لائیو, مجبتیٰ خامنہ ای ’مکمل صحتمند‘، آبنائے ہرمز امریکہ اور اتحادیوں کے علاوہ سب کے لیے کھلی ہے: ایرانی وزیرِ خارجہ

ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجبتیٰ خامنہ ای 8 مارچ کو اپنی تقرری کے بعد اب تک منظرِ عام پر نہیں آئے ہیں۔ ان کا پہلا خطاب 12 مارچ کو سرکاری ٹی وی کے ایک میزبان نے پڑھ کر سنایا تھا۔

خلاصہ

  • پاسداران انقلاب کی اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو ’ڈھونڈ کر قتل کرنے‘ کی دھمکی
  • عراق میں فوجی طیارہ گرنے سے ہلاک چھ فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی گئی، امریکی شہریوں کو مشرق وسطیٰ چھوڑنے کی ہدایت
  • سعودی عرب، دبئی اور قطر کی جانب سے حملے روکنے کا دعویٰ
  • ایران ڈیل کرنا چاہتا ہے لیکن میں تیار نہیں: امریکی صدر ٹرمپ
  • کویت کی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈرون حملوں، ریڈار کو نقصان پہنچنے کی تصدیق
  • امریکی سینٹرل کمانڈ کا دعویٰ ہے کہ خارگ جزیرے پر حملے میں ’90 سے زیادہ ایرانی فوجی اہداف‘ کو نشانہ بنایا گیا
  • ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ان کا ملک توانائی کی تنصیبات پر کسی بھی حملے کا جواب خطے میں امریکی کمپنیوں کو نشانہ بنا کر دے گا۔

لائیو کوریج

  1. مشرقِ وسطیٰ تنازع اور آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکہ سے رابطے میں ہیں: جنوبی کوریا

    جنوبی کوریا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع سے متعلق ’پیشرفت کی قریب سے نگرانی‘ کر رہا ہے۔

    خیال رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ روز چین، فرانس، جاپان، برطانیہ اور جنوبی کوریا سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے بحری جہاز بھیجیں اور ’آبنائے ہرمز کو کھلوانے اور محفوظ بنانے‘ میں مدد دیں۔

    جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک امریکی صدر کے بیانات پر ’توجہ دے رہا ہے‘ اور امریکہ کے ساتھ ’رابطے‘ میں ہے۔

    انھوں نے کہا کہ جنوبی کوریا شہریوں کے تحفظ اور توانائی کی ترسیل کے راستوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ’مختلف اقدامات پر غور کر رہا ہے۔‘

  2. پاسدارانِ انقلاب کا طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن ناکارہ بنانے کا دعویٰ جھوٹا ہے: سینٹ کام

    امریکی سینٹرل کمانڈ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ طیارہ بردار بحری بیڑے یو ایس ایس ابراہم لنکن کے بارے میں جھوٹے دعوے کر رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر فارسی اکاؤنٹ پر سینٹ کام کا کہنا تھا کہ پاسدارانِ انقلاب نے ’ایک مرتبہ پھر‘ جنگی بحری جہاز کو ’ناکارہ‘ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    ’ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ابراہم لنکن کے سٹرائیک گروپ نے سمندر سے ایران پر فضائی حدود پر اپنی برتری برقرار رکھی ہوئی ہے۔‘

    امریکہ نے تنازع سے قبل مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کرنا شروع کیا تھا۔ ابراہم لنکن کے علاوہ امریکی بحریہ کا سب سے بڑا طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ بھی خطے میں سرگرم ہے۔

    امریکی میڈیا میں یہ اطلاعات بھی وسیع پیمانے پر نشر کی گئی ہیں کہ امریکہ خلیجی خطے میں اضافی فورسز بھی بھیج رہا ہے۔

  3. مجتبی خامنہ ای ’مکمل صحتمند‘، آبنائے ہرمز امریکہ اور اتحادیوں کے علاوہ سب کے لیے کھلی ہے: ایرانی وزیرِ خارجہ, غنچے حبیبی آزاد، بی بی سی فارسی

    عباس عراقچی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے العرابی الجدید کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای ’صحتمند ہیں‘ اور ’صورت حال پر مکمل طور پر قابو رکھتے ہیں۔‘

    خیال رہے ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجبتہ خامنہ ای 8 مارچ کو اپنی تقرری کے بعد اب تک منظرِ عام پر نہیں آئے ہیں۔ ان کا پہلا خطاب 12 مارچ کو سرکاری ٹی وی کے ایک میزبان نے پڑھ کر سنایا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ ایران ’جنگ کے خاتمے کے لیے ہر منصفانہ علاقائی کوشش کا خیرمقدم کرتا ہے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز ’امریکی جہازوں اور امریکی اتحادیوں کے علاوہ سب کے لیے کھلی ہے۔‘

    ایرانی وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ’ابھی تک جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی خاص کوشش ہمارے سامنے نہیں ہے۔‘

  4. اسرائیلی شہر حولون میں حملوں کے بعد تباہی کے مناظر

    اسرائیلی شہر تل ابیب کے جنوب میں واقع حولون میں رات کو کیے گئے حملوں کے بعد نقصانات کی تصاویر سامنے آئی ہیں۔

    اسرائیلی شہر حولون میں حملہ، دیوار میں شگاف

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایک رہائشی عمارت کی دیوار میں بڑا سا شگاف نظر آ رہا ہے۔

    اسرائیلی شہر حولون میں حملے کے بعد تباہی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایک تصویر میں تباہ گاڑیاں نظر آ رہی ہیں، سڑک پر گڑھا پڑا ہے اور ایک کار الٹی پڑی ہے۔

    اسرائیلی شہر حولون میں حملے کے بعد تباہی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    وردی پوش اہلکار حملوں کے بعد ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔

  5. عسکری نوعیت کی معلومات اسرائیل تک پہنچانے کا الزام، شمالی ایران میں 20 افراد گرفتار

    ایرانی پاسداران انقلاب کا ایک اہلکار

    ،تصویر کا ذریعہNurPhoto via Getty Images

    ایران کے شہر عرمیہ میں 20 افراد کے گرفتار کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

    ان پر الزام ہے کہ یہ فوج، پولیس اور سکیورٹی مقامات کی معلومات اسرائیل کو بھیج رہے تھے۔

    پاسداران انقلاب سے منسلک نیوز ایجنسی تسنیم نے استغاثہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے لیے کام کرنے والے متعدد نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا اور ایک عدالتی حکم کے بعد 20 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

  6. کوہاٹ میں کارروائی کے دوران چھ شدت پسند ہلاک: سی ٹی ڈی

    کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مطابق کوہاٹ کے تھانہ لاچی کی حدود میں کارروائی کے دوران چھ شدت پسند ہلاک کر دیے گئے۔

    سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شدت پسند گھات لگا کر بیٹھے تھے اور آپریشن ٹیم کے پہنچتے ہی حملہ کر دیا، جس کا مؤثر جواب دیا گیا۔ حملے کی اطلاعات پر کوہاٹ پولیس کے جوان بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور شدت پسندوں کا مقابلہ کیا۔

    پریس ریلیز کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ ختم ہونے کے فوراً بعد علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن شروع کیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران جائے وقوعہ سے چھ شدت پسندوں کی لاشیں ملیں۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک شدت پسندوں کی تلاشی کے دوران ان کے قبضے میں موجود چار دستی بم، چھ ایس ایم جی رائفلز اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔

  7. پاسداران انقلاب کی اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو ’ڈھونڈ کر قتل کرنے‘ کی دھمکی

    اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    پاسداران انقلاب نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔

    ایران کی نیم سرکاری مہر نیوز ایجنسی نے پاسداران انقلاب کا یہ بیان رپورٹ کیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کو ’ڈھونڈ کر قتل کرنے‘ کی کوشش جاری رکھیں گے۔

    پاسداران انقلاب نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس کے حملوں کی 52 ویں لہر کے دوران خطے میں تین امریکی فوجی اڈے اور اسرائیل میں اہداف تباہ کر دیے گئے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ وہ لبنان میں ایران کی حمایت یافتہ مسلح تنظیم حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو بدستور نشانہ بنا رہا ہے۔

    آئی ڈی ایف کے مطابق، سنیچر کے روز اس نے لبنان کے علاقے القطرانی میں ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں سے راکٹ حملے کیے جاتے تھے۔

    آئی ڈی ایف نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کی رضوان فورس سے منسلک کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا۔

  8. خلیجی ممالک پر حملے جاری، تازہ ترین صورت حال کیا ہے؟

    فجیرہ بندرگاہ سے اٹھتا دھواں

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا کہ رات بھر اس نے اپنی فضائی حدود میں ایران کے 26 ڈرون مار گرائے۔ زیادہ تر دارالحکومت ریاض اور ملک کے مشرقی علاقوں کے قریب تھے۔

    متحدہ عرب امارات نے اپنے مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ساڑھے 11 بجے اعلان کیا کہ اس کا دفاعی نظام ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کا جواب دے رہا ہے۔

    اس سے پہلے سنیچر کے روز ڈرون حملے کے بعد فجیرہ کی بندرگاہ پر آگ بھڑک اٹھی تھی۔ اس مشرقی ساحل پر تیل درآمد کرنے والا بڑا ٹرمینل واقع ہے۔

    بحرین نے تقریباً اسی وقت اعلان اپنی شہریوں سے کہا کہ وہ فوری طور پر قریبی پناہ گاہوں کا رخ کریں۔

    عمان میں بھی سکیورٹی خدشات کے باعث امریکہ نے غیر ہنگامی نوعیت کی خدمات انجام دینے والے عملے کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔

    کویت نے اعلان کیا کہ اس کی نیشنل گارڈ نے 24 گھنٹوں میں ایران کے پانچ ڈرون مار گرائے۔

    قطر نے سنیچر کی رات دیر گئے ایک تازہ اپ ڈیٹ میں تفصیل بتائی کہ دن بھر ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنایا گیا۔

  9. ایران نے اسرائیل کی جانب میزائل داغے ہیں: اسرائیلی فوج کا دعویٰ

    ایران میزائل حملہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی طرف میزائل داغے ہیں۔

    فوج کے مطابق دفاعی نظام فعال ہو چکے ہیں اور حملوں کو روک رہے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں موجود شہریوں کے موبائل فونز پر پیغامات بھی بھیج دیے گئے ہیں۔

    بیان میں عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ محفوظ پناہ گاہوں میں چلے جائیں اور اگلی ہدایات تک وہیں رہیں۔

    پاسداران انقلاب سے منسلک ایرانی نیوز ایجنسی فارس کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے میزائل حملوں کی ایک نئی لہر کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ لبنان میں موجود مسلح گروہ حزب اللہ نے بھی اسرائیل کے شمالی علاقوں کی طرف میزائل یا ڈرون حملے کیے ہیں۔

  10. وفاقی حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں نہ بڑھانے پر تیل کمپنیوں کو 23 ارب روپے ادا کرے گی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان پیٹرول قیمت

    ،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images

    پاکستان میں وفاقی حکومت تیل کمپنیوں کو ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت نہ بڑھانے کے بدلے میں 23 ارب روپے ادا کرے گی۔

    امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ اس وجہ سے ملک میں قیمتوں کے ہفتہ وار جائزے میں پیٹرول کی قیمت کو 49.63 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت کو 75.05 روپے فی لیٹر بڑھنا تھا۔

    پاکستان کی وزارتِ توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے باوجود وزیرِ اعظم نے ہائی سپیڈ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں برقرار رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔

    پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ملک کی اور عالمی مارکیٹ کی قیمتوں میں جو فرق آئے گا وہ حکومت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں ادا کرے گی۔

    نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ 14 مارچ 2026 سے 20 مارچ 2026 تک کے عرصے کے لیے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پرائس ڈیفرینشل کلیمز (پی ڈی سی) کا تخمینہ تقریباً 23 ارب روپے لگایا گیا ہے، جو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ادا کرے گی۔

    نوٹی فیکیشن کے مطابق اس مقصد کے لیے وزارتِ خزانہ نے کابینہ سے ’وزیرِ اعظم کفایت شعاری فنڈ‘ کے قیام کی منظوری حاصل کر لی ہے، جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی سے 27.1 ارب روپے اس فنڈ میں منتقل کرنے کی منظوری بھی لے لی گئی ہے۔ اس رقم میں سے 23 ارب روپے اوگرا کو منتقل کیے جائیں گے تاکہ مذکورہ ادائیگیاں کی جا سکیں۔

    نوٹی فیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پرائس ڈیفرینشل کلیمز کی ادائیگی کے طریقۂ کار کو اوگرا تیار کرے گا، جس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائے گئے بلوں کی تصدیق اور آڈٹ کا عمل بھی شامل ہو گا۔

    اوگرا کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان فیصلوں پر عمل در آمد کے لیے ضروری اقدامات کرے اور ادائیگیوں کا عمل مکمل کرے۔

  11. ایران جنگ سے متعلق ’جھوٹی خبریں‘ دینے کا الزام، وفاقی کمیونی کیشنز کمیشن کی امریکی نشریاتی اداروں کے لائسنس منسوخ کرنے کی دھمکی

    ایف سی سی سربراہ برینڈن کار

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ کے وفاقی کمیونی کیشنز کمیشن (ایف سی سی) کے سربراہ نے مشرق وسطیٰ تنازع کے دوران امریکی براڈکاسٹرز پر ’جھوٹی اور مسخ شدہ خبریں‘ چلانے کا الزام عائد کیا ہے۔

    ایف سی سی کے سربراہ برینڈن کار نے سنیچر کے روز ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ’فیک نیوز‘ پر تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر میڈیا انڈسٹری نے اپنا ’طرز عمل درست‘ نہ کیا تو نشریاتی لائسنس منسوخ بھی کیے جا سکتے ہیں۔

    کار نے کہا: ’براڈکاسٹرز کو عوامی مفاد میں کام کرنا ہوتا ہے اور اگر وہ ایسا نہیں کریں گے تو اپنے لائسنس کھو دیں گے۔‘

    ان کی پوسٹ کے ساتھ ٹرمپ کا ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کیا گیا وہ پیغام بھی منسلک تھا جس میں امریکی صدر نے اس تنازع کے دوران ’گمراہ کن‘ اور ’انتہائی بری رپورٹنگ‘ کی شکایت کی تھی۔

    بی بی سی کے امریکہ میں شراکت کار ادارے سی بی ایس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کار نے کہا: ’لوگ اس خیال کے عادی ہو گئے ہیں کہ لائسنس کسی قسم کا ذاتی حق ہے اور آپ کچھ بھی کر لیں آپ کا لائسنس ضبط نہیں ہو گا۔‘

    انھوں نے مزید کہا: ’میں بس یہ یاد دلانے کی کوشش کر رہا ہوں کہ براڈکاسٹنگ دوسرے شعبوں سے مختلف ہے۔ اس میں عوامی مفاد کا خیال رکھنا ہوتا ہے۔‘

  12. ٹرمپ کو پانچ ممالک سے آبنائے ہرمز میں جنگی بحری جہاز بھیجنے کی ’امید‘: متعلقہ ممالک نے کیا ردِ عمل دیا

    آبنائے ہرمز کا نقشہ

    سنیچر کے روز سماجی رابطوں کے اپنے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ آبنائے ہرمز میں جنگی بحری جہاز بھیجیں گے تاکہ ایران وہاں کسی قسم کا خطرہ نہ پیدا کر سکے۔

    اب تک مختلف ممالک کا ردِ عمل کچھ یوں ہے:

    برطانیہ

    برطانوی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے کہا: ’جیسا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ہم خطے میں جہازرانی کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ متعدد آپشنز پر بات چیت کر رہے ہیں۔‘

    چین

    واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کے ترجمان نے سی این این کو بتایا کہ چین فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔

    ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ بیجنگ ٹرمپ کی اپیل پر عمل کرے گا یا نہیں لیکن یہ ضرور کہا کہ توانائی کی مسلسل اور مستحکم فراہمی کو یقینی بنانا تمام فریقوں کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

    جاپان

    امریکہ کو اپنا قریبی اتحادی سمجھنے والے ٹوکیو نے ابھی تک ٹرمپ کی اپیل پر کوئی سرکاری ردِ عمل جاری نہیں کیا۔

    تاہم جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کے کو حکام نے بتایا کہ یہ معاملہ وزیر اعظم سانائے تکائچی کے بدھ کے روز شروع ہونے والے دورۂ امریکہ کے ایجنڈے میں شامل ہوسکتا ہے۔

    جاپانی وزارتِ خارجہ کے ایک اہلکار نے کہا کہ جاپان بحری جہاز صرف اس لیے روانہ نہیں کرے گا کہ ٹرمپ نے ایسا کرنے کے لیے کہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا: ’جاپان اپنے فیصلے خود کرتا ہے اور ضروری ہے کہ فیٖصلہ غیر جانبداری سے کیا جائے۔‘

    فرانس

    فرانس حکومت نے بھی فوری طور پر کوئی جواب جاری نہیں کیا۔

    تاہم ٹرمپ کی پوسٹ کے چند گھنٹے بعد، سنیچر کے روز فرانسیسی وزارتِ خارجہ کے سرکاری ایکس کاؤنٹ نے ان رپورٹس کی تردید کی جن میں کہا گیا تھا کہ فرانس اپنے جنگی بحری جہاز آبنائے ہرمز بھیج رہا ہے۔

    بیان میں کہا گیا: ’نہیں، فرانسیسی طیارہ بردار بحری جہاز اور اس کا گروپ مشرقی بحیرہ روم میں ہی موجود ہے۔‘

    جنوبی کوریا

    سیول کی جانب سے بھی ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا ہے۔

  13. بحرین اور سعودی عرب میں فارمولا ون ریس منسوخ

    France

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    فارمولا ون نے اعلان کیا ہے کہ بحرین اور سعودی عرب کے گراں پری ایونٹس باضابطہ طور پر منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

    یہ مقابلے بالترتیب 12 اپریل اور 19 اپریل کو منعقد ہونا تھے۔ فارمولا ون کے بیان کے مطابق یہ فیصلہ مشرقِ وسطیٰ کی ’جاری صورتحال‘ کے باعث کیا گیا ہے، اور اگرچہ متبادل پر غور کیا گیا تھا، کوئی متبادل ریس شامل نہیں کی جائے گی۔

    ان منسوخیوں کے نتیجے میں جاپانی گراں پری (27 تا 29 مارچ) اور میامی گراں پری (1 تا 3 مئی) کے درمیان پانچ ہفتے کا وقفہ ہوگا۔

    اس ایونٹ کی گورننگ باڈی ایف آئی اے کے صدر محمد بن سلیم نے کہا کہ ’فی آئی اے ہمیشہ اپنی کمیونٹی اور ساتھیوں کی حفاظت اور فلاح کو اولین ترجیح دے گی۔ تفصیلی غور و فکر کے بعد ہم نے یہ فیصلہ اپنی ذمہ داری کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔‘

  14. سعودی عرب، دبئی اور قطر کی جانب سے حملے روکنے کا دعویٰ

    سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے اپنے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ریاض اور مشرقی علاقے میں سات ڈرونز تباہ کیے ہیں۔

    اس سے قبل دبئی اور قطر کے حکام نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ حملوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روکا گیا ہے۔

    دبئی کے میڈیا آفس نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ مرینا اور الصفوح کے علاقوں میں جو آوازیں سنائی دیں، وہ حملوں کو کامیابی سے روکنے کی تھیں۔

    ادھر، قطر کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ اس نے سنیچر کے روز ایران کی جانب سے داغے گئے چار بیلسٹک میزائل اور متعدد ڈرونز کو کامیابی سے روکا۔

  15. امریکی شہریوں کو مشرق وسطیٰ چھوڑنے کی ہدایت

    مشرق وسطیٰ کا نقشہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    مشرق وسطیٰ میں امریکی اہداف پر ایران کے حملوں کے بعد امریکہ نے اپنے شہریوں کو خطے کے ایک درجن سے زائد ممالک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

    سنیچر کے روز عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانے کی عمارت پر میزائل گرنے کے بعد امریکی شہریوں کو فوری طور پر عراق چھوڑنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔

    سفارت خانے نے لکھا: ’جو امریکی شہری عراق میں رہنے کا انتخاب کر رہے ہیں، وہ ایران سے منسلک دہشت گرد ملیشیاؤں کی جانب سے موجود سنگین خطرے کے پیشِ نظر اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کریں۔‘

    اس کے علاوہ، روئیٹرز کے مطابق امریکہ نے سنیچر کے روز کہا کہ اس نے عمان میں موجود غیر ہنگامی نوعیت کی خدمات انجام دینے والے سرکاری ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو بھی ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

  16. اسرائیل کا ایرانی میزائل حملے ناکام بنانے کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے صبح سویرے ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کو روک لیا ہے۔

    ایمرجنسی سروسز کے مطابق میزائلوں کی یہ بارش وسطی اسرائیل کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی تھی۔ اب تک اسرائیلی حکام کی جانب سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    Iran

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    Iran

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    Iran

    ،تصویر کا ذریعہReuters

  17. امریکہ نے طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے چھ فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی

    امریکی محکمۂ دفاع نے ان چھ فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی ہے جو 12 مارچ کو عراق میں ایندھن بھرنے والے فوجی طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوئے تھے۔

    ہفتے کے روز جاری کیے گئے بیان میں ان کے نام یہ بتائے گئے ہیں:جان اے کلنر، آریانا جی ساوینو، ایشلے بی پروئٹ، سیٹھ آر کووَل، کرٹس جے اینگسٹ، اور ٹائلر ایچ سمنز۔

    یہ سب کے سی 135 طیارے کے عملے میں شامل تھے۔ یہ ایندھن بردار طیارہ ایران کے خلاف جاری امریکی کارروائیوں میں حصہ لے رہا تھا۔

    پینٹاگون نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ امریکہ اس سے پہلے کہہ چکا ہے کہ طیارہ نہ تو دشمن کی فائرنگ کا نشانہ بنا تھا اور نہ ہی دوست فوج کی فائرنگ اس حادثے کا باعث بنی۔

    آریانا جی ساوینو

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والی ایک اہلکار 31 سالہ کیپٹن آریانا جی ساوینو واشنگٹن کی رہائشی تھیں اور امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹیمپا کے قریب میک ڈل ایئرفورس بیس میں تعینات تھیں۔

  18. ایران ڈیل کرنا چاہتا ہے لیکن میں تیار نہیں: امریکی صدر ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے ایران ڈیل کرنا چاہتا ہے لیکن وہ اس وقت ایسا کرنے کے لیے تیار نہیں ’کیوں کہ شرائط ابھی اتنی مناسب نہیں ہیں۔‘

    ہفتے کے روز امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کو ٹیلی فونک انٹرویو میں امریکی صدر نے یہ واضح کرنے سے انکار کیا کہ وہ شرائط ہوں گی کیا، لیکن ٹرمپ نے یہ ضرور کہا کہ ایران کی جانب سے کسی بھی قسم کے جوہری عزائم ترک کرنے کا وعدہ مکنہ معاہدے کا حصہ ہو گا۔

    اسی انٹرویو میں ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے کئی ممالک نے مدد کا وعدہ کیا ہے، تاہم انھوں نے ان ممالک کے نام بتانے سے گریز کیا۔

    ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکہ نے تیل برآمدات کے لیے اہم ایرانی جزیرے خارگ کو ’مکمل طور پر تباہ‘ کر دیا ہے لیکن ’مزا لینے کے لیے شاید ہم اسے چند بار اور نشانہ بنائیں۔‘

    تیل کی بڑھتی قیمتوں کے خدشات کو پس پشت ڈالتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا: ’تیل اور گیس کی بہت زیادہ مقدار موجود ہے، لیکن ابھی اس کی فراہمی کسی حد تک رکی ہوئی ہے۔ اسے بہت جلد کھول دیا جائے گا۔‘

    انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کی حالت کے بارے میں بھی سوالات اٹھائے۔

    انھوں نے کہا: ’میں نہیں جانتا کہ وہ زندہ بھی ہیں یا نہیں۔ ابھی تک کوئی بھی انھیں سامنے نہیں لا سکا۔‘ ٹرمپ نے اس کی وجہ یہ بتائی کہ مجتبیٰ خامنہ ای نے جمعرات کو اپنا پہلا بیان کیمرے پر بولنے کے بجائے تحریری شکل میں جاری کیا تھا۔

    مجتبیٰ خامنہ ای کی موت کی خبروں کو ’افواہ‘ قرار دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا: ’میں سن رہا ہوں کہ وہ زندہ نہیں ہیں اور اگر وہ زندہ ہیں تو اپنے ملک کی خاطر سمجھداری سے کام لیتے ہوئے انھیں ہتھیار ڈال دینے چاہییں۔‘

  19. کویت کی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈرون حملوں، ریڈار کو نقصان پہنچنے کی تصدیق

    کویت کی بین الاقوامی ہوائی اڈے

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    کویت کی حکومت کا کہنا ہے کہ ایک ڈرون حملے کے باعث اس کے ایئرپورٹ کے ریڈار نظام کو نقصان پہنچا ہے۔

    کویت نے خطے میں جاری جنگ کے باعث تمام پروازیں معطل کرنے کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل کویت کے وزارتِ دفاع نے اپنے ایئر بیس پر ڈرونز حملوں اور اس کے نتیجے میں تین فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

  20. امریکہ کا اپنے حفاظی خول سے متعلق دعویٰ کمزوریوں سے بھرپور ہے : عراقچی

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز میں ’محفوظ‘ نقل و حرکت کے لیے اتحادیوں سے مدد لینے کے بیان پر تنقید دکرتے ہوئے پڑوسی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ جارح قوتوں کو نکال باہر کرنے میں مدد کریں۔

    سوشل میڈیا پوسٹ پر ایک بیان میں عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکہ کا حفاظی ڈھانچے سے متعلق دعویٰ دراصل کمزوریوں سے بھرا ثابت ہوا ہے۔

    انھو نے لکھا کہ اب امریکہ آبنائے ہرمز کو کھلوانے کے لیے دوسروں سے، حتیٰ کہ چین سے بھی مدد کی درخواست کر رہا ہے ۔

    ایران نے اپنے برادر پڑوسی ممالک سے اپیل بھی کی ہے کہ وہ غیر ملکی جارح قوت کو خطے سے باہر نکالنے میں مدد کریں کیونکہ ان کے تحفظات صرف اسرائیل سے ہیں۔

Trending Now