دیر:خودکش حملے میں دس اہلکار زخمی

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع لوئر دیر میں حکام کے مطابق پولیس کی ایک گاڑی پر خودکُش حملے میں دس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشندھماکے میں گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے

پولیس اہلکار عزیزالرحمٰن نے بی بی سی کو بتایا ’سنیچر کی صُبح لوئر دیر کے صدر مقام تیمرگرہ میں بائی پاس پر ایک خود کُش حملہ آور نے پولیس کی گاڑی سے اپنی گاڑی اُس وقت ٹکرادی جب پولیس قیدیوں کو لینے کے لیے سنٹرل جیل جا رہی تھی۔‘

انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سوار دس پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جن کو سول ہسپتال تیمرگرہ منتقل کردیاگیا ہے۔ زخمیوں میں دو کی حالت خطرناک بتائی جاتی ہے۔

پشاور سے ہمارے نامہ نگار دلاور خان وزیر کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

پولیس اہلکار کے مطابق دھماکے کی جگہ سے پولیس کی گاڑی کے علاوہ ایک دوسری گاڑی کا انجن اور تباہ شدہ ملبہ ملا ہے جس کی پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔

اہلکار کے مطابق پولیس نے شہر اور مضافات میں مشکوک لوگوں کی تلاش شروع کی ہے لیکن تاحال کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

یادرہے کہ پانچ اپریل کو تیمرگرہ کے ریسٹ ہاؤس میں اُس وقت ایک خودکش دھماکہ ہوا تھا جب عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن صوبے کے نام کی تبدیلی کی خوشی میں جش منا رہے تھے۔اس دھماکے کے نتیجے میں تینتالیس افراد ہلاک اور اکاسی زخمی ہوگئے تھے۔