اڑیسہ: نکسلی حملے میں تین اہلکار ہلاک
ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں حکومت کی جانب سے ماؤنواز مخالف آپریشن جاری ہے ہندوستان کی ریاست اڑیسہ میں پولیس کے مطابق ماؤ نواز باغیوں کی جانب سے کیے گئے ایک حملے میں پولیس کے تین اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کی صبح ضلع گجپتی میں امباجری کے جنگلات میں ریاستی پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ( ایس او جی) کے چھتیس جوانوں کی ایک ٹیم تلاشی کا کام کر رہی تھی کہ اسی دوران وہاں چھپے ماؤ نواز باغیوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں تین اہلکار ہلاک اور چار شدید زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایس او جی کے دو جوان اور مقامی پولیس کا ایک جوان شامل ہے۔
ریاست میں نکسلی مخالف آپریشن کے سربراہ سنجیو مارک نے بتایا کہ جوابی کارروائی بعض نسکلی باغی بھی زخمی ہوئے ہیں لیکن ابھی ان کے بارے میں صحیح معلومات نہیں مل پائی ہے۔ایس او جی کی ٹیم پر حملے کے بعد ماؤ نواز باغی گھنے جنگلوں میں چلے گئے جن کی تلاش جاری ہے۔
ُادھر رانچی سے بی بی سی کے نامہ نگار سلمان راوی کا کہنا ہے کہ بہار کے گیا ضلع میں شیرگھاٹی کے نزدیک منگل اور بدھ کی درمیانی شب نکسلی حملے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دو سو سے زائد ماؤ نواز باغیوں نے شیرگھاٹی کے پاس ایک ٹول ٹیکس بوتھ پر حملہ کیا اور وہاں موجود ایک چوکی دار اور ایک ٹرک ڈرائیور کو ہلاک کردیا۔

















