سپریم کورٹ کی سائٹ ہیک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، بدین
نامعلوم افراد نے سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کو ہیک کرلیا ہے اس کے علاوہ وہاں پر ایک پیغام بھی چھوڑا ہے جس میں چیف جسٹس سے کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ قابل اعتراض مواد دیکھانے والی ویب سائٹس سے متعلق از خود نوٹس لینے کے مطالبہ کیا ہے۔ ہیکرز نے سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر بعض قابل اعتراض پیغامات بھی چھوڑے ہیں۔
گُزشتہ برس بھی سپریم کورٹ کی ویب سائٹ ہیک کر لی گئی تھی جس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے یعنی ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرکے کارروائی کی تھی۔
سپریم کورٹ کے ایک اہلکار کے مطابق ہیکرز نےسپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر پیغام چھوڑا ہے کہ متعلقہ حکومتی ادارے قابل اعتراض مواد دیکھانے والی ویب سائٹس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہے ہیں اور سپریم کورٹ کو ایسی ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔
ہیکرز نے اپنے پیغام میں چیف جسٹس سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کا بھی نوٹس لیں کہ لوگوں کو ایک وقت کی روٹی بھی دستیاب نہیں ہے۔
سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار قاضی ساجد نے بی بی سی کو بتایا کہ اس ادارے کی ویب سائٹ ہیک ہونے سے متعلق ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے ایف آئی کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اس سے قبل گُزشتہ برس تیس ستمبر کو بھی اس ادارے کی ویب سائٹ کو ہیک کیاگیا تھا اور ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرکے صوبہ خیبر پختون خوا کے شہر کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کوگرفتار کیا تھا۔ بعدازاں سپریم کورٹ نے ہی ان افراد کی ضمانت منظور کی تھی۔
اُدھر ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کے اہلکاروں نے ابتدائی طور پر اُنہی افراد سے تفتیش شروع کردی ہے جنہیں پہلے درج ہونے والے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
















