’پاکستان کو انیس کروڑ ڈالر دے دیے‘

امریکہ کے وسائل اور مینیجمنٹ کے نائب وزیر تھامس نائیڈز نے کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کو متاثرینِ سیلاب کی بحالی کی مد میں انیس کروڑ ڈالر کی امداد دے دی ہے جس کا گذشتہ سال وعدہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اس رقم سے براہِ راست دس لاکھ خاندانوں کی مدد کی جائے گی جبکہ گذشتہ سال سیلاب سے متاثر ہونے والے ضرورت مند خواتین، بچوں اور مردوں کو بھی ٹھوس مدد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے مکان تعمیر کر سکیں۔
ہمارے نامہ نگار حفیظ چاچڑ نے بتایا کہ پاکستان اور امریکہ نے تجارت اور اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جس میں توانائی کے شعبے کو خاص ترجیح دی جائے گی۔
تھامس نائیڈز نے پیر کو امورِ خارجہ کی وزیر مملکت حنا ربانی کھر سے ملاقات کی اور بعد میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ ان مذاکرات میں پاکستان کی اقتصادی اور تجارتی صورتحال پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
امریکی نائب وزیر نے مذاکرات کے بعد حنا ربانی کھر کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات اس خطے کے امن کے لیے انتہائی اہم ہیں اور یہ امریکہ کی قومی سلامتی کے لیے بھی ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے اور گزشتہ کچھ عرصے کے دوران اس سلسلے میں مثبت کوششیں کی گئی ہیں۔
ان کے مطابق بجٹ میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کے باوجود امریکی انتظامیہ نے پاکستان کو معاشی مدد فراہم کرنے کی کوشش کی ہے اور توانائی کی کمی کو پورا کرنے لیے گزشتہ اٹھارہ ماہ کے دوران دو ارب ڈالر سے زیادہ کی امداد بھی فراہم کی جا چکی ہے۔
تھامس نائیڈز نے کہا ’ہم مشترکہ مفادات کی نشاندہی کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں اور پاکستان کو ہماری مسلسل معاشی امداد اس بات کا ثبوت ہے۔ ہم آپ کی حکومت کے ساتھ تربیلا ڈیم کی مرمت اور اس کی توسیع پر کام کا کر رہے ہیں تاکہ پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان عوامی رابطے اور ایکسچینج پروگرام پر تیزی سے کام ہو رہا ہے اور ان کے بقول یہ دنیا کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پاکستانی مصنوعات کی امریکی مارکیٹ تک رسائی کے لیے کہا ہے اور امید ہے کہ پاکستان کی وزیر مملکت حنا ربانی کھر جلد امریکہ کا دورہ کریں گی جس میں اس معاملے پر مزید بات چیت ہوگی۔

اس موقع پر حنا ربانی کھر نے صحافیوں کو بتایا کہ ایبٹ آباد واقعہ کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی میں کمی آئی ہے اور یہ مذاکرات مثبت انداز میں ہوئے جس میں امید کی جا رہی ہے کہ پاکستان میں توانائی کے بحران کے حل میں مدد ملے گی۔
امریکی نائب وزیر تھامس نائیڈز نے وزیراعظم یوسف رضاگیلانی، وزیرِ خزانہ حفیظ شیخ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔





















