’گندم کے عالمی بحران کا خطرہ‘
سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ گندم کی فصل میں لگنے والی پھپھوندی کی ایک قسم کی وجہ سےگندم کی عالمی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔
روس میں منعقدہ ایک کانفرنس میں شریک سائنسدانوں نے کہا ہے کہ یو جی 99 نامی یہ وائرس گندم کی مکمل فصل کو تباہ کر سکتا ہے اور چونکہ یہ ہوا کی مدد سے پھیلتا ہے اس لیے اس پر قابو پانا انتہائی مشکل ہے۔
پھپوندی کی یہ قسم پہلی بار دس برس قبل مشرقی افریقہ میں سامنے آئی تھی اور اس کی وجہ سے کینیا میں کئی سال تک گندل کی اسّی فیصد فصل تباہ ہوتی رہی ہے۔
سائنسدانوں نے گندم کو روایتی پھپوندی سے بچانے کے لیے اس کی کئی نئی اقسام دریافت کی ہیں لیکن یو جی 99 وائرس ان تمام اقسام کو بھی تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
خیال رہے کہ گندم دنیا بھر میں خوراک کے اہم ترین ذرائع میں سے ایک ہے اور عالمی آبادی روزانہ بیس فیصد کیلوریز گندم یا اس سے بنی اشیاء کی صورت میں کھاتی ہے۔

















