تعلیم یافتہ بیوی لمبی عمر کی ضامن

تعلیم یافتہ خاتون اپنے خاندان کی صحت سے متعلق ضروریات سے بخوبی آگاہ ہوتی ہے
،تصویر کا کیپشنتعلیم یافتہ خاتون اپنے خاندان کی صحت سے متعلق ضروریات سے بخوبی آگاہ ہوتی ہے

سویڈن میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق اعلٰی تعلیم یافتہ خواتین اپنی اور اپنے شریک حیات کی درازئ عمر میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

جرنل آف ایپ ڈیمی اولوجی اینڈ کمیونٹی ہیلتھ سروس کی اس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کی تعلیم یافتہ خواتین اپنی اور اپنے خاوند کی زندگی پر مثبت طریقے سے اثر انداز ہوتی ہیں جو کہ ان کی لمبی عمر کی ضامن ہوتی ہے۔

ایسے مرد جن کی بیویاں کم تعلیم یافتہ ہوتی ہیں ان میں اعلٰی تعلیم یافتہ عورتوں سے شادی کرنے والے مردوں کی نسبت جلد مرنے کے چانسز پچیس فی صد زیادہ ہوتے ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ تعلیم یافتہ خاتون اپنے خاندان کی صحت سے متعلق ضروریات سے بخوبی آگاہ ہوتی ہے اور اس سے جلد نمٹنے کی کوششں کرتی ہے۔

محققین نے مزید کہا ہے کہ مرد کی آمدنی اور سماجی رتبہ ان کی شریک حیات کی عمر میں اضافہ کرتی ہے۔محققین نے سویڈن کی سنہ انیس سو نوے کی مردم شماری اور اس کے بعد سنہ دو ہزار تین تک رجسٹرڈ ہونے والی اموات کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جن میں کینسر اور دل کی بیماریاں بھی شامل تھیں۔

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کسی بھی مرد کی اچھی صحت اور لمبی عمر کے لیے اپنی تعلیم سے زیادہ اس کی بیوی کی تعلیم کی اہمیت ہے۔ کیونکہ ایک اعلٰی تعلیم یافتہ بیوی زیادہ ذمہ داری سے اپنے شوہر کی غذا اور صحت سے متعلق دیگر امور کا خیال رکھتی ہے۔

برطانیہ کے فیکلٹی آف پبلک ہیلتھ کے پروفیسر ایلن ڈیوس کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ تعلیم، طرز زندگی، اور صحت ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ’اس لیے اگر ہم واقعی چاہتے ہیں کہ قوم کی صحت اچھی ہو تو ہمیں ہر سطح پر معیاری تعلیم پر سرمایہ کرنی ہوگی۔‘