امریکی نائب وزیر خارجہ ہندوستان میں

ویلیمز برنس
،تصویر کا کیپشنویلیمز برنس چار روزہ دورے پر ہندوستان میں ہیں

امریکہ کے نائب وزير خارجہ ویلیم برنس چار روزہ دورے پر ہندوستان آئے ہیں۔ باور کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی بات چیت میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور دے سکتے ہیں۔

ویلیم برنس کے ہندوستان کے دورے سے قبل منگل کو امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان ایان کیلی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ ، بھارت اور پاکستان کے درمیان زيادہ سے زیادہ بات چیت کی حمایت کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا " ہم دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ نائب وزیر خارجہ اس معاملے پر بھی بات کریں گے۔ ان کے ایجنڈے میں اور بھی تمام اشوز ہیں جن میں سے ایک یہ بھی ہے"۔

ویلیمز برنس ، اوباما انتظامیہ کے اعلی اہلکاروں ميں سے ایک ہیں اور ہندوستان میں نئی حکومت بننے کے بعد یہاں آنے والے وہ پہلے اعلی امریکی اہلکار ہیں۔

برنس ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا سے ملاقات کریں گے ۔ وہ خارجہ سکریٹری شیو شنکر مینن کے ساتھ پہلے ہی مفصل بات چیت کر چکے ہیں۔

امریکہ کے نائب وزير خارجہ کا یہ دورہ اس لیے بھی اہم ہے کہ آئندہ جولائی میں امریکی وزير خارجہ ہلری کلنٹن ہندوستان کے دورے پر آنے والی ہیں اور اطلاعات کے مطابق نائب وزیر خارجہ اپنی بات چیت میں ہلری کلنٹن کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

چھبیس نومبر دو ہزار آٹھ کو ممبئی پر ہوئے دہشتگردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات روک دیے گئے تھے۔

پیر کو وزير اعظم منموہن سنگھ نے پارلیمان میں یہ بات کہی کہ پاکستان کے ساتھ ہندوستان کے لیے دوستی اہم ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان پڑوس میں عدم استحکام سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔