بالی وڈ ڈائری:کرینہ کا سائز زیرو
- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی
عامر خان کی نئی فلم ’ تھری ایڈیٹس‘ جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے بیس سال کے عامر
چالیس سال کے اداکار کو اگر بیس سال کا نظر آنا ہو تو وہ کیا کرے؟ فلم تھری ایڈیٹس میں بیس سال کا نظر آنے کے لیے عامر نے کیا کیا ہو گا؟دلچسپ سوال ہے نا؟
عامر نے اپنے بیٹے جُنید اور اس کے دوستوں کو چھپ چھپ کر دیکھا کہ وہ کیا کرتے ہیں کیسے چلتے ہیں، بات کرنے کا کیا انداز ہے اور کس طرح کے کپڑے پہنتے ہیں۔ پھر انہوں نے گھجنی فلم کے ہدایت کار مرگادوس سے تین ٹی شرٹ ادھار لیں۔ پھر حیرت۔۔۔۔ اس لیے کہ چھوٹے قد کے مرگادوس اپنی سائز سے دو سائز بڑی ٹی شرٹ پہنتے ہیں تاکہ وہ ’ کُول‘ لگ سکیں۔ اتنا سب کچھ پرفیکشنسٹ کہلانے والے اداکار نے اپنی عمر کو دھوکا دینے کے لیے کیا ہے۔ آپ کتنے سٹار دیں گے؟۔
شاہد کی شکایت
شاہد آج کل بہت پریشان ہیں کیونکہ ملک سے باہر جب بھی وہ شوٹنگ کے لیے جاتے ہیں انہیں ان کے من پسند کھانے ہی نہیں ملتے ہیں۔ آپ کو پتہ تو ہے ناں کہ شاہد صرف سبزیاں کھاتے ہیں نان ویج کھانے نہیں! شاہد اس وقت یش چوپڑہ کی فلم کی شوٹنگ کے لیے امریکہ گئے تھے جہاں کے ہوٹل میں اچھی سبزیوں والی ڈشز ہی نہیں ملتی تھیں اور اب ایک بار پھر وہ بنکاک جانے والے ہیں اور پریشان ہیں کہ کیا کریں؟

شاہد ہم آپ کے لیے زیادہ کچھ تو نہیں کر سکتے لیکن ہاں ایک مشورہ ضرور دے سکتے ہیں کہ آپ فلمساز کے خرچ پر اپنے ساتھ اپنا باورچی لے جا سکتے ہیں کیونکہ اب آپ اتنے بڑے سٹار تو بن ہی گئے ہیں کہ آپ کے نخرے اٹھائے جا سکیں۔
عامر لیڈیز ٹوائلٹ میں
اپنی فلم کے پروموشن کے لیے عامر کی حکمت عملی کے شاہ رخ خان سمیت انڈسٹری میں سبھی معترف ہیں۔ اس مرتبہ وہ لیڈیز ٹوائلٹ میں پہنچ گئے۔ آپ کہیں گے یہ تو کوئی اچھی بات نہیں ہے عامر اور ایسی حرکت؟ یقین نہیں آیا نا۔ ہمیں بھی یقین نہیں ہو جب تک ہم نے اسےدیکھا نہیں۔ عامر کی فلم کے پوسٹرز۔ جی ہاں عامر نے ہر بڑے شاپنگ مالز کے لیڈیز ٹوائلٹ میں اپنی فلم کے بڑے بڑے پوسٹرز چسپاں کیے ہیں آخر فلم کا نام بھی تو ’تھری ایڈیٹس‘ ہے۔
کرینہ کا سائز زیرو
کرینہ کپور نے فلم ’ٹشن‘ کے لیے سائز زیرو بنایا تھا فلم تو نہیں چل سکی لیکن ان کا سائز زیرو کا فارمولا کام کر گیا۔ جاپان کی ایک الیکٹرانک کمپنی جس کی برانڈ سفیر برٹنی سپئیرز ہیں اس کمپنی نے اپنا سائز زیرو لیپ ٹاپ لانچ کیا ہے جس کے اشتہار کے لیے انہوں نے کرینہ کپور کو اپنی کمپنی کا برانڈ سفیر بھی بنایا ہے۔ کرینہ پہلی ہندستانی اداکارہ ہیں جنہیں یہ شرف حاصل ہو اہے۔
شلپا کی بارات

شلپا شیٹی کی شادی بائیس نومبر کو کھنڈالا کے ایک بنگلے میں ہو گی یہ بنگلہ ان کی دوست کرن باوا کا ہے۔ شلپا ڈیزائنر لباس پہنیں گی یہ بھی ٹھیک ہے سبھی ہیروئین پہنتی ہیں لیکن دلچسپ بات تو یہ ہے کہ شلپا کے دولہا راج کندر روایتی انداز میں گھوڑی پر نہیں بلکہ شاندار سجی سجائی گھوڑا گاڑی میں بارات لے کر پہنچیں گے۔
عمران ہاشمی کا دکھ
عمران ہاشمی جب بھی باہر نکلتے ہیں لڑکیاں انہیں گھیر لیتی ہیں۔ حال ہی میں کولکتہ کے ایک مال میں لڑکیوں نے انہیں گھیر لیا۔ ہر کوئی انہیں کِس دینا چاہتا تھا۔ کیوں ؟ یہ کوئی پوچھنے والا سوال ہے؟ یہ تو اچھا ہوا کہ لڑکیوں نے انہیں ان کے گالوں پر بوسے دیے! عمران کو یہ دکھ نہیں ہے ، انہیں دکھ ہے کہ لڑکیوں نے اس بھیڑ میں ان کا ٹی شرٹ پھاڑ دی اور کسی نے ان کی گھڑی بھی چرالی۔۔۔ افسوس!!
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چھبیس نومبر پر ٹیلی فلم
چھبیس نومبر کو ہوئے ممبئی حملوں کو ایک سال پورے ہو رہا ہے اور اس موقع پر فلمساز سنجے وادھوا ایک ٹیلی فلم بنا رہے ہیں جس کا نام ہے ' اُن ہزاروں کے نام ' اس فلم میں ونود کھنہ اور سیما بسواس کے ساتھ سعدیہ صدیقی کام کر رہی ہیں۔
کب ملیں گے؟
بونی کپور اپنی ڈبے میں گئی فلم ' ملیں گے ملیں گے ' کے جن کو ایک بار پھر بوتل سے باہر نکالنا چاہتے ہیں اور کیوں نہ کریں جبکہ انہیں پتہ ہے کہ یہ جن باہر نکل کر دھوم مچا سکتا ہیں! بونی نے دراصل شاہد کپور اور کرینہ کپور کے ساتھ فلم بنائی تھی لیکن وہ فلم ریلیز نہیں ہوئی تھی اب اسے نیا چولہ دے کر بونی اس جوڑی کے ' بریک اپ ' کو کیش کرنا چاہتے ہیں اور ایسا ہو بھی سکتا ہے کیونکہ فلم چاہے جیسی ہو ناظرین اور دونوں اداکاروں کو پرستار اس جوڑی کو شاید ایک بار پھر ایک ساتھ پردے پر دیکھنے کی خواہش میں فلم ضرور دیکھیں گے۔





















