جانداروں کی ناپیدگی، نشاندہی گوگل سے

محققین کا کہنا ہے کہ گوگل کی جانب سے ویب صفحات کی درجہ بندی کے نظام کو استعمال کرتے ہوئے جانداروں کی ان اقسام کا پتہ چلایا جا سکتا ہے جن کا وجود ایکو سسٹم کی بقاء کے لیے ناگزیر ہے۔
کمپیوٹیشنل بائیولوج نامی جریدے میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہا گیا ہے کہ ’پیج رینک‘ تکنیک کا استعمال ’فوڈ ویب‘ پر تحقیق کے لیے کیا جا سکتا ہے۔
فوڈ ویب وہ پیچیدہ نیٹ ورک ہیں جن کے تحت اس بات کا تعین کیا جاتا ہے کہ ایکو سسٹم میں کون سا جاندار کسے کھا جاتا ہے۔
محققین کے مطابق دنیا میں جانداروں کی ہر قسم دوسری قسم سے ایک پیچیدہ نظام کے تحت منسلک ہے اور یہی وجہ ہے کہ کسی ایک قسم کے ناپید ہونے سے اس سے بظاہر کوئی تعلق نہ رکھنے والی اقسام بھی ختم ہو سکتی ہیں اور سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ جاننا کہ کوئی جاندار کب ناپید ہو جائے گا بہت مشکل عمل ہے۔
محققین کے مطابق گوگل کے اس الوگردھم نظام کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اس کا حیاتیاتی ورژن تیار کیا جا سکتا ہے جس کے لیے بنیادی نظام میں چند چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں کرنا ہوں گی۔اس مضمون کے شریک مصنف ڈاکٹر سٹیفانو ایلیسینا کے مطابق انہیں گوگل کے اس نظام کو حیاتیات کے شعبے میں استعمال کرنے کا خیال اس وقت آیا جب انہوں نے گوگل الوگردھم کے بارے میں ایک مقالہ پڑھا۔
ڈاکٹر سٹیفانو نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ سب سے پہلے تو ہمیں الوگردھم کی تعریف کو الٹ کرنا ہوگا۔ پیج رینک میں ایک ویب پیج اس لیے اہم ہوتا ہے کیونکہ دیگر اہم صفحات اس کی نشاندہی کرتے ہیں۔مگر ہمارے ہاں ایک نوع اس لیے اہم ہو گی کہ وہ دیگر انواع کی نشاندہی کرے‘۔
اس نظام کو قابلِ استعمال بنانے کے لیے سائنسدانوں کوفوڈ ویب نظام میں ایک ’سائکلیکل‘ عنصر بھی شامل کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر سٹیفانو کے مطابق انہوں نے اس لیے ایک ’پول‘ تشکیل دیا ہے اور جب کوئی جاندار مر جائے گا تو اسے اس پول میں شامل کر دیا جائے گا اور پھر وہ پودوں کی خوراک بن کر دوبارہ فوڈ ویب میں شامل ہو جائے گا۔
ڈاکٹر سٹیفانو کے مطابق انہوں نے اپنے ساتھی سائنسدانوں کی مدد سے پیج رینک نظام کو موجودہ فوڈ ویبز پر لاگو کر کے دیکھا ہے اور اس کی مدد سے ان انواع کی درجہ بندی کی ہے جن کے ختم ہونے سے ایکو سسٹم کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ .انہوں نے کمپیوٹیشنل بائیولوجی میں رائج دیگر الوگردھم کی مدد سے بھی اس مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کی جس سے انہیں پتہ چلا کہ پیج رینک اور دیگر پیچیدہ الوگردھم کے نتائج ایک تھے۔.
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















