’بیرونی ممالک سے کالا دھن واپس لائیں‘

- مصنف, خدیجہ عارف
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینیئر لیڈر اور پارٹی کے وزیراعظم کے عہدے کے امیدورا لال کرشن آڈوانی نے کہا ہے کہ کئی بھارتی شہریوں نے بڑے پیمانے پر ’کالا دھن‘ بیرون ملک بینکوں میں جمع کر رکھا ہے اور حکومت کی جانب سے اس رقم کو واپس لانے کی کوشش کی جانی چاہیے۔
دلی میں ایک خصوصی نیوز کانفرنس میں لال کرشن آڈوانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم منموہن سنگھ جب آئندہ دو اپریل کو جی ٹوئنٹی اجلاس میں حصہ لینے جائیں تو وہ ان ہندوستانیوں کے بارے میں جانکاری حاصل کریں جنہوں نے ملک کے باہر بینکوں میں رقم جمع کی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو وہ اس رقم کو واپس ملک میں لانے کی پوری کوشش کرے گي تاکہ بیرونی ممالک میں جمع رقم کی ملک میں سرمایہ کاری کی جا سکے۔
اڈوانی کے مطابق ان کے پاس جو جانکاری ہے اس کے مطابق بھارت کی پانچ سو اور چودہ سو ارب ڈالر کے درمیان رقم بیرونی بینکوں میں جمع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سے پہلے بھی حکومت سے یہ مطالبہ کرچکے ہیں لیکن کوئی جواب نہیں ملا ہے۔
لال کرشن آڈوانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس جب جرمنی نے یہ کہا تھا کہ اگر کوئی ملک یہ جاننا چاہتا ہے کہ اس کے ملک کے لوگوں نے جرمنی میں کتنی رقم جمع کی ہوئی تو جرمنی ان کی تفصیلات دینے کے لیے تیار ہے۔
لال کرشن اڈوانی نے یہ کہا کہ اس وقت انہوں نے وزیر اعظم منموہن سنگھ کو ایک خط لکھ کر کہا تھا کہ وہ بھارت کے بارے میں یہ جانکاری حاصل کریں لیکن بقول آڈوانی انہیں کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔

















