ممبئی حملےکے ایک برس پورے ہونے پر

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
چھبیس نومبر دو ہزار آٹھ کو ممبئی پر ہوئے شدت پسندانہ حملوں کے ایک سال مکمل ہونے پر حکومت اور پولیس کے ساتھ مل کر کئی سماجی تنظیمیں مختلف پروگراموں کا انعقاد کر رہی ہیں۔
چھبیس جنوری کو دہلی میں جس طرح اسلحوں کی نمائش کے ساتھ پریڈ ہوتی ہے اسی طرز پر ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا سے گرگام چوپاٹی تک پولیس پریڈ کرے گی۔
اس ایک سال کے اندر حکومت نے ممبئی پولیس فورس کو جس جدید اسلحے سے لیس کیا ہے اس کی نمائش بھی ہو گی تاکہ حکومت عوام کا اعتماد حاصل کر سکے۔
ممبئی پولیس نے یہ اسلحہ امریکہ اور جرمنی سے حاصل کیا ہے جس میں مشین گن ، ایم 203 کولٹ ایم فور، سب مشین گن کے ساتھ بلیٹ پروف اور آرمڈ جیپ شامل ہیں۔
اس پریڈ میں پولیس کی فورس ون اور این ایس جی کمانڈوز بھی شامل ہوں گے۔ فورس ون کی تربیت این ایس جی کمانڈوز اور ملٹری فورس نے کی ہے۔
گیٹ وے آف انڈیا پر صبح دس بجے سے شام دس بجے تک پروگرام منعقد ہو گا جس میں بالی وڈ کے بڑے ستارے شریک ہوں گے۔ یہاں ان حملوں میں ہلاک ہونے والے عام انسان اور شدت پسندوں کا مقابلہ کرنے میں شہید ہونے والے پولیس فورس کےجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
ریاستی وزیراعلی اشوک چوہان کا کہنا ہے کہ جدید اسلحہ کی نمائش اور پولیس کے تربیتی دستوں کی نمائش کر کے وہ عوام کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ چھبیس گیارہ جیسے حملوں سے مقابلہ کرنے کے لیے اب حکومت اور پولیس فورس تیار ہے۔
حکومت اس موقع پر اپنی تیار کی گئی ایک رپورٹ پیش کرے گی جس میں شہر کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات کے علاوہ پولیس کی تجدید کاری کے لیے چھ سو اکتیس کروڑ روپے اور شہر کی سیکوریٹی کے لیے ایک سو چھبیس کروڑ روپے مختص کرنے کے علاوہ شہر میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے ، جیسے منصوبے شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ممبئی پولیس کمشنر ڈی شیوانندن نے بی بی سی سے ایک خصوصی ملاقات میں اس بات کا یقین دلایا کہ گیٹ وے آف انڈیا پر جم غفیر کو قابو میں کرنے کے لیے ان کی پولیس فورس مستعد ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس اب ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے لیے بھی تیار ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے عوام سے بھی پولیس کو تعاون دینے کی اپیل کی۔
ان حملوں میں شہید ہوئے جوانوں کے کانسے کے مجسمے تیار کیے جا رہے ہیں۔ یہ ان مقامات پر نصب کیے جائیں گے جہاں انہوں نے اپنی جانیں گنوائی ہیں۔ ان میں این ایس جی کمانڈو سندیپ انی کرشنن اور این ایس جی کانسٹبل جگیندر سنگھ بھی شامل ہیں۔
ممبئی پولیس نے گلوکار سونو نگم کو اس موقع کے لیے ایک مخصوص گیت سے سجی البم بنانے کے لیے کہا ہے۔ اس گیت کے لیے امیتابھ بچن نے بھی اپنی آواز دی ہے۔ اس کے علاوہ چودہ گلوکاروں نے اس گیت کو گایا ہے جس میں سونو نگم کے علاوہ اے ہری ہرن، شان ، کیلاش کھیر جیسے فنکاروں کی آوازیں شامل ہیں۔
چھبیس نومبر کو وزیراعلی اور لیڈران ان تمام مقامات کا دورہ کریں گے جہاں حملے ہوئے تھے جس میں چھترپتی شیواجی ٹرمنس ریلوے سٹیشن ، کاما ہسپتال ، گیٹ وے آف انڈیا پر ہوٹل تاج ، ہوٹل ٹرائیڈینٹ ، کیفے لیوپولڈ اور ناریمان ہاؤس شامل ہیں۔ اس مقام پر میموریل بنانے کی تیاری بھی جاری ہے۔
شہر کے وہ عوامی مقامات جہاں شدت پسندوں کے حملے ہوئے تھے وہاں کی دیواروں پر پینٹنگز بنانے کی تیاری ہے۔ ان دیواروں پر مصور امن و آشتی اور بھائی چارگی کے پیغامات کو اپنی پینٹنگز کے ذریعہ اجاگر کریں گے۔







