔ کچھ بعید نہیں اگر فرحان اب ہدایت کاری چھوڑ کر صرف اور صرف اداکاری اور گلوکاری کرنے لگیں۔







