خوست: دھماکے میں سات ہلاک

مشرقی افغانستان کے صوبہ خوست میں ایک بم دھماکے میں ایک وین میں سوار سات افردا ہلاک ہو گئے ہیں۔ ا س دھماکے میں کم سے کم نو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
افغان وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب گاڑی سڑک پر نصب دھماکہ خیز مواد سے ٹکرا گئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ مواد ’افغان عوام کے دشمنوں نے نصب کیا تھا۔‘
ترجمان نے بتایا کہ اس واقعے میں ایک خاتون سمیت سات شہری ہلاک ہوئے ہیں اور نو زخمی ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق دھماکہ خوست شہر سے تقریباً بیس کلومیٹر کے فاصلہ پر ہوا۔
مقامی پولیس کے مطابق یہ گاڑی ایک ایسی سڑک پر جا رہی تھی جسے افغان اور امریکی افواج بھی استعمال کرتے ہیں۔ پولیس نے اس واقعے کا ذمہ دار طالبان کو ٹھہرایا ہے۔
گزشتہ چند ماہ میں خوست میں کئی خود کش حملے ہوئے ہیں جن کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی ہے۔



