نوکیا اور ایپل کی قانونی جنگ جاری
دنیا میں موبائل فون بنانے والی سب سے بڑی کمپنی نوکیا نے ایک مرتبہ پھر ایپل کے خلاف جملہ حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے شکایت درج کروائی ہے۔
نوکیا کا کہنا ہے کہ آئی پیڈ تھری جی اور آئی فون میں استعمال کیے جانے والی پانچ چیزوں کے استعمال کے جملہ حقوق نوکیا کے پاس ہیں۔
نوکیا کے مطابق آواز واضح کرنے، ڈیٹا کی ترسیل اور انٹینا میں جدت لانے جیسی چیزوں کے ایپل کی مصنوعات میں استعمال سے اس کے حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔
.نوکیا اور ایپل کے درمیانی قانونی جنگ کافی عرصے سے جاری ہے اور یہ مقدمہ اس میں ایک نیا موڑ سمجھا جا رہا ہے۔
نوکیا کے پیٹنٹ لائسنسنگ کے جنرل مینیجر پال میلن کا کہنا ہے کہ ’ ہم نے قدم نوکیا کی جدّت اور ان اقدامات کے بچاؤ کے لیے اٹھایا ہے جن کے ہم موجد ہیں‘۔
ایک بیان میں نوکیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو عشروں کے دوران کمپنی نے تحقیق کے شعبے میں اکیاون ارب ڈالر خرچ کیے ہیں اور اس دوران گیارہ ہزار پیٹنٹ حاصل کیے گئے ہیں۔
گزشتہ برس بھی نوکیا نے ایپل کے خلاف ایسی ہی ایک شکایت درج کروائی تھی جس کے جواب میں ایپل نے بھی قانونی درخواست دائر کر دی تھی جس میں نوکیا کے خلاف ایپل کی پیٹنٹ آلات کے استعمال کی شکایت کی گئی تھی۔
نامہ نگاروں کے مطابق پیٹنٹ کے معاملات پر تنازعات ٹیکنالوجی کی صنعت میں عام ہیں اور عموماً ان کا نتیجہ لائسنسنگ معاہدے کی صورت میں نکلتا ہے۔

















