بالی وڈ ڈائری

بپاشا باسو
،تصویر کا کیپشنبپاشا باسو کو بھیڑ سے ڈر لگتا ہے۔
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی

بپاشا کا خوف

کیا آپ جانتے ہیں کہ بالی وڈ کی انتہائی بولڈ اداکارہ کو کس سے ڈر لگتا ہے؟ بھیڑ سے۔۔۔۔ ایسا کیوں؟ اس لیے کہ حال ہی میں ممبئی میں رانی مکھرجی نے درگا ماں کی پوجا کے پروگرام میں بالی وڈ ستاروں کو مدعو کیا تھا جہاں بپاشا کو اپنی زندگی کا سب سے گھناؤنا تجربہ ہوا۔ کسی نے ان کے ساتھ انتہائی گھناؤنے انداز میں چھیڑ خانی کی تب سے بپاشا کو بھیڑ سے ڈر لگنے لگا ہے۔ یہ جاننے کے بعد اجے دیوگن نے اپنی ہوم پروڈکشن فلم ’آل دی بیسٹ‘ کی ہیروئین بپاشا باسو کی حفاظت کے لیے بیس باؤنسرز کی ٹیم کھڑی کر دی جو ان کے ساتھ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی چیمپئینز لیگ میں پہنچے۔

فلم کے پروموشن کے لیے بپاشا اجے دیوگن کے ساتھ تھیں۔ائرپورٹ سے میدان تک اور پھر وہاں سے ائرپورٹ اور ممبئی تک باؤنسرز نے بپاشا کے ساتھ ہی سفر کیا۔ بے بی آپ کو یہ کام بہت پہلے کر لینا چاہئے تھا شاید اسی لیے تو ملکہ شیراوت باؤنسرز کی ٹیم کے ساتھ ہی سفر کرتی ہیں ویسے وہ اکثر اپنی شناخت چھپانے کے لیے برقع کا بھی سہارا لیتی ہیں۔

ایک سو پچیسویں منزل پر رومانس

ملبورن شہر کے ہوٹل کی ایک سو پچیسویں منزل اور بالی وڈ کا انتہائی حسین جوڑا رومانس کرے تو؟ ملبورن کے ہوٹل ریالٹو میں آسٹریلیائی حکومت نے اب تک کسی کو ہوٹل کی آخری منزل پر شوٹنگ کی اجازت نہیں دی تھی لیکن بالی وڈ کے نامور اداکار سلمان خان اور کرینہ کپور کا نام سننے کے بعد انہیں وہاں شوٹنگ کی اجازت مل گئی۔’میں اور مسز کھنہ ‘ میں ملبورن شہر کی خوبصورتی اور سلمان کرینہ کی جوڑی کا رومانس۔۔۔آپ کے لیے قابل دید ہوگا یہ آپ کو فیصلہ کرنا ہے۔

نہیں ملیں گے

امیتابھ بچن
،تصویر کا کیپشنامیتاتھ بچن نے اتوار کو اپنا 67واں جنم دن منایا۔

شاہد کپور اور کرینہ کپور اب نہیں ملیں گے۔ بونی کپور پروڈکشن کی فلم ’ملیں گے ملیں گے‘ اس جوڑے کی چھ سال پرانی پکچر ہے اور بونی اب چاہتے ہیں کہ اس فلم میں دو گیت مزید شامل کر لیےجائیں اور فلم کو ریلیز کیا جائے کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ یہی صحیح موقع ہے اس جوڑی کے سابق رشتے کو کیش کرنے کا۔۔۔ لیکن افسوس نہ تو کرینہ اور نہ ہی شاہد نے ایک ساتھ دوبارہ کام کرنے کی حامی بھری۔ اب بیچارے فلمساز بونی کپور کے ارمان دل میں ہی رہ گئے اور ہدایت کار ستیش کوشک کو ان دونوں کے پرانے ٹریک کے ساتھ ہی اکتفا کرنا ہوگا۔

رائٹ یا رانگ

اب ہر فلمساز شش و پنج میں ہے کہ فلم میں مکالموں کے دوران بامبے کہا جائے یا ممبئی۔ فلم ’ رائٹ یا رانگ‘ کے فلمساز نیرج پانڈے نے اپنی فلم رائٹ یا رانگ میں دوبارہ ڈبنگ کی ہے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کی فلم کا حشر بھی وہی ہو جو کرن جوہر کی فلم ’ویک اپ سد‘ کا ہوا تھا۔ کرن جوہر کو مہاراشٹر نو نرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے سے معافی مانگنی پڑی تھی۔ ویسے کیا آپ نہیں سمجھتے کہ فلم انڈسٹری پر سینسر بورڈ کا نہیں ٹھاکرے کا راج چلتا ہے۔

امیتابھ کا جادو

سڑھسٹھ سال کا ہونے کے باوجود امیتابھ بچن کا جادو آج بھی برقرار ہے۔ اتوار کے روز بگ بی کی سالگرہ تھی اور اس دن صبح سے ہی ان کے مداحوں اور پرستاروں کی بھیڑ ان کے بنگلہ پرتیکشا کے باہر ان کی ایک جھلک دیکھنے کی پرتیکشا کر رہی تھی۔ بگ بی باہر آئے سب سے ہاتھ ملانے کی کوشش کی اور کیک کاٹا۔ بالی وڈ کے شہنشاہ کو فلموں میں اور اپنی اشیاء کی تشہیر کے لیے سائن کرنے والوں کی قطار آج بھی لگی رہتی ہے۔ تم جیو ہزاروں سال۔۔۔۔۔

سلمان خان

جرمین کی خواہش

مائیکل جیکسن کے بڑے بھائی جرمین جیکسن کی خواہش ہے کہ وہ دھاراوی کی کچی بستی میں اپنے ویڈیو’لیٹس گو ٹو ممبئی سٹی‘ کی فلمبندی کریں۔ جرمین نے فلم ’سلم ڈاگ ملینئیر‘ چار مرتبہ دیکھی ہے اور انہیں دھاراوی پسند بھی آئی لیکن افسوس کسی وجہ سے انہیں وہاں شوٹنگ کی اجازت نہیں ملی اور اب وہ شہر کی کسی دوسری کچی بستی میں شوٹنگ کریں گے۔

سلمان کی پسند

سلمان خان کو دیکھتے ہی سب ان سے کیا سوال کرتے ہیں۔ یہ سب سے آسان پہیلی ہے۔ لوگ ان سے پوچھتے ہیں کہ آپ شادی کب کر رہے ہیں؟ سلو اب ہوشیار ہو گئے ہیں اس لیے اس سوال سے بڑی آسانے کے ساتھ دامن بچا جاتے ہیں اس لیے صحافیوں نے دوسری طرح سلو کو گھیرنے کی کوشش کی ان کا سوال تھا انہیں کون سی ہیروئین پسند ہے اور سلو نے اتنی ہی آسانی کے ساتھ جواب دیا ’پریتی زنٹا‘ وہ بہت خوبصورت ہیں بولڈ ہیں ذہین ہیں اور پر مذاق بھی۔ ویسے سلو بھی کچھ کم پُر مزاح نہیں ہیں!