باجوڑ میں دھماکہ، پانچ ہلاک

ایک مسافر گاڑی ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کی زد میں آئی
،تصویر کا کیپشنایک مسافر گاڑی ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کی زد میں آئی
    • مصنف, عبدالحئی کاکڑ
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی کی تحصیل سالارزئی میں ایک مسافر گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

باجوڑ ایجنسی کی پولیٹکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جمعہ کو سالارزئی کے علاقے ماندل خوڑ میں پیش آیا۔ ایک مسافر گاڑی ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔

ماندل خوڑ باجوڑ ایجنسی کے صدر مقام خار کے قریب واقع ہے۔

یاد رہے کہ باجوڑ ایجنسی میں سکولوں کو بھی نشانہ بنایا جا تا رہا ہے اور اب تک باجوڑ میں تباہ کیے جانے والے تعلیمی ادادروں کی تعداد پچپن سے تجاوز کر گئی ہے۔ صوبہ سرحد اور قبائلی علاقوں میں سب سے زیادہ سکول سوات اور بعد میں باجوڑ میں تباہ کیے گئے ہیں۔ خیبر ایجنسی میں بھی گزشتہ کچھ عرصے میں سکولوں کی تباہی کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

واضح رہے کہ تقریباً دو ماہ قبل باجوڑ ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے طالبان کے خلاف دوبارہ کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ حالیہ کارروائیوں کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شدت پسندوں کے زیر قبضہ علاقوں پر کنٹرول حاصل کرکے وہاں سے انھیں نکال دیا ہے۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ آپریشن کی وجہ سے تحصیل سالارزئی سے بھی عسکریت پسندوں کو نکال دیا گیا ہے اور وہاں سکیورٹی فورسز کو تعینات کرکے حکومت کی عمل داری بحال کردی گئی ہے۔