’گوگل امریکی حکومت کا آلۂ کار ہے‘
چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے گوگل پر امریکی حکومت کے آلۂ کار ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
چین کے سرکاری خبر رساں ادارے زنہوا میں شائع ہونے والے ایک اداریے میں کہا گیا ہے کہ گوگل کمپنی چین کی ثقافت اور اقدار میں سرائیت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
یہ الزام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گوگل یہ اعلان کرنے کی تیاری کر رہا ہے کہ آیا وہ سنسر شپ کی وجہ سے چینی مارکیٹ سے علیحدہ ہونے کی دھمکی پر عملدرآمد کرے گا یا نہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ انٹرنیٹ صارفین چین میں ہیں اور اگر گوگل وہاں سے نکلنے کا فیصلہ کر لیتا ہے تو اس سے گوگل کی عالمی حیثیت متاثر ہو سکتی ہے۔
خیال رہے کہ انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کی سائٹ کے ہیکنگ اور سنسر شپ معاملے پر چین اور امریکہ کے درمیان کشیدگی اور بیان بازی کا سلسلہ کچھ عرصےسے جاری ہے۔
رواں برس جنوری میں چینی وزارت خارجہ کی طرف سے ایک بیان میں خبردار کیا گيا تھا کہ امریکہ نے گوگل کی حمایت کے لیے جو موقف اختیار کر رکھا ہے اس سے دونوں ملکوں کے رشتوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔



