پہلی مرتبہ خاتون کے لیے اعزازی تلوار

دیویا اجیت کمار
،تصویر کا کیپشناس اعزاو سے فراز ہونے والی دیویا اجیت پہلی خاتون ہیں

بھارتی فوج کی تاریخ میں پہلی بار فوجی تربیت لینے والی ایک خاتون دیویا اجیت کمار کو اعزازی تلوار دی گئی ہے۔

سنیچر کے روز جنوبی شہر چنئی کے ’آفس آف ٹریننگ اکیڈمی‘ کی ایک پررونق تقریب میں بھارتی فوج کے سربراہ جنرل وی کے ملک نے انہیں اعزازی تلوار عطا کی۔

اس موقع پر دیویا نے ایک شاندرا پریڈ کی قیادت کی اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

دیویا کے ساتھ دیگر دو سو تیس تربیت لینے والے افراد اس مقابلے میں شامل تھے جس میں سے ستّر خواتین تھیں۔ دیویا نے اس کے لیے انچاس ہفتوں تک مشکل ترین تربیت حاصل کی تھی۔

ان کے علاوہ دیگر افراد کو تربیت کی تکمیل پر بھارتی بری فوج میں لیفٹنٹ کا عہدہ دیا گیا ہے۔

اکیڈمی کے ترجمان میجر آر کے چوہدری نے کہا کہ ’وہ ہر طرح کی صفات میں سب سے اوپر رہی ہیں اور دیگر سبھی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے‘۔ اس فوجی اکیڈمی کا نصاب پچیس مضامین پر مشتمل ہے جن میں ہتھیاروں کی تربیت، برداشت کرنے کا مادہ، روکاٹیں، ڈرل اور کراس کنٹری جیسی چیزیں بھی شامل ہیں۔

دیویا اجیت کمار چنئی کے ایک تاجر کی بیٹی ہیں جو پہلے ایک سول سرونٹ بننا چاہتی تھیں۔ لیکن ’نیشنل کیڈٹ کور‘ میں داخلے کے بعد انہوں نے اپنا منصوبہ بدل دیا تھا۔

ان کے والد اجیت کمار کا کہنا ہے کہ اکیڈمی میں تربیت کے دوران ہی دیویا کو بہت سے انعامات ملے تھے لیکن وہ اس اعزاز کے لیے پر امید نہیں تھیں۔

بھارتی فوج نے خواتین کی بھرتی انیس سو بانو‏ے میں شروع کی تھی اور اس برس عدالت کے ایک فیصلے کے بعد سے ان کے لیے ایک مستقل کمیشن کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم اب بھی بھارتی فوج میں خواتین کو لڑائی والی یونٹ میں نہیں لیا جاتا ہے اور وہ فوج کے شعبۂ انجینئرنگ، تعلیم اور خفیہ اداروں کے لیے کام کرتی ہیں۔