بھارتی ویزہ پالیسی میں تبدیلی پر احتجاج

بھارت نے اپنی ویزہ پالیسی میں تبدیلی کی ہے جس کے تحت طویل مدت کے لیے بھارتی ویزہ رکھنے والے افراد دو ماہ کے اندر ملک واپس نہیں آ سکیں گے۔
اس سے پہلے طویل مدت کے لیے بھارتی ویزہ رکھنے والے سیاحوں کو ہر چھ ماہ بعد ملک چھوڑنا پڑتا تھا اور ان میں سے زیادہ تر بھارت کے کسی بھی ہمسایہ ملک کا مختصر دورہ کر کے واپس آ جایا کرتے تھے۔
کچھ ملکوں نے بھارت کی نئی ویزہ پالیسی پر احتجاج کیا ہے اور امریکہ نے کہا ہے کہ نئی پالیسی کو غیر منصفانہ طور پر لاگو کیا جا رہا ہے۔
بھارتی ویزہ پالیسی میں حالیہ تبدیلی ممبئی حملوں کے سلسلے میں ایک شخص کی امریکہ میں گرفتاری کے بعد عمل میں آئی ہے۔
پاکستانی نژاد امریکی شہری ڈیوڈ ہیڈلی کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال کے دوران کئی بار بھارت کا دورہ کیا تھا اور حملے کے اہداف کی نشاندہی میں مدد فراہم کی تھی۔
بھارت کی نئی ویزہ پالیسی کے تحت طویل مدت کا سیاحتی ویزہ رکھنے والے افراد کے لیے ملک میں کام کرنا بہت مشکل ہو جائے گا۔
بھارت حکومت نے ابھی تک نئی ویزہ پالیسی کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا لیکن وزیر داخلہ پی چدمبرم نے نئی پالیسی کے بارے میں تجاویز منگل کے روز پیش کیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بھارتی ویزہ پالیسی میں پائے جانے والے نقائص کئی مواقع پر سامنے آئے ہیں جن میں ڈیوڈ ہیڈلے کا کیس بہت اہم ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادرایں اثنا مریکہ سمیت کئی ملکوں نے نئی بھارتی ویزہ پالسی پر احتجاج کیا ہے۔
دلی میں امریکی سفارت خانے کے ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی پالیسی کو غیر منصفانہ طور پر لاگو کیا جا رہا ہے۔
’بھارت آنے والے کئی افراد نے بتایا ہے کہ انہیں کاروبار اور خاندانی وجوہات سے ملک سے باہر جانے کے بعد واپس نہیں آنے دیا گیا باوجود اس کے کہ ان کا ابتدائی دورہ صرف چند روز پر محیط تھا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارت خانے کو اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ غیر ملکی پاسپورٹوں پر اب اخراج کی مہر بھی لگائی جا رہی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ اشخاص دو ماہ کے اندر ملک میں واپس نہ آ سکیں۔ اگر کوئی شخص دو ماہ کے اندر واپس بھارت آنا چاہتا ہے تو اسے بھارتی سفارت خانے، قونصل خانے یا ہائی کمشن سے خصوصی اجازت لینا ہو گی۔
منگل کے روز بھارت کا دورہ کرنے والے برطانوی وزیر تجارت لارڈ مینڈلسن نے یہ معاملہ بھارتی وزیر داخلہ پی چدمبرم کے سامنے اٹھایا۔






















