بھارت میں ٹرینوں کا حادثہ: بائیس ہلاک

اتر پردیش میں متھرا شہر کے قریب دو ٹرینوں کے درمیان ٹکر ہو جانے سے کم سے کم بائیس افراد ہلاک اور بائیس زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت سنگین بتائی گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ حادثہ بدھ کو صبح سویرے پیش آیا جب گوا سے دلی آرہی ایک ایکسپریس ٹرین راجستھان سے دلی جانے والی میواڑ ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔ میواڑ ایکسپریس پہلے سے پٹڑی پر کھڑی ہوئی تھی اور گوا ایکسپریس اسی پٹڑی پر پیچھے سے آرہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا۔
ریلوے حکام کے مطابق جس ڈبے کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے وہ خواتین کے لیے مخصوص تھا۔
ریلوے کے ترجمان کے مطابق حادثے میں بائیس افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اتنے ہی زخمی ہیں۔
حادثے کی شدت سے میواڑ ایکسپری کا آخری ڈبہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور اس میں پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ڈویژنل ریلوے مینیجر راجندر دت ترپاٹھی کے مطابق حادثہ صبح ساڑھے پانچ بجے پیش آیا اور امداد کے کام میں فوج کی ٹیمیں بھی مدد کر رہی ہیں۔
انہوں نے مقامی صحافی سنیل شرما کو بتایا کہ’میواڑ ایکسپریس سے چھ منٹ پیچھے گوا ایکسپریس چل رہی تھی۔‘
خبر رساں ادارے ایے ایف پی کے مطابق میواڑ ایکسپریس میں کسی مسافر نے زنجیر کھینچی تھی جس کی وجہ سے ٹرین رکی ہوئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک عینی شاہد کے مطابق’ ٹرین کافی سست رفتار سے چل رہی تھی کہ ایک جھٹکا لگا۔ سبھی مسافروں کو ہمارے ڈبے سے اتار لیا گیا۔ ہم نے دیکھا کہ گوا ایکسپریس کا انجن میواڑ ایکسپریس کی آخری بوگی میں گھس گیا ہے۔ اتنی بری طرح سے کہ میواڑ ایکسپریس کا ڈبہ پوری طرح پچک گیا تھا۔‘
شمالی ریلویز کے ترجمان آر ڈی واجپئی کے مطابق مرنے والوں کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا جائے اور حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
ہندوستان میں ریلوے سکیورٹی کا ریکارڈ بہت خراب ہے اور ہر سال اوسطاً تین سو حادثے ہوتے ہیں۔





















