’پاکستان شدت پسندی کا خاتمہ کرے‘

ایس ایم کرشنا
،تصویر کا کیپشنایس ایم کرشنا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں بعض دقتیں ہیں۔

ہندوستان کے نو منتخب وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا ہے کہ ہندوستان پاکستان کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھانے کے لیے تیار ہے بشرطیکہ پاکستان اپنی سرزمین پر سرگرم شدت پسندوں کا خاتمہ کرے۔

اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی بار سنیچر کی شام میڈیا سے خطاب کرتے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا کہ بھارت کے پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر رشتے اور مل جل کر خطے میں امن اور ترقی کے کام کرنا ان کی پہلی ترجیج ہے۔

پاکستان کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنے پڑوسیوں کو بدل تو نہیں سکتے ہیں اس لیے ہمیں ان کے ساتھ امن کے ساتھ رہنا ہوگا۔ ہندوستان پاکستان کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھانے کے لیے تیار ہے لیکن درمیان رشتے بہتر ہونے کی ایک اہم شرط یہ ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر سرگرم شدت پسندوں کے کیمپس کو تباہ کرے۔‘

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ہندوستان پاکستا ن کے ساتھ مذاکرات کرنے کو تیار ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ’ اس میں بعض دشواریاں ہیں اور ان دشواریوں کو ختم کرنے کے لیے پاکستان کو اہم اقدامات کرنے ہونےگے۔‘

پاکستان کے علاوہ سری لنکا فوج اور تمل ٹائیگرز کے درمیان جاری جنگ کے بعد تملوں کی بحالی کے سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ ہندوستان سری لنکا کے ساتھ مل کر متاثرین کی مدد کرے گا۔ انکا کہنا تھا کہ ’ ہم سمجھتے ہیں سری لنکا میں جنگ ختم ہوچکی ہے اور اب یہ وقت جنگ کی اہم وجوہات کو سمجھنے اور ختم کرنے کا ہے۔‘

پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستی، اور پرامن رشتوں کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ رشتوں کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے اور ساتھ اس طرح کی پالیسیاں عمل میں لائی جائیں گی جس سے ملک کی معیشت مضبوطی پکڑے۔