تیمرگرہ:خودکش حملے میں بارہ افراد ہلاک

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پولیس کا کہنا ہے کہ لوئر دیر کے صدر مقام تیمرگرہ میں پولیس لائن کے قریب ایک خودکش بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں بارہ افراد ہلاک اور پینتیس زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جمعہ کو ایک بجے کر تیس منٹ پر لوئر دیر کے صدر مقام تیمرگرہ میں اس وقت ایک خودکش حملہ آور نے دھماکہ کیا جب وہ پولیس لائن میں واقع مسجد کے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خودکش دھماکے میں بارہ افراد ہلاک جبکہ پینتیس سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو تیمرگرہ سول ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے جہاں بعض کی حالت خطرناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس اہلکار نیک بہادر نے بی بی سی کو بتایا کہ زخمیوں میں دو ڈی ایس پی شاہ وزیر اور شیر حُسین شامل ہیں جن میں شاہ وزیر شدید زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔
ہسپتال میں ڈاکٹر اعمال خان نے بی بی سی کو بتایا کہ ہسپتال میں بارہ لاشیں اور پینتیس زخمیوں کو لائے گئے ہیں اور ہلاک ہونے والوں میں ایک پانچ سالہ بچہ بھی شامل ہیں۔
ایک پولیس اہلکار حبیب خان نے بی بی سی کو بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور پولیس لائن سے ملنے والے تمام راستوں کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔ اہلکار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کے لیے پولیس گاڑیاں اور ایمبولینس بھی پہنچ گئی ہیں۔
یاد رہے کہ پانچ جون دو ہزار نو کو دیر بالا میں ایک مسجد میں خودکش حملے کے نتیجے میں کم سے کم چالیس افراد ہلاک اور ایک سو پچھتر کے قریب زخمی ہوئے تھے۔

















