گوگل:موسیقی کا’ون باکس‘

گوگل موسیقی
،تصویر کا کیپشن’گوگل استعمال کرنے والے لوگوں کے لیے موسیقی بہت اہم ہے‘

گوگل نے انٹرنیٹ پر موسیقی فروخت اور تلاش کرنے کے لیے ’ون باکس‘ کے نام سے سروس شروع کر دی ہے۔ گوگل کی یہ سروس صرف امریکہ میں میسر ہے۔

’ون باکس‘ موسیقی کی ویب سائٹوں ’لالا‘ اور مائی سپیس کی ویب سائٹ ’آئی لائیک‘ کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔

تحقیق کا کام کرنے والی فرم ’فاریسٹر‘ کے تجزیہ کار مارک ملیگان نے کہا کہ ’ون باکس‘ انٹرنیٹ پر موسیقی کے غیر قانونی تبادلوں کا مؤثر متبادل ثابت ہو سکتی ہے۔

گوگل کے ’ون باکس‘ پر موسیقی تلاش کرنے پر ’لالا‘ اور ’آئی لائیک‘ کے وِجٹ کی مدد سے پورا گانا بھی سنا جا سکے گا۔

گوگل کا کہنا ہے کہ ان کے سر چ انجن پر ہر روز لاکھوں لوگ موسیقی یا اس کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق ’میوزک‘ اور ’لِرکس‘ کا شمار تلاش کے خانے میں داخل کی جانے والی معروف ترین دس اصطلاحوں میں ہوتا ہے۔

اس وقت انٹرنیٹ پر موسیقی کے کاروبار میں ایپل کمپنی چھائی ہوئی ہے اور عالمی سطح پر موسیقی کے کاروبار کا ستر فیصد حصہ اس کے پاس ہے۔

یورپ میں ’سپوٹی فائی‘(Spotify) جیسی کمپنیاں مقبول ہو رہی ہیں۔ سن دو ہزار آٹھ میں مفت موسیقی کی فراہمی کے لیے شروع کی جانے والی اس کمپنی کو اس وقت برطانیہ میں بیس لاکھ لوگ استعمال کرتے ہیں جبکہ یورپ بھر میں ساٹھ لاکھ سے زیادہ لوگ اسے استعمال کرتے ہیں۔