امریکہ، سی آئی اے کی ویب سائٹ پر حملہ

للزسیکورٹی نامی ایک ہیکرگروپ نے امریکہ کی انٹلیجینس ایجنسی سی آئی آئي کی عوامی ویب سائٹ کو ہیک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
سی آئي اے ڈاٹ جی او وی ویب سائٹ پر مبینہ ہیکنگ کا یہ واقعہ اسی روز پیش آيا جس روز گروپ نے اپنے مداحوں کے لیے ایک خاص فون لائن قائم کی جس پر وہ بتا سکتے تھے کہ کس ویب سائٹ کو نشانہ بنایا جائے۔
للز سکیورٹی نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر لکھا ہے ’ٹینگو ڈاؤن – سی آئی اے ڈاٹ جی او وی – للز کے لیے۔‘
بدھ کے روز سی آئي اے کی ویب سائٹ کئی بار اچانک غائب ہوجاتی تھی لیکن ہیکنگ کے دعوے کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو پائی تھی۔
یہ واضح نہیں تھا کہ ویب سائٹ للز سکیورٹی کی کوششوں کے سبب دستیاب نہیں ہوتی تھی یا لوگوں کے بہت زیادہ انٹرنیٹ کے استعمال کے سبب ایسا تھا۔
حالیہ مہینوں میں للز سکیورٹی نے سونی، نائن ٹینڈو، بعض دیگر امریکی سائٹوں اور امریکی سینیٹ کی عوامی سائٹ پر حملے کرکے کافی مشہور ہوئی ہے۔
سی آئی اے کی ویب سائٹ پر حملے سے متعلق خبر آنے کے بعد ایجنسی کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس کو بتایا کہ ادارہ اس بارے میں دیکھ بھال کر رہا ہے۔
للز سکیورٹی نے ہاٹ لائن فون کے متعلق اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اشتہار دیا ہے۔ اس پر امریکی نمبر سے فون کرنے پر فرانسیسی لہجہ میں ایک ریکاڈ شدہ جواب ملتا ہے اور اپنا نام پیئریڑ ڈوبیئس بتاتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فون کا ایئریا کوڈ 614 اوہائیو کا ہے لیکن حقیقت میں اس کا راز کچھ اور ہی ہے۔ اس گروپ کے متعلق ابھی زیادہ کچھ پتہ نہیں اور بس یہی معلوم ہے کہ وہ ہیکنگ میں ملوث ہے۔
جن تنظیموں اور کمپنیوں کو وہ نشانہ بناتی ہے ان کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ انہوں نے شہریوں یا صارفین کے مفاد کے خلاف کام کیا ہے۔
گروپ نے جب سونی پکچر ڈاٹ کام پر حملہ کیا تو اس نے کہا کہ سونی صارفین کے ڈیٹا کو تحفظ کرنے کی اہل نہیں ہے۔
لیکن اپنی ان حرکتوں سے للز سکیورٹی نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک خطرناک قسم کا ہیکنگ گروپ ہے۔





















