منموہن زرداری میں ملاقات کی توقع

- مصنف, سہیل حلیم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
ممبئی حملوں کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستان کے وزیر اعظم من موہن سنگھ اور پاکستان کے صدر آصف علی زرداری منگل کو روس میں ملاقات کریں گے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم یا ایس سی او کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں۔
اسلام آباد میں سرکاری ذرائع نے ملاقات کی تصدیق کردی ہے لیکن دلی میں وزارت خارجہ کی جانب سے ابھی اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔
دیگر غیر تصدیق شدہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ یہ ملاقات منگل کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بجے ہوگی اور پندرہ منٹ جاری رہے گی لیکن مذاکرات کے لیے کوئی ایجنڈہ طے نہیں کیا گیا ہے۔
اس سے قبل خبر رساں ادارے رائٹرز نے بھی یکاترن برگ سے، جہاں ایس سی او کا اجلاس ہونا ہے، منتظمین کے حوالے سے کہا تھا کہ ملاقات منگل کو ہوسکتی ہے لیکن بات چیت کی نوعیت ابھی واضح نہیں ہے۔
ہندوستان کے خارجہ سیکریٹری شیو شنکر مینن نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ جب دونوں رہنما آمنے سامنے ہوں گے تو وہ سلام دعا بھی کریں گے اور مصافحہ بھی، لیکن باقاعدہ بات چیت طے نہیں ہے۔
من موہن سنگھ نے گزشتہ ہفتہ ہندوستانی پارلیمان میں کہا تھا کہ اگر پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے تو ہندوستان بھی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے آگے بڑھنے کو تیار ہے۔
لیکن مبصرین کا خیال ہے کہ اس ملاقات سے زیادہ توقعات نہیں رکھنی چاہئیں۔
سابق سفارتکار کے سی سنگھ کے مطابق' میرے خیال میں اس ملاقات سے ہی سب کچھ ٹھیک نہیں ہوجائےگا۔ وزیر اعظم پاکستانی صدر کو یہ بتائیں گے کہ دہشتگردوں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شنگھائی تعاون تنظیم میں ہندوستان اور پاکستان دونوں کو مبصرین کا درجہ حاصل ہے۔ اس تنظیم کے ارکان میں چین، قزاخستان، کرغیزستان، روس، تاجکستان اور ازبیکستان شامل ہیں۔
اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے قبل ہندوستانی وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اور ایس سی او دہشت گردی کی روک تھام، توانائی، سکیورٹی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، زراعت، ٹرانسپورٹ، سائسن اور ٹکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کرسکتے ہیں۔
ایس سی او کے اجلاس کے ساتھ ساتھ برازیل، روس، ہندوستان اور چین یعنی 'برک' ممالک کا پہلا سربراہی اجلاس بھی ہوگا جس میں عالمی مالی بحران، دہشت گردی اور غذائی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیے جانے کا امکان ہے۔




















