بھارتی طلباء کی حفاظت کی یقین دہانی

آسٹریلیا کے وزیراعظم کیون رڈ نے ہندوستان کے وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا کو یقین دلایا ہے کہ وہاں پڑھ رہے بھارتی طلباء کے تحفظ کے لیے سبھی ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا آج کل آسٹریلیا کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے آسٹریلیائی وزیراعظم اور وزیرخارجہ سٹیفن سمتھ سے ملاقات کی ہے۔
حالیہ دنوں میں آسٹریلیا میں پڑھ رہے بھارتی طلباء پر کئی حملے ہوئے ہیں جس پر ملک میں کافی تشویش پائی جاتی ہے۔
آسٹریلیا کے وزیراعظم کیون رڈ سے ملاقات کے بعد بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا '' میں کیون رڈ کی یقین دہانی سے مطمئن ہوں۔ وہ اس معاملے کی سنجیدگی سے بخوبی واقف ہیں۔''
ایس ایم کرشنا کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے وزیراعظم نے ان اقدامات کے متعلق بتایا ہے جو بھارتی طلباء کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔ '' مسٹر رڈ نے انڈیا کو ایک ابھرتی ہوئی طاقت بتایا اور میں مانتا ہوں کہ جو بھارتی طلباء یہاں آئیں گے ان کی حفاظت کا خیال رکھا جائیگا۔''
ایس ایم کرشنا نے نیو ساؤتھ ویلز صوبہ کے زیراعلی ناتھن ریس سے بھی ملاقات کی ہے۔ اسی صوبہ میں بھارتیہ طلباء پر سب سے زیادہ حملے ہوئے ہیں۔
جمعرات کے روز سڈنی میں بھارتی وزیرخارجہ نے بھارتی طلباء کے وفد سے ملاقات کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ایس ایم کرشنا نے آسٹریلوی حکام سے حملے والے علاقوں میں پولیس گشت بڑھانے کی تجویز دی ہے۔
ایس ایم کرشنا آسٹریلیا کے پانچ روزہ دورے پر ہیں جہاں وہ دیگر امور پر بات چیت کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی




















