پنجاب: حالات بدستور کشیدہ

- مصنف, بیورو رپورٹ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دِلی
وینا میں ڈیرا سچ کھنڈ کے گرنتھیوں پر ہوئے حملے کے ہندوستان کی ریاست پنجاب میں ہوئے اثرات کو دیکھتے ہوئے پنجاب کے وزیر اعلی پراکاش سنگھ بادل نے ایک کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے۔
وزیر اعلی نے پورے واقعہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے لوگوں سے امن کی اپیل کی ہے۔
وینا کے ایک گرودوارے ميں اتوار وک ڈیرا سچ کھنڈ کے رہنما نرجن داس اور ان کے اسسٹنٹ رامانند پر حملے کے بعد پنجاج میں تشدد کے واقعات پیش آئے اور چار مقامات پر کرفیو نافذ کرنا پڑا تھا۔
اس حملے میں ڈیرے کے اسسٹنٹ راماننٹ کی موت ہوگئی ہے اور نرنجن داس شدید طور پر زخمی ہیں۔ اس حملے میں سولہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
وینا میں ہوئے اس واقعہ کے بعد پنجاب میں کئی مقامات پر پر تشدد مظاہرے ہوئے اور جالندھر ميں مشتعل ہجوم پر قابو پانے کے لیے پولیس کو گولی چلانی پڑی جس میں ایک شخص کی موت ہو گئی۔
بی بی سی کی جموں میں نامہ نگار بینو جوشی نے بتایا ہے کہ ہندوستان کے زير انتظام جموں کشمیر کے جموں خطے میں وہاں سے شروع ہونے والی 16 ٹرینوں کو رد کر دیا گیا ہے۔
ریلوے کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ یہ ٹرینیں پنجاب ہو کر جاتیں ہیں اور وہاں مظاہرین نے ریل راستے کو روک رکھا ہوا ہے۔

ادھر پنجاب کے انتظامیہ نے چاروں اضلاع جالندھر ، پھگواڑا ، ہوشیار پور اور لدھیانہ میں کرفیو لگا دیا ہے اور تین مقامات پر فوج کو پولیس کی مدد کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جالندھر سمیت آس پاس کے سبھی علاقوں میں حالات کشیدہ ہیں۔
وہیں مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے کرفیو کے دوارن نرمی برتے جانے پر پنجاب حکومت کی نکتہ چینی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حالات معمول پر نہیں ہیں۔
صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا " پنجاب ميں جالات معمول پر نہيں ہیں، ریاستی حکومت نے بعض علاقوں میں کرفیو نافذ کیا ہے لیکن ميں ٹی وی پر دیکھ رہا ہوں کہ کرفیو کا کوئی اثر نہیں ہے۔"
وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ نیم فوجی دستوں کی گیارہ کمپنیاں پنجاب روانہ ہو چکی ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو مرکزی حکومت مزید فوج وہاں بھیجیے گی۔
وزير اعظم منموہن سنگھ نے بھی پنجاب کے حالات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے لوگوں سے امن کی اپیل کی ہے۔ وزير خارجہ ایس ایم کرشنا پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہندوستان کی حکومت وینا کے اعلی اہلکاروں اور وہاں کے سفارت خانے سے رابطہ قائم کیے ہوئے ہے۔





















