لاہور: کم شدت کے دو دھماکے

لاہور میں ایک مصروف بازار ہال روڈ پر ایک پلازہ کے قریب کم شدت کے دو دھماکے ہوئے ہیں جن میں کم سے کم پانچ لوگ زخمی ہوئے۔
یہ واقعہ سنیچر کی شام شہر میں الیکڑونکس کی سب سے بڑی مارکیٹ ہال روڈ پر زیتون پلازہ میں ہوا جہاں سی ڈیز کا کاروبار ہوتا ہے۔ ہال روڈ لاہور کی معروف شاہراہ دی مال سے ملحقہ ہے۔
لاہور سے بی بی سی کے نامہ نگار عباد الحق کے مطابق ہال روڈ کے ایک تاجر مظہر امین بٹ نے بتایا کہ دھماکوں سے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ دھماکے زیتون پلازہ اور رفیع پلازہ کے قریب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں مختلف مواقع پر تاجروں کو ای ایم ایس کے ذریعے پیغام دیا جاتا رہا ہے کہ وہ سی ڈیوں کا کاروبار بند کر دیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں ایسا کوئی پیغام نہیں ملا تھا۔
ڈی سی او لاہور سجاد بھٹہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ہال روڈ پر جو دھماکے ہوئے ہیں ان کی نوعیت کریکز جیسی تھی اور ان دھماکوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشن ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ دھماکے کرنے کے لیے دیسی نوعیت کی ٹائم ڈیوائس استعمال کی گئی ہے۔ ان کے بقول ان دھماکوں کی نوعیت ایک ماہ پہلے لاہور کے علاقے ٹبی ہونے والے دھماکوں جیسی ہے ۔ان کے بقول ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ دھماکے کرنے والوں کا ایک ہی گروہ سے تعلق ہے یا یہ الگ الگ گروہ ہیں تاہم اس واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں گئی ہیں۔
لاہور میں اس سے پہلے بھی ایسے مقامات پر کم شدت کے دھماکے ہو چکے ہیں جہاں ثقافتی سرگرمیاں جاری تھیں۔ شہر میں مال روڈ پر الفلاح تھیٹر کے باہر دھماکےہو چکے ہیں اور اس کے علاوہ لبرٹی مارکیٹ کے قریب قذافی سٹیّڈیم میں الحمراء کلچرل سنٹر میں بھی ایسا واقعہ پیش آ چکا ہے۔

















