’آئی پی ایل انڈیا میں ہی ہوگا‘

آئی پی ایل کے سربراہ للت مودی نےغیر ملکی کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے بارے میں تشویش کے باوجود کہا ہے کہ ٹورنامنٹ انڈیا میں ہی ہوگا۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ وہ سکیورٹی خدشات کے بارے میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں درج سفارشات پر عملدرآمد کی صورت میں ہی مقابلوں میں شریک ہوں گے۔
للت مودی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مقابلے انڈیا میں ہی ہوں گے اور وہ نہیں سمجھتے کہ اس وقت انہیں کیوں کہیں اور منتقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا ہر گروپ کی طرف سے دھمکی کے بعد کہنا شروع کر دیتا ہے کہ سکیورٹی مسئلہ ہے۔ مودی کی یقین دہانی کے باوجود آسٹریلیا کے کھلاڑی سکیورٹی کے بارے میں اپنے کچھ مطالبات پیش کرنے جا رہے ہیں۔
آسٹریلوی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ پال مارش کے مطابق برطانیہ کے سکیورٹی کے ایک ماہر ریگ ڈِکسن نے اپنی رپورٹ میں آئی پی ایل میں سکیورٹی کے بارے میں اہم نکات اٹھائے ہیں۔
گزشتہ بدھ کو ایشین ٹائمز آن لائن نے بریگیڈ تین سو تیرہ نامی ایک تنظیم سے منسوب ایک بیان نشر کیا جس میں آئی پی ایل، ہاکی کے عالمی کپ اور دوسلت مشترکہ کے کھیلوں کے دوران حملوں کی دھمکی دی گئی تھی۔
اس سے پہلے ہندو تنظیم شیو سینا بھی آئی پی ایل میں شرکت کرنے والے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو دھمکی دے چکی ہے۔
مودی نے کہا کہ سکیورٹی کے بہترین انتظامات کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ’دنیا کے کسی بھی ٹورنامنٹ میں سکیورٹی کی مکمل ضمانت نہیں دی جا سکتی۔‘
















