ملبورن میں بھارتی طلبا کا احتجاج

آسٹریلیا میں بھارتی طلبا پر ہونے والے حملوں کے سلسلے میں اتوار کو ملبورن میں ہندوستانی طلبا نے امن مارچ کیا۔ اس ریلی کا اہتمام ’فیڈریشن آف انڈین سٹوڈنٹس ان آسٹریلیا‘ نے کیا تھا۔
گزشتہ ایک ہفتے میں آسٹریلیا میں کئی بھارتی طلباء کو نشانہ بنایا گیا ہے جس پر بھارتی حکومت کو بھی گہری تشویش ہے۔
امن مارچ ملبورن کے اس ہسپتال سے شروع ہوا جہاں ایک بھارتی طالب علم سرون کمار بھرتی ہیں۔ سرون کمار پر پیچکس سے حملہ کیا گیا تھا اور وہ اب بھی انتہائی نگہداشت والے وارڈ ’ آئی سی یو‘ میں زندگی اور موت سے لڑ رہے ہیں۔
ہسپتال کے باہر جمع ہوئے طلباء نے پارلیمان تک مارچ کیا۔ طلباء ریلی کے دوارن نسل پرستانہ حملوں کا شکار ہوئے طلباء کے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور تختیوں پر لکھا تھا ’سٹاپ ریسسٹ والینس‘ یعنی نسل پرستانہ تشدد کو روکا جائے۔
بھارتی حکومت نے آسٹریلیا میں بھارتی طلباء پر حملوں کے خلاف نارضگی ظاہر کی ہے۔ خود وزیر اعظم منمو ہن سنگھ نے آسٹریلوی وزیراعظم کیون رڈ سے بات چیت کی تھی اور اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔
بھارت کی وزارت خارجہ نے بھی بطور احتجاج دلی میں آسٹریلیا کے سفیر کو طلب کیا تھا اور ان سے بھی ناراضگی جتائی تھی۔
لیکن آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ ان سبھی حملوں کو نسل پرستی پر مبنی نہیں کہا جا سکتا اور اس میں سے کئی واقعات میں ان حملوں کا مقصد لوٹ مار لگتا ہے۔

















