ہندوستان: پیٹرول اور ڈیزل مہنگا

ایل پی جی اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔
،تصویر کا کیپشنایل پی جی اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔

ہندوستان میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکا اعلان کیا ہے۔ نئی قیمتوں کا نفاذ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہوگا۔

گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

کابینہ کی میٹنگ کے بعد فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرولیم سیکیرٹری آر اے شرما نے کہا کہ نئی قیمتوں کے تحت پیٹرول چار روپئے اور ڈیزل دو رپئے فی لیٹر مہنگا ہوگا۔

حالانکہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ایل پی جی اور کیروسین کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔

فی الوقت دلی میں پیٹرول 40 روپئے باسٹ پیسے اور ڈیڑل 30 روپئے لیٹر ہے۔ ہندوستان میں مختلف ریاستوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں الگ الگ ہیں۔ نئی قیمتوں کا نفاذ پورے ملک میں کیا جائے گا۔

اس موقع پر پیٹرولیم کے وزیر مرلی دیورا نے کہا کہ ایل پی جی اور مٹی کے تیل پر قیمتیں نہ بڑھانے سے حکومت کو تیس ہزار کروڑ روپئے خسارہ ہوگا جسے حکومت برداشت کرے گی۔

ہندوستان میں 6 جولائی کو عام بجٹ پیش کیا جائے گا۔ پارلیمان کا بجٹ اجلاس دو جولائی سے شروع ہورہا ہے۔

نئی حکومت کے بننے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا یہ پہلا اعلان ہے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ پیٹرول کو چار روپئے مہنگا کرنا عوام کو مہنگا ضرور پڑے گا۔

اس سال کی شروعات میں ہندوستان میں ٹرک مالکان نے ملک گیر ہڑتال کی تھی۔ انکے مطالبات تھے کہ حکومت ڈیزل کی قمیت میں کم از کم 10 روپے فی لیٹر کم کرے۔

ان کا مطالبہ تھا کہ مختلف ریاستوں کی سرحدوں اور نیشنل ہائی وے پر عائد ٹول ٹیکسز میں کم از کم ایک سال کی معافی دی جائے اور ٹرکوں کے ٹائرز کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ اس وقت حکومت نے کہا تھا کہ وہ ٹرک مالکان کے مطالبات پر غور کرے گی۔