کرینہ کا بوسہ، سلمان کی پٹائی

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
مائیکل کوخراج عقیدت
شاہ رخ خان کی ریڈ چلی پروڈکشن نے مائیکل جیکسن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک میوزک ویڈیو بنایا ہے جسے ' وی لیو ان ہز ورلڈ ' کا نام دیا گیا ہے۔ گلوکار کے کے ، شان ، سنیدھی چوہان اور شریا گھوشال سمیت کئی گلوکاروں نے نغمے گائے ہیں وشال نے میوزک دیا ہے۔ویڈیو میں بیچ بیچ میں بالی وڈ کے بڑے اداکار مائیکی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ان میں شاہ رخ خان، رتیک روشن ، پربھو دیوا شاہد کپور وغیرہ ہیں۔ کسی بھی فنکار نے اس ویڈیو میں کام کرنے کے لیے معاوضہ نہیں لیا ہے۔
امریکہ سے خان کو بلاوا
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کو اگر امریکہ کی کوئی ہستی مدعو کرے گی تو کیا وہ واپس امریکہ جائیں گے؟ یہ سوال سب کے ذہن میں ہے کیونکہ ائرپورٹ پر دو گھنٹے تک خان کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ اسے بھول ہی نہیں پائے ہیں۔ ہاں تو ہم بات کر رہے تھے خان کو مدعو کرنے کی۔ ابھی اس ’حادثہ‘ کے زخم بھی مندمل نہیں ہوئے ہیں کہ ہالی وڈ سپر سٹار اور کیلفورنیا گورنر آرنالڈ نے خان کو ڈنر پر مدعو کیا۔ کیا یہ اس امیگریشن افسر کے سوال کا جواب نہیں ہے کہ شاہ رخ کو امریکہ میں کون جانتا ہے؟
دیپا شبانہ پھر ایک ساتھ
فلمساز دیپا مہتہ ایک بار پھر اپنی من پسند اداکاراؤں شبانہ اعظمی اور نندیتا داس کے ساتھ فلم بنانے کی تیاریاں کر رہی ہیں۔ فلم ’ فائر‘ میں اس جوڑی نےکمال کیا تھا اب دونوں سلمان رشدی کے ناول ’مڈ نائٹس چلڈرن ‘ میں پردے پر نظر آئیں گی۔ یہ فلم آئندہ برس فلور پر جائے گی کیونکہ ابھی اس فلم کے اہم کردار نوجوان ’سلیم‘ کے کردار کی تلاش باقی ہے۔
کرشمہ کا ریکارڈ

آپ کو یاد ہے فلم’ راجہ ہندستانی‘ جس میں کرشمہ کپور نے عامر خان کو بوسہ دیا تھا اور یہ بوسہ کسی بھی ہندی فلم کا اب تک کا طویل ترین بوسہ ہے۔ لیکن سنا جا رہا ہے کہ یہ ریکارڈ خود ان کی بہن کرینہ کپور توڑیں گے۔ تو کرینہ نے کس کو یہ بوسہ دیا۔ بے شک سیف علی خان کو ہی۔ فلم ’قربان‘ میں دونوں ایک ساتھ ہیں۔ اس منظر کو فلمانے کے لیے ہدایت کار کو سیٹ کو خالی کرانا پڑا تھا۔ سیٹ پر سوائے کیمرہ مین اور ہدایت کار کےکوئی اور موجود نہیں تھا۔ ویسے بیچارے ڈائرکٹر کو یہ خیال پریشان کر رہا ہے کہ دونوں کے اس رومانٹک منظر کی وجہ سے ان کی فلم کی کہانی پس پشت نہ چلی جائے جو جہاد جیسے انتہائی حساس موضوع کو لے کر بنائی گئی ہے۔۔۔۔ اب کوئی ان سے پوچھے کہ ارے بھئی اگر اتنے سنجیدہ موضوع پر فلم بنائی ہے تو پھر ایسے مناظر ڈالنے کی ضرورت ہی کیا تھی!
گووندہ کی کلاس
اداکار گووندہ اور صبح تین بجے سیٹ پر۔۔۔ جس نے سنا اس نے دانتوں تلے انگلی دبا لی کیونکہ گووندہ کے لیے مشہور ہے کہ جب وہ چوٹی پر تھے تب بھی اور جب دوبارہ قسمت آزمائی کے لیے انڈسٹری میں آئے تب بھی ان کی وہی رفتار بے ڈھنگی یعنی دوپہر دو بجے کے بعد وہ سیٹ پر آتے تھے اسی لیے تو اکثر ان کی سنجے دت کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی لیکن وہ گووندہ ہی کیا جو سدھر جائیں تو پھر یہ کارنامہ کس نے کیا؟ منی رتنم سر نے۔ ان کی فلم ’راون‘ میں ایشوریہ رائے اور ابھیشیک کے علاوہ گووندہ بھی ہیں جو نئے زمانے کے ہنومان بنے ہیں۔ منی سر نے پتہ نہیں گووندہ کو وارننگ دی کہ وہ تیرہ دنوں تک روز صبح ساڑھے تین بجے سیٹ پر حاضر ہو جاتے تھے۔ سنا ہے ہر فلمساز جن کی فلم میں گووندہ کام کر رہے ہیں، منی سر سے اس کا راز پوچھنے کے لیے پریشان ہیں۔

قطرینہ کے پیچھے چار مجنوں
قطرینہ کے پیچھے چار نہیں لاکھوں کروڑوں مجنوں ہیں لیکن فلم دوستانہ کے سیکوئیل میں ان کے مقابل ایک دو نہیں بلکہ چار ہیرو ہیں جو ان کے پیچھے لگے ہیں۔ جان ابراہام اور ابھیشک بچن تو ہیں اب ان کے ساتھ رتیش دیشمکھ اور ارجن رام پال بھی ہیں۔ اس سے پہلے بنی فلم’دوستانہ‘ میں ہم جنس پرستی پر کامیڈی کی گئی تھی دیکھتے ہیں کرن جوہر کی یہ فلم اب اس موضوع کو اور’ کتنی دور‘ تک لے جاتی ہے۔
سلمان کی پِٹائی
کیا آپ یقین کر سکتے ہیں کہ سلمان خان کی کوئی پٹائی بھی کر سکتا ہے۔ نہیں ناں لیکن یہ حقیقیت ہے اور اس کا اعتراف سلمان نے خود ایک ٹی وی شو میں کیا۔ فرح خان کے ٹی وی شو’تیرے میرے بیچ‘ میں وہ اپنی ماں کے ساتھ تھے اور انہوں نے اپنی ماں کے سامنے قبول کیا کہ آج بھی وہ اپنی ماں کے ہاتھ کا تھپڑ کھاتے ہیں۔ ان کی ماں سلمی نے اقرار کیا کہ تھپڑ کھانے کے بعد سلمان کہتے ہیں کہ یہ کیا ماں اب میں بڑا ہوگیا ہوں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















