یوپی، پہلے مرحلے کی پولنگ کی تاریخ تبدیل

،تصویر کا ذریعہelex commission
بھارتی الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ریاست اترپردیش کے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ چار فروری کے بجائے آٹھ فروری کو ہوگي۔
امکان ہے کہ مسلمانوں کا تہوار عید میلاد النّبی چار فروری کو ہوگا اس لیے یہ تبدیلی کی گئی ہے۔
ریاست اترپردیش میں اسمبلی کی کل چار سو تین سیٹیں ہیں اور پہلے مرحلے میں ساٹھ نشستوں پر انتخابات ہونے والے ہیں۔
اس ریاست میں کل سات مرحلوں میں انتخابات ہونگے۔ دوسرے مرحلے میں گیارہ تاریخ کو ووٹ پڑیں گے جبکہ تیسرے مرحلے میں پندرہ فرری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
انیس فروری کو چوتھا مرحلہ مکمل ہوگا۔ تیئس کو پانچواں اور آخری مرحلے کا انتخابات اٹھائیس فروری کو ہوگا۔ یوپی کے ساتھ دیگر چار ریاستوں کی ووٹوں کی گنتی مارچ کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔
اترپردیش میں ڈیڑھ دہائی سے زائد کی سیاسی غیر یقینی کے بعد دو ہزار سات کے اسمبلی انتخابات میں بی ایس پی نے واضح اکثریت حاصل کرکے حکومت بنائی تھی۔ لیکن اس بار اسے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔
گزشتہ پانچ برسوں میں مایا وتی نے لکھنؤ اور دلی سے ملحق نوئیڈا میں اربوں روپے کی لاگت سے بڑے بڑے پارک تعمیر کیے ہیں جن میں پسماندہ ذاتوں کے عظیم رہنماؤں کے دیو قامت مجسمے نصب کیے گئے ہیں۔
لیکن اپوزیشن جماعتوں کی شکایات کے بعد الکیشن کمیشن نے انہیں ڈھکنے کے احکامات دیے ہیں اور اطلاعات کے مطابق اس پر عمل شروع ہوگیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مایا وتی کے مخالفین کہتے ہیں کہ وہ ملک کی واحد رہنما ہیں جنہوں نے اپنی ہی زندگی میں جگہ جگہ اپنے مجسمے لگوائے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ مجسموں کو ڈھکوانے کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی نے لکھنؤ میں ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں انتخابات کے لیے کی جانے والی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔





















