بینظیر قتل:اقوامِ متحدہ جلد اعلان کرے گا

بینظیر بھٹو کا پوسٹر
،تصویر کا کیپشنبینظیر بھٹو کو ایک ریلی کے دوران ہلاک کر دیا گیا تھا
    • مصنف, حسن مجتبیٰ
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیو یارک

اقوم متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے قتل کی اقوام متحدہ کی طرف سے تحقیقات کے آغاز کا رسمی طور پر اعلان کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستانی حکومت سے ان کی مشاورت آخری مرحلے میں ہے۔

یہ بات سیکرٹری جنرل بانکی مون نے جمعرات کی دوپہر نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں اپنی ماہانہ پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں بتائي۔

سیکرٹری جنرل بانکی مون نے کہا کہ وہ حال ہی میں بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کیلیے یو این کمیشن کے تیسرے رکن کی بھی تقرری کرچکے ہیں۔ یاد رہے کہ آئرلینڈ کے سابق پولس افسر پیٹر فٹزجیرالڈ کی سیکرٹری جنرل بانکی مون اقوام متحدہ کے طرف سے بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کیلیے کمیشن کے تیسرے رکن کے طور پر تقرری گذشتہ ہفتے کر چکے ہیں۔ جبکہ اقوم متحدہ میں چلی کے مستقل مندوب ہیرالڈو منزو کی سربراہی میں بینظر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کیلیے یو این کے مجوزہ کمیشن کے دوسرے رکن انڈونیشیا کے سابق اٹارنی جنرل مارزکی دارعثمان ہیں۔

سیکرٹری جنرل بانکی مون نے اپنی ماہانہ پریس کانفرنس میں ایک بار پھر حال ہی میں پشاور کے ہوٹل پرل کانٹینینٹل میں ہونیوالے بم دھماکے پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حملے میں ہلاک ہونیوالے اقوام متحدہ کے تین اور پاکستان کے دو اہلکاروں سمیت کئی پاکستانیوں کی ہلاکت پر ان کے خاندان والوں سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کہ وہ اہم امدادی ممالک کو پاکستان میں اندرونی نقل مکانی سے متاثر ہونیوالوں کی بھرپور امداد کرنے کے لیے متحرک کر رہے ہیں لیکن اب تک اقوام متحدہ کی طرف سے پاکستان کو درکار چون کروڑ ڈالر کی مطلوبہ امدادی رقم کا فقط چوتھائی حصہ حاصل ہوسکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عالمی برادری نے اقوام متحدہ کی اپیل کی جلد تکمیل نہ کی تو پھر اندرونی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی خوراک کا بڑا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے اور عالمی اداروں کے پاس فقط دو ماہ سے بھی کم مدت تک کیلیے دوائياں و دیگرطبی وسائل موجود ہیں۔

سیکرٹری جنرل بانکی مون نے ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی حکومت کی مدد کرنے کیلیے بلا کسی تامل کے آگے بڑھے۔

اقوام عالم کے سربراہ نے اندرونی طور پر نقل مکانی کرنے والے تیس لاکھ افراد کی دیکھ بھال کرنے پر پاکستانی حکومت کی زبردست تعریف کی۔