کوہاٹ دھماکہ: چار افراد ہلاک، آٹھ زخمی

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
صوبہ سرحد کے ضلع کوہاٹ میں ایک بم دھماکے میں چار افراد ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو کوہاٹ سول ہسپتال منتقل کردیا ہے جن میں زیادہ تر کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
پولیس اہلکار احمد خان نے بی بی سی کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات سے معلوم ہوا ہے کہ کسی نامعلوم شخص نے تیرہ اڈہ کے ایک کمرے میں کچھ سامان رکھا اور وہ خود باہر نکل گیا جس کے تھوڑی دیر بعد کمرے میں ایک زودار دھماکہ ہوا۔
دھماکے سے کمرہ مکمل طوپر تباہ ہوگیا ہے اور قریبی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔جبکہ دھماکے کی جگہ پر ایک گہرا گڑھا بن گیا ہے۔
یادرہے کہ کوہاٹ نیم قبائلی علاقے درہ آدم خیل اور اورکزئی ایجنسی کے سرحد پر واقع ہے جہاں پہلے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے ہوچکے ہیں۔جس میں سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ بڑی تعداد میں عام شہری بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔















