بن مانس: 66 مختلف اشاروں سے رابطے

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جنگلی بن مانس ایک دوسرے سے رابطے کے لیے کم سے کم 66 مخصوص اشارے استعمال کرتے ہیں۔
سکاٹ لینڈ کی سینٹ اینڈریوز یونیورسٹی کے محققین نے ان جانوروں کی ایک ٹیم کی فلم بنائی ہے جس سے ان مختلف اشاروں کی نشاندہی ہو سکی ہے۔
سائنسدانوں کی ٹیم نے بن مانس کے آپس میں رابطوں کی ایک سو بیس گھنٹے کی فوٹیج کا معائنہ کیا ہے۔
اس سے پہلے کی تحقیق میں بن مانس کے درمیان صرف 30 اشاروں کی نشاندہی ہو سکی تھی۔
محققین کی ٹیم کی ڈاکٹر کیتھرین ہوبئٹر کہتی ہیں کہ اس سے پہلے یہ سارے اشارے شاید اس لیے نہ دیکھے گئے ہوں کیونکہ ماضی میں جن بن مانس کا جائزہ لیا گیا وہ حراست میں تھے جنگل میں نہیں اور حراست میں رابطوں کی ضروریات محدود ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایا ’مثال کے طور پر حراست میں آپ ان کو بندروں کے شکار یا بن مانس کے دوسرے گروہوں کا سامنا کرنے والی صورتحال میں نہیں دیکھ سکتے۔‘
ڈاکٹر ہوبئٹر نے یوگینڈا کے بودونگو کونزرویشن سٹیشن میں بن مانس کا 266 دن تک جائزہ لیا۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ ان جانوروں کی فوٹیج کو غور سے دیکھ کر ہر مخصوص اشارے کی نشان دہی کی۔
ڈاکٹر ہوبئٹر کے مطابق بن مانس کے کئی اشاروں کی معانی انسانوں کے استعمال شدہ اشاروں کے مطلب سے ملتے تھے۔ سائنسدانوں نے ان شاروں اور ان کے ممکنہ معنی کے جائزے سے یہ بھی دکھایا ہے کہ اسی طرح کے اشارے بندر اور گوریلے بھی استعمال کرتے ہیں۔


















