فوکس بھی گوگل ٹی وی کے خلاف

امریکی ٹی وی نیٹ ورک فوکس ٹی وی نے بھی دوسرے چینلز کی طرح گوگل ٹی وی پر اپنے پروگرام نشر کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
اس سے قبل سی بی سی ، اے بی سی اور این بی سی نے ایک نئے پلیٹ فارم سے اپنے اپنے پورے پروگرام نشر کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
ان تمام ٹی وی چینلوں کو اس بات کی تشویش ہے کہ ٹی وی اشتہاروں کے مقابلے آن لائن ایڈورٹائزنگ زیادہ منافع بخش نہیں ہے۔
فوکس ٹی وی کے اس فیصلے سے گوگل کو اپنے اس مقصد میں بڑا جھٹکا لگے گا۔گوگل ٹی وی اکتوبر کے آخر میں شروع کیا گیا تھا۔گوگل ٹی وی سونی ٹی وی پر دستیاب ہے اور اس کے علاوہ اسے ایک ٹاپ باکس کو ٹی وی پر لگا کر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
گوگل ٹی وی کے پروڈکٹ مینیجر رشی چندرا کا کہنا ہے کہ ایسے بہت سے چینل ہیں جو گوگل ٹی وی پر اپنے پروگرام کی نشر یات نہیں روک رہے۔
مسٹر چندرا نے ان اندیشوں کو بھی دور کرنے کی کوشش کی کہ گوگل ٹی وی امریکہ میں کیبل ٹی وی کی صنعت کو ختم کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ویب پر موجود تمام چیزیں کروم براؤزر کے ذریعے ہی دستیاب ہوں اور یہ فیصلہ پروگرام مہیا کرانے والوں کا ہی ہوگا کہ وہ لوگوں کو کیا دینا چاہتے ہیں۔

















