آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای نئے سپریم لیڈر منتخب: ایرانی سرکاری میڈیا

ایران میں سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے مجتبیٰ خامنہ ای کو اسلامی جمہوریہ ایران کے رہنما اور اپنے والد کے جانشین کے طور پر منتخب کرنے کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ ایران کی اعلیٰ ترین مذہبی و سیاسی اتھارٹی کے انتخابی عمل کے بعد سامنے آیا ہے،

خلاصہ

  • ایران کے سرکاری ٹی وی نے نئے رہبر اعلیٰ کے نام کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔
  • ایران اسرائیل امریکہ جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
  • امریکہ نے ایران کے ساتھ جنگ کے دوران اپنے ساتویں فوجی کی ہلاکت کا اعلان کر دیا ہے۔
  • متحدہ عرب امارات نے اتوار کے روز 16 بیلسٹک میزائل اور 113 ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
  • اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حملوں کی تازہ لہر میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا ہے۔
  • تہران میں تیل کے ڈپو کے پھٹنے سے تیزابی بارش کا خطرہ، یہ رجحان جلد کو کیمیکل جلنے اور پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے: ہلال احمر
  • ایران کو ’بہت زیادہ شدت سے نشانہ‘ بنایا جائے گا، فوج نئے اہداف پر غور کر رہی ہے: صدر ٹرمپ کا انتباہ

لائیو کوریج

  1. عالمی سلامتی کے لیے ادا کی جانے والی بہت چھوٹی قیمت ہے: ٹرمپ کا قیل کی قیمتوں پر رد عمل

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں تیز اضافے کا معاملہ خود ہی درست ہو جائے گا اور یہ عالمی سلامتی کے لیے ادا کی جانے والی بہت چھوٹی قیمت ہے۔

    واضح رہے کہ ایران اسرائیل امریکہ جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں اور خام تیل تقریباً 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹرتھ سوشل‘ پر لکھا کہ تیل کی قیمتیں وقتی طور پر بڑھی ہیں، جو ایران کے جوہری خطرے کے خاتمے کے بعد تیزی سے نیچے آ جائیں گی۔

    انھوں نے لکھا کہ ’یہ امریکہ اور دنیا کی سلامتی و امن کے لیے ادا کی جانے والی بہت چھوٹی قیمت ہے۔‘

    صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’صرف بیوقوفوں کی سوچ ہی اس سے مختلف ہو سکتی ہے۔‘

  2. بریکنگ, عالمی منڈی میں خام تیل کی فی بیرل قیمت 100 ڈالر سے بڑھ گئی

    ایران اسرائیل امریکہ جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

    یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب دنیا میں تیل اور گیس کی ترسیل کے سب سے اہم راستوں میں سے ایک آبنائے ہرمز امریکی اور اسرائیلی جنگ کے باعث ایران کے ساتھ سے بند ہے۔

    برینٹ خام تیل تقریباً 18 فیصد اضافے کے بعد 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت بھی تقریباً 20 فیصد بڑھ کر 108 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

    یہ اضافہ فروری 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سب سے زیادہ ہے، جب خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے کہیں اوپر چلی گئی تھی۔

  3. ’دھمکیوں‘ کے باوجود خامنہ ای کے جانشین کے انتخاب پر ایرانی سکیورٹی چیف کا مجلس رہبری کا شکریہ

    ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے مجلسِ خبرگان رہبری کا شکریہ ادا کیا ہے کہ اس نے آیت اللہ علی خامنہ ای کے جانشین کا انتخاب ’ٹرمپ کی بمباری کی دھمکی‘ کے باوجود مکمل کیا۔

    واضح رہے کہ مجلس رہبری نے جنگی حالات اور شدید دباؤ کے باوجود خامنہ ای کے جانشین کے انتخاب کا عمل مکمل کیا۔

    اس سے قبل امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکی، اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والے ایران کے رہبر اعلیٰ سید علی خامنہ ای کے جانشین کے طور اُن کے بیٹے، مجتبیٰ خامنہ ای کا انتخاب ’ناقابل قبول‘ ہو گا۔

    خبررساں اداروں روئٹرز اور ایکسیوس کو دیے گئے انٹرویوز میں امریکی صدر نے زور دیا تھا کہ ایران کے لیے نئے رہبر اعلیٰ کے انتخاب میں اُن (ٹرمپ) کا بھی کردار ہونا چاہیے، بالکل ویسے ہی جیسا کہ وینزویلا میں نئی قیادت کے انتخاب کے موقع پر ہوا۔

    ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق علی لاریجانی نے کہا ہے کہ تہران کے دشمنوں کا خیال تھا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی وفات کے بعد ملک ’ایک بند گلی‘ میں پھنس جائے گا، لیکن مجلسِ خبرگان نے بالآخر مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا رہبرِ اعلیٰ منتخب کر لیا۔

    یاد رہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد آیت اللہ علی خامنہ ای کی جگہ ایران کے نئے سپریم لیڈر منتخب ہوئے ہیں۔ آیت اللہ علی خامنہ ای تہران میں اپنے کمپاؤنڈ پر امریکی اور اسرائیلی افواج کے ابتدائی فضائی حملوں میں ہلاک ہو گئے تھے۔

  4. ایران کے رہبر اعلیٰ کا انتخاب کیسے ہوتا ہے؟

    ایران کے آئین میں رہبر اعلیٰ کا عہدہ سنہ 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد آیت اللہ خمینی کی قیادت میں تخلیق کیا گیا تھا۔ ملک میں 88 علما کا ایک ادارہ ہے جسے ’مجلسِ رہبری‘ کہا جاتا ہے اور رہبر اعلیٰ کا انتخاب یہی ادارہ کرتا ہے۔

    ہر آٹھ سال بعد ایران کے لاکھوں شہری اس ادارے کے اراکین کو منتخب کرتے ہیں۔ آخری بار ایسا سنہ 2016 میں ہوا تھا۔

    لیکن مجلسِ رہبری کے کسی امیدوار کو پہلے شوریٰ نگہبان نامی کمیٹی کی منظوری درکار ہوتی ہے۔ شوریٰ نگہبان کے اراکین کا انتخاب بالواسطہ یا بلاواسطہ رہبر اعلیٰ کرتے ہیں۔

    انتخاب کے بعد سپریم لیڈر تاحیات اس عہدے پر قائم رہ سکتا ہے۔

    ایران کے آئین کے مطابق سپریم لیڈر صرف ایک آیت اللہ بن سکتا ہے، جو اہل تشیع کا مذہبی رہنما ہوتا ہے۔ لیکن جب علی خامنہ ای کا انتخاب ہوا تھا تو وہ آیت اللہ نہیں تھے۔ قانون بدلے گئے تھے تاکہ وہ یہ عہدہ سنبھال سکیں۔

    لہذا نئے رہنما کے انتخاب کے لیے سیاسی ماحول کے حساب سے قوانین دوبارہ بدلے جا سکتے ہیں۔

  5. ایران کے نئے رہبر اعلیٰ کے نام کا اعلان اور ٹی وی اینکر کے ’اللہ اکبر‘ اور ’خامنہ ای رہبر‘ کے نعرے

    ایران کے نو منتخب رہبر اعلیٰ کے نام کے اعلان سے متعلق مجلسِ رہبری کا بیان سرکاری ٹی وی پر اینکر کی جانب سے پڑھ کر سنایا گیا۔

    اس بیان میں کہا گیا کہ ’شدید جنگی حالات اور اس عوامی ادارے کے خلاف دشمنوں کی براہِ راست دھمکیوں کے باوجود اور اس کے باوجود کہ سیکریٹریٹ کے دفاتر پر بمباری کے نتیجے میں عملے اور سکیورٹی ٹیم کے کئی ارکان شہید ہوئے۔‘

    ’اسلامی نظام کی قیادت کے انتخاب اور تعارف کے عمل میں ایک لمحے کی تاخیر بھی نہیں ہوئی۔‘

    بیان کے بعد ٹی وی اینکر نے نعرہ لگایا کہ ’اللہ اکبر، اللہ اکبر، خامنہ ای رہبر ہیں۔‘

  6. بریکنگ, مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے نئے سپریم لیڈر منتخب

    ایران کے نئے رہبر اعلیٰ کے نام کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کے نئے سپریم لیڈر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

    ایران میں سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے مجتبیٰ خامنہ ای کو اسلامی جمہوریہ کے رہنما اور اپنے والد کے جانشین کے طور پر منتخب کرنے کا اعلان کیا۔

    علی خامنہ ای کے قتل کے دن سے ہی ان کے انتخاب کے بارے میں قیاس آرائیاں عروج پر تھیں لیکن اس کا باضابطہ اعلان اب کیا گیا ہے۔

    یہ فیصلہ ایران کی اعلیٰ ترین مذہبی و سیاسی اتھارٹی کے انتخابی عمل کے بعد سامنے آیا ہے، جو ملک کی پالیسی اور آئندہ سمت کے تعین میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

    مجتبیٰ خامنہ ای کون ہیں؟

    علی خامنه ای کے بیٹے مجتبیٰ خامہ ای پُراسرار شخصیت کے حامل ہیں۔ وہ مشہد میں پیدا ہوئے اور اپنے والد کی طرح ایک عالم ہیں۔ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کے قدامت پسند حلقوں میں کافی طاقتور سمجھتے جاتے ہیں

    وہ سنہ 2009 میں متنازع صدارتی انتخاب اور اس سے قبل مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران متحرک نظر آئے تھے۔

    خیال رہے کہ انھوں نے مظاہرین کے خلاف اقدامات میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔

  7. بریکنگ, ایران کے ساتھ جنگ، امریکی محکمہ دفاع نے اپنے ساتویں فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی

    امریکہ نے ایران کے ساتھ جنگ کے دوران اپنے ساتویں فوجی کی ہلاکت کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ میں ان کا ساتواں امریکی فوجی اہلکارہلاک ہو گیا ہے۔

    محکمہ دفاع نے مزید کہا کہ فوجی کی شناخت اس کے اہلِ خانہ کو اطلاع دیے جانے کے 24 گھنٹے بعد ظاہر کی جائے گی۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایک بیان میں کہا کہ ’گزشتہ شب ایک امریکی فوجی ان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جو زخم اسے مشرقِ وسطیٰ میں ایرانی حکومت کے ابتدائی حملوں کے دوران لگے تھے۔‘

    بیان کے مطابق ’یہ امریکی فوجی یکم مارچ کو سعودی عرب میں امریکی فوجیوں پر حملے کے دوران شدید زخمی ہوا تھا۔‘

  8. اسرائیلی فوج کا پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حملوں کی تازہ لہر میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا ہے۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق یہ مرکز ایران کی فضائی کارروائیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ’اہم کمانڈ اینڈ کنٹرول‘ کا کردار ادا کرتا تھا۔

    اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ یہ ہیڈکوارٹر اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک پر میزائل حملوں کی منصوبہ بندی میں مرکزی حیثیت رکھتا تھا۔

  9. لبنان کی جنوبی شہر صیدا میں واقع فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں فضائی حملے کی اطلاعات

    لبنانی میڈیا نے جنوبی شہر صیدا میں واقع فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں ایک فضائی حملے کی خبر دی ہے۔

    لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (این این اے) نے بتایا کہ ان کے نمائندے کے مطابق دو مزید حملے آج دوپہر کیمپ کے قریب کیے گئے۔

    یاد رہے کہ اتوار کی شام لبنان کے وزیرِ صحت راکان نصرالدین نے بتایا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 394 سے زائد ہو گئی ہے۔

    اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں انھوں نے بتایا تھا کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں مرنے والوں میں 83 بچے اور 42 خواتین شامل ہیں۔ وزیرِ صحت کے مطابق نو ریسکیو ورکرز بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    یہ تعداد ایک دن میں نمایاں طور پر بڑھی ہے کیونکہ گزشتہ روز ہلاکتوں کی تعداد 294 بتائی گئی تھی۔

    تازہ حملوں کے حوالے سے لبنان کے روزنامہ ’اورینٹ ٹوڈے‘ نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ دو اسرائیلی میزائل مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے کیمپ کے شمالی داخلی دروازے کے باہر گرے۔

    اخبار نے ایک ایمرجنسی اہلکار کا حوالہ دے کر بتایا ہے کہ ’متعدد عام شہری اور لبنانی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔‘

    یاد رہے کہ عین الحلوہ لبنان کا سب سے بڑا فلسطینی پناہ گزین کیمپ ہے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق 2023 میں یہاں تقریباً 65,000 فلسطینی مقیم تھے۔

  10. لبنان میں حملوں کے سبب بے گھر ہونے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے بڑھ گئی: وزیر سماجی امور لبنان

    لبنان میں وزیرِ سماجی امور حنین سید نے کہا ہے کہ ملک میں بے گھر افراد کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

    یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان میں شدید فضائی بمباری جاری ہے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ وہ حزب اللہ کے ’دہشت گرد ڈھانچے‘ کو نشانہ بنانا رہا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق صرف گزشتہ روز ہی ملک میں 100 سے زائد فضائی حملے کیے گئے۔

    ایک تازہ بیان میں انھوں نے بتایا کہ اب تک پانچ لاکھ 17 ہزار افراد کو رجسٹر کیا جا چکا ہے جن میں سے ایک لاکھ سے زیادہ افراد پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔

    حنین سید نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم ان تمام افراد سے اپیل کرتے ہیں جو ابھی تک رجسٹر نہیں ہوئے وہ خود کو فوری رجسٹریشن کروائیں، چاہے وہ پناہ گاہوں میں ہوں یا باہر مقیم ہوں۔

  11. ایران پر گزشتہ ہفتے تقریباً 3,400 فضائی حملے کیے گئے: اسرائیلی فوج کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر امریکی تعاون سے کیے جانے والے حملوں میں ایک ہفتے کے دوران ’تقریباً 3,400 فضائی حملے‘ کیے جا چکے ہیں۔

    فوجی ترجمان ایفی ڈیفرن کے دعوے کے مطابق ان حملوں میں ایران کے 150 سے زائد دفاعی نظام ناکارہ بنا دیے گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 7,500 ہتھیار ایران پر گرائے گئے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیل نے اب ’آپریشن کے اگلے مرحلے میں داخل ہو کر ایرانی حکومت کی اہم پیداواری تنصیبات کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔‘

    لبنان کے حوالے سے اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج بیروت کے ضاحیہ علاقے میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جہاں ’حزب اللہ کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے بنائے گئے ہیڈ کوارٹرز تباہ کیے جا رہے ہیں۔‘

  12. توانائی بچت کے حتمی لائحہ عمل کا اعلان سوموار کو، سرکاری ملازمین اور وزرا کو کفایت شعاری کرنا ہو گی: شہباز شریف

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر حالیہ کشیدگی کی وجہ سے ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے کفایت شعاری اور بچت کے حتمی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کل کیا جائے گا۔

    ایران، امریکہ اسرائیل جنگ اور خطے میں حالیہ کشیدگی کی وجہ سے ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے حوالے سے شہباز شریف کی زیر صدارت آج اہم اجلاس ہوا۔

    وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں ڈیزل، پیٹرول اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت نے پیشگی انتظامات کر رکھے ہیں۔

    اجلاس میں توانائی کے استعمال میں دانشمندانہ انتظام اور ایندھن کے محتاط استعمال کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کفایت شعاری اور بچت کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کل کیا جائے گا تاہم کفایت شعاری، سادگی اور بچت کے حوالے سے ہدایات صنعت اور زرعی شعبے پر لاگو نہیں ہوں گی تاکہ ملکی پیداوار، برآمدات اور غذائی تحفظ متاثر نہ ہو۔

    اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پاکستان کی معیشت، بالخصوص توانائی کی فراہمی اور عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جس کے پیش نظر حکومت پیشگی اقدامات کر رہی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر ملکی معاشی استحکام کے لیے بروقت اقدامات کا نفاذ ضروری ہے۔

    وزیراعظم نے واضح کیا کہ تمام سرکاری ملازمین اور وزرا کو سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرنی ہوگی۔

    اعلامیے کے مطابق وزارتِ آئی ٹی سرکاری وسائل کی بچت اور توانائی کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے طلب اور رسد کی مستقل نگرانی کے نظام کی سہولت فراہم کرے گی تاکہ متعلقہ ادارے بروقت فیصلے کر سکیں

    وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ مشکل وقت میں قومی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنانا ضروری ہے اور جیسے ہی یہ مشکل مرحلہ گزرے گا اور معیشت مزید مستحکم ہوگی، حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے گی۔

  13. سعودی عرب کے علاقے الخرج میں ’بارودی مواد‘ گِرنے سے دو افراد ہلاک، 12 زخمی: محکمہ شہری دفاع

    سعودی عرب کے محکمہ برائے شہری دفاع کا کہنا ہے کہ الخرج میں رہائشی علاقے میں ’بارودی مواد‘ گرنے سے دو افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے ہیں۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے مختصر بیان میں سعودی محکمہ شہری دفاع نے یہ نہیں بتایا کہ یہ بارودی مواد کس نوعیت کا تھا یا کسی طرف سے فائر کیا گیا تھا۔

  14. تیل کے ڈپووں پر اسرائیلی حملوں کے بعد زہریلی ہوا ’لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے‘: ایرانی وزارتِ خارجہ

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ تیل کے ڈپووں پر اسرائیلی حملے کے باعث ’فضا میں خطرناک مواد اور زہریلے مادے پھیل رہے ہیں،‘ جو ’بڑے پیمانے پر جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔‘

    گذشتہ رات اسرائیل نے ایران میں کئی آئل ریفائنریوں کو نشانہ بنایا تھا۔

    نشانہ بنائے جانے والے تیل کے ڈپووں میں سے ایک دارالحکومت تہران کے شمال مغرب میں واقع شاہران آئل ڈپو تھا۔ حملے کے بعد لی گئی کچھ تازہ ترین تصاویر آپ دیکھ سکتے ہیں۔

  15. اسرائیل کا ایران پر ’وسیع پیمانے پر حملوں‘ کا نیا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے تہران اور ایران کے دیگر حصوں میں اہداف پر ’وسیع پیمانے پر حملوں‘ کا نیا سلسلہ شروع کیا ہے۔

    اس سے قبل اسرائیلی فوج نے تہران میں پاسدارانِ انقلاب کی خلائی فورس کے ہیڈ کوارٹر کے ساتھ ساتھ گولہ بارود کے 50 بنکروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

  16. ’تمام آپشنز زیرِ غور ہیں‘: امریکی فوج ایران بھیجنے کے سوال پر صدر ٹرمپ کا جواب

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی افزودہ یورینیم کے ذخائر پر قبضہ کرنے کے لیے امریکی فوج بھیجنے کے امکان کو رد نہیں کر رہے۔

    افزودہ یورینیم نہ صرف نیوکلیئر ری ایکٹر میں بطور ایندھن بلکہ جوہری ہتھیار بنانے کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔

    امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تمام آپشنز زیرِ غور ہیں، سب کچھ۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ کو ’ہم سے منظوری لینی پڑے گی۔‘

    صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا جو بھی آیت اللہ علی خامنہ ای کی جگہ لے گا وہ ’زیادہ دیر تک نہیں رہے گا۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہمیں ہر 10 سال بعد واپس نہ جانا پڑے، جب آپ کے پاس مجھ جیسا صدر نہیں ہو، ایسے نہیں چلے گا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ پرانی ایرانی حکومت سے تعلق رکھنے والے کسی شخص کو منظور کرنے کے لیے تیار ہیں۔

  17. کویت پر اب تک 234 میزائلوں اور 422 ڈرونز سے حملہ کیا جا چکا ہے: کویتی وزارتِ خارجہ

    کویت کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تنازع کے آغاز سے اب تک ان کے ملک کو 234 میزائلوں اور 422 ڈرونز سے نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

    کویتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس جارحیت سے متعدد شہری اور رہائشی متاثر ہوئے ہیں‘ جن میں ایک نوجوان لڑکی، کویتی مسلح افواج کے دو ارکان، اور دو سرحدی محافظ شامل ہیں۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایک سرکاری ٹاور اور بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آگ لگنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    تاہم حکام کے مطابق، دونوں جگہوں پر لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

  18. امریکی فوج کا ایرانیوں کو گھروں سے نہ نکلنے کا مشورہ: ’ایرانی حکومت گنجان آبادی والے علاقوں سے فوجی کارروائیاں کر رہی ہے‘

    امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایرانیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ’اپنے گھر میں ہی رہیں‘۔

    سینٹ کام کا دعویٰ ہے کہ ایرانی حکومت گنجان آبادی والے شہری علاقوں سے فوجی کارروائیاں کر رہی ہے۔

    سینٹ کام نے ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ایران نے ’دزفول، اصفہان اور شیراز جیسے شہروں میں شہریوں سے گھرے ہوئے بھیڑ بھاڑ والے علاقوں کو ڈرون اور بیلسٹک میزائل داغنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کا یہ رویہ عام شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتا ہے ’کیونکہ فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے مقامات اپنی محفوظ حیثیت کھو دیتے ہیں‘ اور یہ جائز اہداف سمجھے جا سکتے ہیں۔

    سینٹ کام کے کمانڈر ایڈم بریڈ کوپر کا کہنا ہے کہ ’ایران کی دہشت گرد حکومت‘ شہریوں کی جانوں کی پرواہ کیے بغیر خلیجی ممالک پر حملہ کر رہی ہے اور دوسری جانب اپنے ہی لوگوں کی حفاظت پر سمجھوتہ کر رہی ہے۔

    28 فروری کو حملے کے بعد سے ایران بھی امریکہ پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا الزام لگاتا آیا ہے۔

    بی بی سی ویریفائی نے ایک ہسپتال، کھیلوں کے مراکز، یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ دیے جگہ اور دو سکولوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تصدیق کی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق، ان میں سے ایک سکول پر حملے میں 168 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے بیشتر بچے تھے۔

  19. ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کے بعد اسرائیلی شہر تل ابیب سے دھواں اٹھنے کے مناظر

    اسرائیل کے شہر تل ابیب سے موصول ہونے والی تازہ ترین تصاویر میں شہر کے اوپر آسمان پر دھواں اور بخارات کے نشانات دکھائی دے رہے ہیں جبکہ شہر کے ایک حصے سے دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

    یہ تصاویر اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری اس رپورٹ کے بعد سامنے آئی ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ ایران سے اسرائیل کی طرف میزائل داغے گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ’دفاعی نظام خطرے کو روکنے کے لیے متحرک ہیں۔‘

    اسرائیلی طبی ایمرجنسی سروسز نے ایک علیحدہ اپ ڈیٹ میں کہا ہے کہ وہ شارپنل لگنے سے زخمی ہونے والے تین افراد کا علاج کر رہے ہیں۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ زخمی ملک کے کس حصے میں ہیں۔

    اس سے قبل اسرائیل کی وزارتِ صحت نے بتایا تھا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک تقریباً دو ہزار زخمیوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔

Trending Now