فیس بک ’لائٹ‘ کا خاتمہ

فیس بک
،تصویر کا کیپشندنیا بھر میں فیس بک کے صارفین کی تعداد 250 ملین ہے

دنیا کی سب سے بڑی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک نے کم رفتار والے انٹرنیٹ کنکشن کے حامل صارفین کے لیے فیس بک کے ورژن ’فیس بک لائٹ‘ کو بند کر دیا ہے۔

فیس بک لائٹ کا اجراء قریبًا سات ماہ قبل کیا گیا تھا۔

اس ورژن کے خاتمے کا اعلان فیس بک کی ویب سائٹ پر ایک نوٹ میں کیا گیا جس میں ویب سائٹ نے ان افراد کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے یہ ورژن استعمال کیا۔

فیس بک کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے’ ویب سائٹ کے اس کم سہولیات والے ورژن کے تجربے سے بہت کچھ سیکھا ہے‘۔

یہ نیا ورژن ترقی پذیر ممالک کے ان صارفین کے لیے بنایا گیا تھا جہاں بینڈ وڈتھ کے مسائل کی وجہ سے فیس بک کا موجودہ ورژن صحیح کام نہیں کرتا۔ تاہم ابتدائی طور پر یہ ورژن امریکی اور بھارتی صارفین کو دستیاب تھا۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ کہ اس کے دو سو پچاس ملین صارفین میں سے ستّر فیصد امریکہ سے باہر ہیں۔

فیس بک لائٹ میں صارفین کو اپنی وال پر لکھنے، تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے اور دیگر افراد کے پروفائل دیکھنے کی سہولت حاصل تھی تاہم اس میں کوئی اپیلیکیشن باکسز نہیں تھے۔تاہم مبصرین کا کہنا تھا کہ یہ نئی فیس بک ٹوئٹر کے لیے کڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ ٹوئٹر کی کامیابی کی بڑی وجہ اس کا سادہ اور آسان ہونا ہے۔.

اس ورژن کے ختم کیے جانے پر گارٹنر ریسرچ کے رے والڈز کا کہنا ہے کہ ’ لائٹ ورژن میں فیس بک کے بہت سے تجربات موجود نہیں تھے یا پھر ممکنہ طور پر فیس بک نے اپنی ویب سائٹ کا کارکردگی بہتر بنائی ہے اور اب یہ بہتر طریقے سے کام کرتی ہے‘۔